Inquilab Logo

دوبارہ امتحان سےمتعلق اعلان نہ ہونے سے طلبہ پریشان

Updated: August 08, 2020, 10:53 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مارچ ۲۰۲۰ءمیں ہونےوالے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی بورڈ امتحان میں فیل ہونےوالے طلبہ کےدوبارہ امتحان کےبارےمیں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کوئی اعلان نہیں کررہاہے جس سے طلبہ پریشان ہیں کہ تاخیر ہونے سے ان کا ایک سال خراب ہوسکتاہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے کی جانب سے فروری اور مارچ ۲۰۲۰ءمیں منعقد ہونےوالے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحان میں فیل ہونے والے طلبہ کے دوبارہ امتحان منعقد کئے جانے سے متعلق ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کسی طرح کی ہدایت جاری نہ کئے جانے سے طلبہ اور والدین تذبذب میں مبتلاہیں ۔اسی طرح نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ بھی تذبذ ب کا شکارتھے ۔لیکن ان دونوں جماعتوں میں فیل ہونے والے طلبہ کیلئے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ہدایت جاری کرکے ان کی پریشانی دور کردی ہے ۔ کووڈ ۱۹؍ کی وجہ سے ان جماعت میں فیل ہونےوالے طلبہ کا ۷؍ اگست تک زبانی یا اسکول میں تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ امتحان منعقدکرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تعلیمی تنظیمیں اسی نہج پر دسویں اور بارہویں جماعت میں فیل ہونے والےطلبہ کیلئے بھی جلد از جلدہدایت جاری کرنےکا مطالبہ کر رہی ہیں کیونکہ گیارہویں جماعت اور ڈگری کالج کے پہلے سال کے داخلے شروع ہوگئے ہیں ۔ اگر ان دونوں جماعتوں میں فیل ہونے والے طلبہ کے بارے میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے جلد کوئی فیصلہ نہیں کیاتوان کاسال خراب ہوسکتاہے۔
 واضح رہےکہ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی میں فیل ہونے والے طلبہ کے دوبارہ امتحان کے بارےمیں ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیاگیاہے جس کسی وجہ سے طلبہ اوروالدین میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ فیل ہونےوالے طلبہ کا کہناہےکہ گیارہویں اور ڈگری کالج میں داخلے کی کارروائی کا آغاز ہوگیاہے مگرہمارے امتحان کے بارے میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیاہے۔ ایسےمیں اگر ہمارا امتحان وقت پر نہیں ہوتاہےتو دوبا رہ منعقد ہونےوالے امتحان میں پاس ہونےکےباوجود ہمارا ایک سال خراب ہوسکتاہے ۔ لہٰذا حکومت اس جانب توجہ دے تاکہ ہمارا سال خراب ہونے سے بچ سکے۔
 تعلیمی تنظیم اکھل بھارتیہ اردوشکشک سنگھ نے ریاستی محکمۂ تعلیم سے اپیل کی ہے کہ جس طرح نویں اور گیارہویں جماعت میں فیل ہونے والے طلبہ کو زبانی امتحان دینے کاموقع دیاگیا ہے اسی طرح دسویں اور بارہویں جماعت میں فیل ہونے والےطلبہ کا زبانی امتحان یا ان کی سالانہ کارکردگی کو دیکھ کر جس طالب علم کی کارکردگی عمدہ ہے ،انہیں پاس کردیاجائے ۔واضح رہے کہ امسال۱۰؍ویں کے ۷۳؍ہزار ۹۹۸؍ اور ۱۲؍ ویں کےایک لاکھ ۳۱؍ ہزار ۹۷۵؍ طلبہ فیل ہوئے ہیں ۔ اگر جلد دوبارہ امتحان کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیاگیاتو ان کا ایک سال خراب ہوسکتاہے۔ اس لئے حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اس بارےمیں جلد ازجلد اعلان کرے تاکہ بچوں کا ایک سال خراب ہونے سے بچ جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK