Inquilab Logo

امریکہ کی وعدہ خلافی کی صورت میں بڑی جنگ کیلئے طالبان کی تیاری

Updated: February 20, 2021, 9:05 AM IST | Agency | Washington

ایک سال قبل امریکہ اور طالبان کے درمیان ہوئے امن معاہدے کے مطابق غیرملکی افواج کا انخلا نہ ہونے کی صورت میں طالبان نے غیر ملکی فوجوں پر حملوںکی دھمکی دی ہے۔

Taliban - Pic : INN
طالبان ۔ تصویر : آئی این این

ایک سال قبل امریکہ اور طالبان کے درمیان ہوئے امن معاہدے کے مطابق غیرملکی افواج کا انخلا نہ ہونے کی صورت میں طالبان نے غیر ملکی فوجوں پر حملوںکی دھمکی دی ہے۔ لیکن اب جبکہ امریکہ کے بعد  نیٹو نے بھی اشارہ دیا ہے کہ مئی میں افغانستان سے فوج واپس بلائی نہیں جائے گی تو طالبان نے لڑائی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ 
  واضح رہے کہ طالبان نے امن معاہدہ امریکہ کے ساتھ کیا ہے  اور انہوں نے امریکی اور نیٹو فوج پر حملے بند کر دئیے ہیں لیکن افغان حکومت سے ان کا کوئی معاہدہ نہیں تھا اور افغان حکومت نے بھی  امریکہ سے ہوئے معاہدے کوتسلیم نہیں کیا ہے ۔ لہٰذا طالبان کے افغان فورس پر حملے جاری ہیں۔  اب جبکہ امریکہ اور نیٹو نے بھی  فوج نہ ہٹانے یعنی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا عندیہ دیدیا ہے تو طالبان نے جنگ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔   
 افغان حکومت کے دو ذرائع نے بتایا کہ افغان حکومت نے سیکوریٹی فورس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فوج کی تشکیل و تعمیر نو کی جائے، اور موسمِ بہار میں شدید حملوں سے نمٹنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی تیار کی جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان کی فوج اور پولیس جیسے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی اسپیشل فورس کو ایک کمان کے نیچے کام کرنے کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔ اہم علاقوں میں تجربہ کار کمانڈر تعینات کئے گئے ہیں، اور زیادہ سے زیادہ فضائی کارروائی کی تیاری کی  جا رہی ہے تا کہ بری فوج کا کم سے کم جانی نقصان  ہو۔
 دوسری جانب  طالبان ذرائع نے بتایا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں زیادہ تر طالبان کمانڈر اپنے سالانہ تربیتی سیشن ادھورے چھوڑ کر واپس آ رہے ہیں کیونکہ انہیں شدید لڑائی کیلئے میدان جنگ میں واپس بلایا جا رہا ہے۔صوبہ قندوز کے ایک قبائلی سردار نے بتایا کہ  ان دنوںطالبان کے خطبوں میں تبدیلی آئی ہے، خصوصی طور پر نماز جمعہ کے دوران وہ غیر ملکی فورس کے خلاف جنگ پر خطبہ دے رہے ہیں، اور کھلے عام لوگوں کو جنگ میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے ہیں۔ قبائلی سردار کا کہنا تھا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ وہ موسم بہار میں نئی جنگ کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK