شکایتیں ملنے پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ۔ واضح کیا کہ ضابط اخلاق کی مدت میں اسکیم کا فائدہ دیا جاسکتا ہے لیکن پیشگی طورپر نہیں
EPAPER
Updated: January 13, 2026, 9:25 AM IST | Mumbai
شکایتیں ملنے پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ۔ واضح کیا کہ ضابط اخلاق کی مدت میں اسکیم کا فائدہ دیا جاسکتا ہے لیکن پیشگی طورپر نہیں
الیکشن کمیشن نے میونسپل کارپوریشن ا لیکشن سے ایک دن قبل لاڈلی بہن اسکیم کے تحت خواتین کے اکاؤنٹ میں رقم ڈالنے پر روک لگا دی ہے۔ ریاست کے ۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں میں الیکشن کیلئے ریاست میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے لاڈلی بہن اسکیم کا محدود یا طویل فائدہ دیا جاسکتا ہے لیکن جنوری مہینے کی رقم پیشگی دینے پر الیکشن کمیشن نے روک لگا دی ہے۔ یاد رہے کہ ۱۵؍ جنوری کو ریاست کے مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے الیکشن کیلئے پولنگ ہوگی۔
۱۴؍جنوری کو ’لاڈلی بہنوں‘ کے کھاتوں میں دسمبر اور جنوری کے ۳؍ ہزارروپے جمع ہوں گے،اس طرح کی خبروں پر ریاستی الیکشن کمیشن کو مختلف شکایتیں موصول ہوئی تھیں۔ ان شکایتوں کے بارے میں صورتحال کو واضح کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے ’لاڈلی بہن اسکیم‘ کے تعلق سے حکومت کے فیصلے کے بارے میں وضاحت کرنے کی ہدایت ریاستی سیکریٹری کو دی تھی۔اے بی پی نیوز کی خبر کے مطابق ریاستی سیکریٹری نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے۴؍ نومبر۲۰۲۵ء کو مقامی شہری انتظامیہ کے انتخابات کیلئے مثالی ضابطہ ا خلاق سے متعلق واضح احکامات جاری کئے ہیں۔ ان ا حکامات کے مطابق الیکشن کے اعلان سے قبل شروع کی گئی اسکیموں اور منصوبوں کو ضابطہ اخلاق کی مدت میں جاری رکھنے کی اجازت ہے۔ اس کے پیش نظر ریاستی الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اسکیم کا باقاعدہ فائدہ دیا جاسکتاہے لیکن پیشگی طورپراس کا فائدہ نہیں دیا جائے گا ساتھ ہی اس مدت میں نئے استفادہ کنندگان کا انتخاب بھی نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ کانگریس نے اس تعلق سے الیکشن کمیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ووٹنگ سے قبل سرکاری فنڈز جاری کرنا انتخابات کے نتائج کو متاثر کر سکتا ہے۔پارٹی کے مطابق تقریباً ایک کروڑ خواتین کو لاڈلی بہن اسکیم کے تحت قسطیں ملنی ہیں جو۱۵؍ جنوری کو پولنگ سے کچھ دیر قبل جمع کرائی جانے والی ہیں۔ کانگریس نے دلیل دی کہ اس سے حکمراں پارٹی کے امیدواروں کو غیر منصفانہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔کانگریس نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ لاڈلی بہن اسکیم کے خلاف نہیں ہے ۔ اس نے اصرار کیا تھاکہ قسطیں انتخابات ختم ہونے کے بعد ہی ادا کی جائیں۔ کانگریس نے اس اقدام کو’سرکاری رشوت کی ایک شکل‘ قرار دیاتھا۔
اس معاملے پربی جے پی کے ریاستی وزیر چندرشیکھر باونکلے نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس لاڈلی بہنوں کو اسکیم کا فائدہ دینے میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ انہوںنے یہ بھی کہا تھاکہ لاڈلی بہنیں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے ذریعے کانگریس کے آتنک کا جواب دیں گی۔