Inquilab Logo

ٹیکسی ، رکشا اور اولا اوبر یونین کا ایئرپورٹ کے باہر زبردست احتجاج

Updated: October 20, 2023, 9:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مظاہرین نے ’ جینا ہے تو مرنا سیکھو ،قدم قدم پرلڑنا سیکھو‘نعرہ بلند کیا ۔ٹرانسپورٹ کمشنر کومیمورنڈم دیا ۔ ملاقات کومثبت قرار دیا ۔چند مطالبات پر فوری عمل آوری کی یقین دہانی

A scene of protest by taxi, rickshaw and other unions outside Terminal-2 of the airport. Photo: Inquilab
ایئرپورٹ کے ٹرمنل-۲؍ کے باہرٹیکسی ، رکشا اوردیگر یونینوں کے احتجاج کا منظر۔ تصویر: انقلاب

’جینا ہے تو مرنا سیکھو ،قدم قدم پر لڑنا سیکھو‘ نعرہ بلند کرتے ہوئے مہاراشٹر ٹیکسی ، آٹو رکشا ، کیب چالک اور ڈیلیوری سنیکت کمیٹی کی جانب سے ای چالان ،ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی دادا گیری ،نئے عائد کردہ جرمانہ ، ڈرائیوروں کو پریشان کرنے اور پرمٹ اور دوسرے پرمیشن کی مدت ۲؍سال  بڑھانے جیسے ۸؍ مطالبات کے ساتھ جمعرات کو ایئرپورٹ کے ٹرمنل- ۲؍ کے پاس دن بھر احتجاج کیا اور ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھیمنوار سے ایک وفد نے ملاقات کرکے میمورنڈ م دیا۔ مظاہرین کی جانب سے ’ہرزور ظلم کے ٹکر میں سنگھرش ہمارا نعرہ ہے اورہم لڑیںگے ،ہم جیتیں گے‘ کا نعرہ بھی بلند کیا گیا۔
اس یکروزہ مظاہرے میں ایڈوکیٹ اودے کمار آمبونکر، جیونت بالا ساونت ، آشیش گجر، بلال خان ، پرشانت ساورڈیکر (بنٹی )، راکیشن (منا) مشرا ، روی جادھو، سروج پوٹ پھوڑے ، توفیق شیخ (جمبو)، گریش وچارے ، چیتن آمبونکر، راجندر جگدالے ، ابھیجیت رانے ، ارشاد علی ،امرجیت سنگھ آنند، جے شری سنگھ اورسنیل مشرا پیش پیش تھے۔ 
۸؍مطالبات کیا ہیں؟
(۱) ای چالان اورٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ (آر ٹی ا و اور ٹریفک پولیس ) کی داد گیری بند کرو، جرمانہ کی رقم واپس کرو۔ تمام نئے جرمانہ معاف کرو۔ کورونابحران میں۲؍سال برباد ہوگئے  اس لئے پرمٹ اوردوسرے پرمیشن کی مدت میں ۲؍سال کی توسیع کی جائے (۲)ریاستی حکومت کے اعلان کے مطابق ٹیکسی اور آٹورکشا ڈرائیوروں کی فلاح کےلئے کلیان مہا منڈل تشکیل دیا جائے (۳) مرکزی حکومت کی ایگری گیٹرگائیڈ لائن ۲۰۲۰ء کی بنیاد پر مہاراشٹرکےتمام گگ اورپلیٹ فارم ملازمین کےلئے ایگری گیٹر گائیڈ لائن بلاتاخیر  نافذ کی جائے اورکمپنیوں کی لوٹ کھسوٹ کو بند کیا جائے (۴) ایپ پر مبنی تمام کیب کمپنیوں کے ڈرائیوروں اور اشیاء خوردونوش ڈیلیوری کرنے والے ملازمین کے لئے مرکزی ویلفیئر کوڈ ۲۰۲۰ء کے مطابق کلیان مہامنڈل فوراً شروع کرو (۵) ممبئی ایئرپورٹ کے ٹرمنل ایک ا ور۲؍ پر کالی پیلی ٹیکسی چلانے والوں کے واؤچر کی رقم میں اضافہ کیا جائے (۶) ممبئی ایئرپورٹ  کےٹرمنل ۲؍ پر خدمات انجام دینے والے کالی پیلی ٹیکسی کا کورونا سے پہلے کی طرح پارکنگ ایریا اورپری پیڈ کاؤنٹرکو سنگھٹنوں کے ذمہ کیا جائے (۷) ممبئی ایئرپورٹ ٹرمنل وَن اور۲؍ پر آٹو رکشا کے لئے پری پیڈ کاؤنٹر شروع کیا جائے (۸) کیب ایگریگیٹرگائیڈ لائن کی بنیاد پر ڈیلیوری سیکٹر اور ڈیلیوری کا کام کرنے والے مزدوروں کے لئے طے شدہ اصول و ضوابط بناکر اسے بلاتاخیر نافذ کیا جائے۔
ایک ماہ کے اندر چند مطالبات پرعمل درآمد کی یقین دہانی 
یونین لیڈران پرشانت ساورڈیکرعرف بنٹی اوربلال خان سے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’یکروزہ احتجاج کا اچھا اثر ان معنوں میں رہا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر نے تفصیل سے بات چیت کی اورچند مطالبات پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔ اس میں استنجا یارفع حاجت کیلئے ڈرائیورں کے شلبھ شوچالیہ میں ایسے علاقے میں جہاں نوپارکنگ کا بورڈ آویزاں ہوتا ہے ،وہاں آر ٹی او ان پر جرمانہ عائد کرتا ہے۔ اس پرٹرانسپورٹ کمشنر نے کہا کہ یونین والے ایسی جگہوں کی نشاندہی خود کریں،وہاں سے نوپارکنگ کا بورڈ ہٹادیا جائے ،اسی طرح ایئرپور ٹ پرپارکنگ کیلئے اڈانی گروپ کےساتھ میٹنگ میںاس مسئلہ کا حل نکالنے کایقین دلایا ، اسی طرح مہامنڈل بورڈ بنانے کیلئے وزیراعلیٰ سے بات چیت کی جائے گی ، اسی طرح پرمٹ کی میعاد بڑھانےکیلئے بھی حکومت سے بات چیت کی جائے گی ۔ اس سے مسائل حل ہونے کی امید ہے۔ ‘انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’اگر ایک ماہ کے اندر ان مسائل کوحل نہ کیا گیا تو پھر اوربڑے پیمانے پراحتجاج کیا جائے گا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK