Inquilab Logo

سیاست میں ایسی پیشکش ہوتی رہتی ہے، اسے مذاق میں لینا چاہئے: نتن گڈکری

Updated: March 19, 2024, 11:41 PM IST | Agency | Mumbai

ادھو ٹھاکرے کی پیشکش، وزیراعظم سے اختلاف اور پہلی فہرست میں نام نہ ہونے کے تعلق سے مرکزی وزیر کی وضاحت ، کہا’بی جے پی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘

Nitin Gadkari. Photo: INN
نتن گڈکری ۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر نتن گڈکری کے نام پر گزشتہ کچھ دنوں تک مہاراشٹر میں سیاسی ماحول گرم تھا۔ بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست میں ان کا نام شامل نہیں کیا تھا  جس پر شیوسینا(ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے انہیں پیش کش کی تھی کہ اگر بی جے پی میں آپ کی توہین کی جا رہی ہے تو آپ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل ہو جائیں۔  اب جبکہ نتن گڈکری کو لوک سبھا الیکشن کا ٹکٹ دیدیا ہے، مرکزی وزیر نے پہلی بار میڈیا کے سامنے آکر  وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اختلافات، ادھو ٹھاکرے کی پیش کش اور بی جے پی کی پہلی فہرست میں ان کا نام شامل نہ ہونے کے تعلق سے کھل کر بات کی۔ 
ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو  کے دوران  گڈکری سے بطور خاص ادھو ٹھاکرے کی پیش کش کے تعلق سے سوال کیا گیا۔ اس پر انہوں نے کہا  ’’ سیاست میں لوگ مختلف قسم کی پیش کش کرتے رہتے ہیں۔ یہ سب چلتا رہے گا۔ ہمیں انہیں مذاق میں لینا چاہئے۔   میں بی جے پی کے تئیں پابند عہد ہوں، اس لئےمیرا کسی اور پارٹی میں جانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔  لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ہم ( اور ادھو ٹھاکرے) آپس میں دشمن ہیں۔ ہمارے نظریات میں اختلاف ہے۔‘‘ گڈکری نے مذاقاً کہا ’’انہوں (ادھو) نے اب تک ناگپور سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ممکن ہے کہ ان کا ارادہ یہ ہو کہ میں بلا مقابلہ الیکشن جیت جائوں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ آگے کسی امیدوار کا اعلان کریں۔‘‘
 بی جے پی کے سینئر لیڈر نے پارٹی چھوڑنے کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر کہا ’’ میں بی جے پی کا کارکن ہوں، سنگھ کا سوئم سیوک ہوں، لہٰذا میری پارٹی، میرا نظریہ، اور میری تنظیم میرے لئے سب سے اوپر ہے۔اس لئے پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ البتہ انہوں نے میرے ساتھ جو ظاہر کی ہے اس کیلئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘    البتہ انہوں نے کہا ’’ لیکن یہ یاد رہے کہ میں ایسی کوئی بھی کوشش کبھی نہیں کروں گا۔ اپنے نظریات کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کروںگا۔‘‘ 
 وزیراعظم نریندر مودی سے اختلافات کے پس منظر میں پوچھے گئے سوال پر نتن گڈکری نے وضاحت کی کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اس طرح کی بے بنیاد باتیں اڑائی جا رہی ہیں۔ مختلف قسم کے ویڈیو نکال کر انہیں وائرل کروایا جا رہا ہے ۔ ان میں بتایا جاتا ہے کہ ہم (گڈکری اور وزیراعظم)ایک ہی پروگرام میں تھے مگر ہم نے آپس میںبات نہیں کی، وزیراعظم کی تقریر میں سب نے بنچیں بجائیں لیکن نتن گڈکری خاموش بیٹھے رہے، وغیرہ۔‘‘ گڈکری کے مطابق ’’کوئی ایک شخص یہ ویڈیو شیئر کرتا ہے پھر دیگر لوگ اسے وائرل کرتے ہیں۔  میری یہ عادت ہے کہ میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔ میں ان باتوں پر توجہ نہیں دیتا۔ کوئی پوچھے بھی تو جواب نہیں دیتا۔ میں ممبئی بہت کم آتا ہوں۔ اس لئے یہ غلط فہمیاں بڑھتی جاتی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ لوگوں میں مودی کے خلاف بولنے کی ہمت نہیں ہے اسلئے لوگ میرے بیانات کا غلط مطلب نکال کر اسے وائرل کرتے ہیں۔  میں اتنا ہی کہنا چاہتا ہوں پارٹی کا دیا ہوا ہر کام میں ایمانداری کے ساتھ پورا کرتا ہوں۔ لہٰذا میرے اور وزیراعظم کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔‘‘
 بی جے پی کی پہلی فہرست میں نام شامل نہ ہونے کے تعلق سے نتن گڈکری نے کہا ’’ہمارے یہاں پارلیمانی کمیٹی مہاراشٹر کے پارٹی عہدیداروں سے بات کرتی ہے ، اس کے بعد امیدواروں کے نام کا اعلان کیا جاتا ہے۔  پارلیمانی کمیٹی نے پہلی فہرست کیلئے اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور گجرات کے عہدیداروں سے پہلے بات کی لہٰذا وہاں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوا۔ ‘‘ آگے وہ کہتے ہیں’’ چونکہ مہاراشٹر میں دیگر پارٹیاں بھی ہمارے ساتھ ہیں جن سے بات چیت کا سلسلہ جاری تھا۔ اس لئے یہاں کے تعلق سے فیصلہ کرنے میں دیر لگی۔ اس کے بعد امیدواروں کی فہر ست جاری کی گئی۔ اسی وجہ سے میرا نام دوسری فہرست میں نظر آیا۔ ‘‘   یاد رہے کہ نتن گڈکری کو ان کی روایتی سیٹ  ناگپور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK