Inquilab Logo

گیارہویں جماعت کے داخلے کی ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے طلبہ پریشان

Updated: August 18, 2021, 8:14 AM IST | Mumbai

ایف وائی جے سی (گیارہویں جماعت ) میں داخلے کیلئےمنگل سے پارٹ۔ ۲؍ فارم پُرکرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔

The students faced difficulties due to the closure of the website.Picture:Inquilab
ویب سائٹ بند ہو جانے کے سبب طلبہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تصویر انقلاب

:ایف وائی جے سی (گیارہویں جماعت ) میں داخلے کیلئےمنگل سے پارٹ۔ ۲؍ فارم پُرکرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔ منگل کی صبح متعلقہ ویب سائٹ معمول کے مطابق کام کررہی تھی لیکن دوپہرکوپہلے مرحلے میں کالج کا انتخاب کرنےکےبعد دوسرے مرحلے کی کارروائی کیلئے ویب سائٹ کسی طرح کا رسپانس نہیں دے رہی تھی۔ دوپہر۳؍بجے سے ویب سائٹ نے مکمل طورپرکام کرنا بند کردیا جس سے ہزاروں طلبہ ، اساتذہ اور والدین پریشان ہوئے۔ایک گھنٹہ بعد ویب سائٹ نے دوبارہ کام کرناشروع کیا۔
 واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ایس ایس سی رزلٹ اور سی ای ٹی فارم پُر کرنے کیلئے محکمہ  تعلیم نے جو ویب سائٹ جاری کئے تھے ان میںآنےوالی تکنیکی دشواریوں سے طلبہ ،والدین اور اساتذہ کو پریشانیوںکا سامنا کرناپڑا۔ بعدازیں تکنیکی ماہرین کی مدد سے ان ویب سائٹ کودرست کیا گیا تھا۔ابھی ان ویب سائٹ کی پریشانی سے نجات ملی تھی کہ منگل کو ایف وائی جے سی داخلے کی ویب سائٹ میں مسئلہ پیداہونے سے ایک مرتبہ پھر طلبہ ،سرپرست اور اساتذہ ذہنی دبائومیں مبتلا ہو گئے تھے۔ منگل کی دوپہر ۳؍بجے سے متعلقہ ویب سائٹ پوری طرح بندتھی۔ طلبہ ، والدین اوراساتذہ گھنٹوں کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ وغیرہ کی اسکرین کے سامنے بیٹھ کر ویب سائٹ کے فعال ہونے کا انتظارکرتے رہے۔
 ناگپاڑہ پر واقع سیم کمپیوٹر کے مالک اشفاق انصاری نے بتایاکہ ’’ ہمارے یہاں منگل کی صبح ساڑھے ۱۰؍بجے پارٹ ۲؍فارم پُر کرنے کی ویب سائٹ کا آغازہوا۔ ویب سائٹ معمول کے مطابق کام کررہی تھی اور ایک گھنٹے میں تقریباً ۱۰؍ فارم پُرکرنےکےبعد ویب سائٹ کی رفتار کم ہونے لگی اور پھر کم ہی ہوتی گئی ۔اس دوران میں نے ۲۵؍تا ۳۰؍فارم پُرکئے تھے۔ ہمارے یہاں تیز ترین انٹرنیٹ سروس لگائی گئی ہے ۔ اگر ویب سائٹ معمول کےمطابق جاری رہتی تو اتنے وقت میں ڈیڑھ تا۲۰۰؍فارم آسانی سے پُرکئے جا سکتے تھے مگر ویب سائٹ کی رفتار  سست ہونے سے صرف ۲۵؍تا۳۰؍فارم ہی پُرکئے جاسکے۔ در اصل ایک ساتھ لاکھوں طلبہ کے متعلقہ ویب سائٹ استعمال کرنے سے یہ مسئلہ پیداہوتاہے۔ ‘‘
 مدنی ہائی اسکول کے معلم عامر انصاری کے مطابق ’’منگل کو صبح کےاوقات  مذکورہ ویب سائٹ کسی حدتک فعال تھی۔ بعدازیں ویب سائٹ کی رفتار سست ہونے لگی۔پہلے مرحلے میں کالج کا انتخاب کرنےکےبعد دوسرے مرحلے کی کارروائی کیلئے ویب سائٹ کسی طرح کا رسپانس نہیں دے رہی تھی۔ دوپہر ۳؍بجے سے ویب سائٹ نے مکمل طورپرکام کرنا بند کردیا جس کی وجہ سےطلبہ پارٹ ۲؍کا فارم پُرنہیں کرسکے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK