اسکولی عملے کو ۲؍مئی سے گرمی کی چھٹیاں دی جارہی ہیں لیکن ۶؍مئی کوچھترپتی ساہو مہاراج کی صدسالہ تقریب اور رزلٹ تقسیم کرنےکیلئے اساتذہ کو بلایاگیا ہے
EPAPER
Updated: April 30, 2023, 10:36 AM IST | saadat khan | Mumbai
اسکولی عملے کو ۲؍مئی سے گرمی کی چھٹیاں دی جارہی ہیں لیکن ۶؍مئی کوچھترپتی ساہو مہاراج کی صدسالہ تقریب اور رزلٹ تقسیم کرنےکیلئے اساتذہ کو بلایاگیا ہے
ریاستی محکمہ تعلیم نے پہلےاسکولوںمیں یکم مئی کو یوم مہاراشٹر کی تقریب اور رزلٹ کی تقسیم کے بعد۲؍مئی سے اساتذہ کو گرمی کی چھٹی دیئے جانے کا اعلان کیاتھالیکن اب پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے ایجوکیشن ڈائریکٹر شرد گوساوی نے ۲۸؍اپریل کو ایک نیافرمان جاری کیاہے جس کے مطابق ۲؍ مئی سے چھٹی دیئے جانے کےباوجود ۶؍مئی کو اسکولوںمیں چھترپتی ساہو مہاراج کی صدسالہ تقریب منعقد کرنے اور اسی دن طلبہ کو رزلٹ دیئے جانےکی نئی ہدایت دی گئی ہے ۔ حالانکہ اساتذہ کو چھٹی ۲؍مئی سے دی جارہی ہے لیکن انہیں ۶؍مئی کو اسکول میں رز لٹ اور مذکورہ تقریب کیلئے حاضر رہناہے۔اس وجہ سے آبائی وطن جانےکیلئے جن اساتذہ نےٹکٹ ریزرو کروالیاہے وہ بہت پریشان ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ انہیں ۲؍مئی سے گرمی کی چھٹی تو دی جار ہی ہےلیکن ۶؍مئی کو مذکورہ پروگرام اور طلبہ کورزلٹ دینےکیلئےکیوں بلایا جا رہاہے۔ ساتھ ہی جن اساتذہ نے ۴؍مہینےپہلےبڑی مشکل سے گرمی کی چھٹی میں ۲؍تا ۶؍مئی کےدرمیان آبائی وطن جانےکیلئے ریلوےکاٹکٹ ریزرو کروایا ہے، وہ کیسے جائیں گے؟
یہاں اس بات کی بھی وضاحت ضرور ی ہےکہ مذکورہ فرمان علاقائی ایجوکیشن ڈپٹی ڈائریکٹروں ، ممبئی مہانگر پالیکا کے محکمہ تعلیم کے ایجوکیشن آفیسر، ضلع پریشد (پرائمری) کے ایجوکیشن افسران اور دیگر اعلیٰ ایجوکیشن آفیسروںکے نام جاری کیاگیاہے لیکن ممبئی مہانگر پالیکا کےمحکمہ تعلیم نے ابھی تک اس بارےمیں کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔ واضح رہےکہ ریاستی محکمہ تعلیم نےاس فرمان سے قبل ۲۰۲۳ء میں دی جانےوالی گرمی کی چھٹی سے متعلق جو سرکیولر جاری کیاتھا، اس میں یکم مئی کو اسکولوںمیں یوم مہاراشٹرکی تقریب کا انعقادکرنے اور طلبہ کو رزلٹ تقسیم کرنے کےبعد۲؍مئی سے اسکولی عملے کو گرمی کی چھٹی پر جانےکی ہدایت دی گئی تھی۔ساتھ ہی ۱۵؍جون سے نئے تعلیمی سال ۲۴۔۲۰۲۳ء کے آغاز کی اطلاع دی گئی تھی۔ جس کے مطابق اسکولی عملےنے اپنی چھٹی کی مناسبت سے آبائی گائوں جانےکی تیاری اور ریلوےکاٹکٹ ریزرو کروایا تھا۔ لیکن ۲۸؍ اپریل کو اچانک پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ پونےنےنیافرمان جاری کرکے مذکورہ چھٹی میں توکسی طرح کی تبدیلی نہیں کی ہے لیکن ۶؍مئی کو اسکولوں میںچھترپتی ساہو مہاراج کی صدسالہ تقریب منعقد کرنے اور اسی دن طلبہ کارزلٹ تقسیم کرنے کی نئی ہدایت جاری کردی ہےجس سے اسکولی عملےمیں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ کیونکہ بیشتراسکولی عملے نے مذکورہ چھٹی کے ٹائم ٹیبل کے مطابق ریل ٹکٹ بُک کروایا ہے۔
اس تعلق سےاکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجدنثارنےبتایاکہ ’’ مذکورہ تبدیلی سے آبائی وطن جانےوالے اساتذہ پریشان ہیںکیونکہ ان میں سے بیشتر اساتذہ نے ۴؍مہینے پہلے اپناٹکٹ ریزروکروایاہے۔ اگر وہ ٹکٹ کینسل کرکے نیاٹکٹ لینا بھی چاہیں تو انہیں ان دنوں ٹکٹ نہیں ملے گاکیونکہ ٹرینوںمیں بے تحاشہ بھیڑ ہے۔ اس وجہ سے ان کی سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ وہ کیا کریں۔ حالانکہ ٹیچروںکی چھٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی لیکن ۲؍مئی سےچھٹی دینےکےبعد ۶؍مئی کو ایک دن کیلئے اسکول بلایا گیا ہے، ایسے میں جن ٹیچروںنے ۲؍تا ۵؍مئی کے درمیان آبائی گائوں جانےکا منصوبہ بنایاہے ،وہ کیاکریں ؟ محکمہ تعلیم سے ہماری اپیل ہےکہ وہ اس طرح کے فرمان اچانک جاری نہ کرے ساتھ ہی مذکورہ سرکیولر منسوخ کیاجائے تاکہ ٹیچروںکی پریشانی حل ہوسکے۔‘‘
مہانگرپالیکاشکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نےانقلاب کوبتایاکہ ’’ریاستی محکمہ تعلیم نے یہ فرمان سبھی اسکولوںکیلئے جاری کیاہے لیکن بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ابھی تک اس تعلق سے کوئی ہدایت نہیں دی ہے ۔ اس لئے ہم لوگ ۲؍مئی سے چھٹی پر جائیں گے ۔ ویسے بھی ۲؍مئی کو چھٹی پر جانےکے بعد ۶؍مئی کو دوبارہ ایک دن کیلئے اسکول آنابیشتر اساتذہ کیلئے ممکن نہیں ہے۔ جو اساتذہ ممبئی میں موجود ہوںگے وہی اسکول جاکر مذکورہ پروگرام منعقد کر سکتے ہیں۔‘‘