Inquilab Logo

کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کا فوری سماعت سے انکار ،ای ڈی کو نوٹس

Updated: April 16, 2024, 7:10 AM IST | Agency | New Delhi

الیکشن شروع ہونے سے قبل رہائی کے امکانات معدوم، دورکنی بنچ نے جمعہ کو شنوائی کی اپیل بھی مسترد کردی، ۲۹؍ اپریل کو شنوائی ہوگی، عدالتی تحویل میں توسیع۔

Arvind Kejriwal was also disappointed by the Supreme Court on Monday. Photo: INN
اروند کیجریوال کو پیر کو سپریم کورٹ سے بھی مایوسی ہی ہاتھ لگی۔ تصویر : آئی این این

۱۹؍ اپریل کو پارلیمانی  الیکشن   کے پہلے مرحلے کی پولنگ سے قبل دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔ ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی خارج ہونے کے خلاف داخل کی گئی  اپیل پر سپریم کورٹ نے فوری شنوائی سے انکار کردیاہے۔ کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منوسنگھوی  نے  معاملہ کی سنگینی کا حوالہ دیتے ہوئے   ضمانت کی درخواست پر جمعہ ۱۹؍ اپریل کو سماعت کی اپیل کی مگر جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی شنوائی  ۲۹؍ اپریل کو کرنے کافیصلہ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کنہیا کمار کو شمال مشرقی دہلی سے اُمیدوار بنا کر کانگریس نے منوج تیواری کی نیند حرام کردی

 ای ڈی کو اروند کیجریول کی درخواست ضمانت پر  ۲۴؍ اپریل تک عدالت میں اپنا جواب داخل کردینا ہے۔  اُدھر ذیلی عدالت نے اروند کیجریوال کی عدالتی تحویل میں پیر کو ۲۳؍ اپریل تک کی توسیع کردی۔   یاد رہے کہ  ای ڈی نےکیجریوال کو۲۱؍ مارچ کو گرفتار کیا تھا اور اس وقت  وہ عدالتی تحویل  میں تہاڑ جیل میں ہیں۔ ہائی کورٹ  میں  درخواست مسترد ہونے کے بعد انہوں نے۱۰؍ اپریل کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچُڈ کی بنچ کے سامنے سینئر وکیل سنگھوی نے   کیجریوال کا  موقف پیش کرتے ہوئے ان کی عرضی کو بہت اہم قرار دیا اور اس پر جلد سماعت کی درخواست کی۔ چیف جسٹس کی سربراہی والی  بنچ نے انہیں معاملے کی جلد سماعت پر غور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی مگر جس ۲؍ رکنی بنچ کے  حوالے یہ معاملہ کیاگیاہے،اس  بنچ  نے فوری شنوائی کی اپیل پر توجہ نہیں دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK