Inquilab Logo

شہرومضافات میں اچانک گرج چمک کے ساتھ تیزبارش

Updated: September 08, 2022, 9:21 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہریو ںکو شدیدگرمی سے راحت ،تیزہواؤں سے درخت گرنے کے واقعات، محکمۂ موسمیات نے جمعہ سے اتوار تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی

Vehicles are seen stuck in traffic in Dadar during heavy rains.
تیزبارش کے دوران دادر میں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی نظر آرہی ہیں۔

گزشتہ چند کئی دنوں سے شدید گرمی  سے لوگ بے حال تھے لیکن بدھ کی شام اچانک شہرومضافات میں  گرج چمک کے ساتھ تیزبارش ہوئی جس سے شہریوں کو راحت ملی۔اس دوران  تیز ہوائیں چلنے سے متعدد مقامات پر شاخیں اور درخت گرنے کے  واقعات ہوئے جبکہ ٹریفک کا مسئلہ بھی ہوا۔کئی جگہوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمۂ سمیات نےاگلے ۴؍دن کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے اور  متعدد مقامات پر موسلادھار بارش   کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
’’جمعہ سے اتوارتک تیز بارش ہوگی‘‘
 اچانک بارش کی وجہ دریافت کرنے پر ممبئی کے محکمۂ موسمیات کی افسر سشما نائر نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’گزشتہ چند دنوں سے شدید گرمی تھی اور آج سرد ہوا بھی چلنے لگی ۔ گرم اور سرد ہواؤں کے ملنے سے برساتی بادل بنے اور اسی لئے گرج چمک کے ساتھ بارش شروع  ہوئی۔ اس ماحول کو سائنسی اصطلاح میں ’ تھنڈر شاور‘  کہتے ہیں۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’ اگلے ۲؍ دن تک اسی طرح کا ماحول رہے گا۔ اس کے علاوہ خلیج بنگال میں  ہوا کا کم دباؤ بن رہا ہے اور جیسے جیسے یہ پریشر بنتا ہے اسی مناسبت سے جمعہ  سےاتوارتک  متعدد مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔  تیز بارش کا امکان لو پریشر بننے کی رفتار اور سمت پر ہے۔ اگر جلدی پریشر بنتا ہے تو دیئے گئے وقت سے پہلے بھی بارش ہو سکتی ہے۔‘‘
ممبئی میں کہا ں کتنی بارش ہوئی
 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کےڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ سے حاصل کی گئی اطلاعلات کے مطابق ممبئی میں شام ۵؍تا ۶؍بجے  محض ایک گھنٹے میں شہر میں :سی وارڈ آفس(چندن واڑی)   میں ۱۸؍ ملی میٹر، بی ایم سی کے صدر دفتر اور ملبار ہل میں ۱۷؍ ملی میٹر،  مشرقی مضافات میں : ملنڈ فائر اسٹیشن پر ۲۸؍ ملی میٹر ، ایس وارڈ آفس (بھانڈوپ) میں ۲۷؍ ملی میٹر ، وکھرولی فائر اسٹیشن پر ۲۶؍ ملی میٹر اور گون پاڑہ میں ۲۲؍ ملی میٹر بارش ہوئی ۔  اسی طرح مغربی مضافات میں اندھیری مشرق (کے ایسٹ وارڈ آفس) میں ۱۱؍ ملی میٹر اور مرول فائر اسٹیشن پر ۹؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے ۔
 محکمۂ موسمیات کے مطابق   بارش کے دوران ۳۰؍ تا ۴۰؍ کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں ممبئی، تھانے ، رائے گڑھ، پونے ، رتناگیری ، سندھو  درگ اور ستارا میں چلیں۔  رتنا گیری اور رائے گڑھ میں جمعہ سے اتوار تک کیلئے اورینج الرٹ بھی جاری کیاگیاہے۔
تھانے میںایک گھنٹے میں ۳۲؍ ملی میٹر بارش 
 تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے مطابق تھانے میں محض ایک گھنٹے ہی بارش ہوئی اورساڑھے ۴؍سے  ساڑھے ۵؍بجے  کے درمیان ۳۲ء۵۱؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ اچانک تیز بارش ہونے سے کئی جگہوں پر پانی جمع ہوگیا۔
  تناور درخت اور شاخیں گرنے کے واقعات 
 تیز ہوائیں کے ساتھ بارش ہونےسے تھانے میں چند مقامات پر درخت اور شاخیں گرنے کے واقعات بھی ہوئے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے مطابق ایک درخت تھانے کے ساورکر نگر علاقے میں گرا ۔  اسی طرح دیوا میں ماروتی مہاترے چال کے قریب  ایک درخت ٹورینٹ پاور کے اوور ہیڈ وائر پر گر پڑا۔اس حادثہ کے بعد  احتیاطاً  علاقے کی بجلی منقطع کر دی گئی ۔ ان حادثات  میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی ٹیم جائےحادثہ پر پہنچی اور راحتی کام شروع کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK