Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھی میں ٹریننگ ، اُردو اوردیگر میڈیم کے اساتذہ پریشان

Updated: June 02, 2022, 9:16 AM IST | saadat khan | Mumbai

ۭ آن لائن ٹریننگ کے بعد مراٹھی میں ہی اسائنمنٹ بھی جمع کرانا ہے۔اُردو ،ہندی،گجراتی اوردیگر میڈیم کےاساتذہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتاہے

An officer providing details of the training via YouTube video
یوٹیوب ویڈیو کے ذریعہ ٹریننگ سےمتعلق تفصیلات فراہم کرتے ایک افسر

اسٹیٹ کونسل فارایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ ( ایس سی ای آر ٹی)کےذریعے سینئر اور سلیکشن اسکیل کےاساتذہ کی ٹریننگ کا بدھ سے آغاز کیاگیا۔ لیکن سبھی میڈیم کے اُمیدواروںکو مراٹھی میں ٹریننگ دیئےجانےکی ہدایت سےاُردو ،ہندی،گجراتی اوردیگر میڈیم کے اساتذہ پریشان ہیں۔ آن لائن ٹریننگ میں ان سبھی میڈیم کے اساتذہ کو مراٹھی میںکئے گئے سوالات کےجوابات اور اسائنمنٹ وغیرہ مراٹھی میں ہی اپ لوڈکرناہے۔اس تعلق سے ایجوکیشن ڈائریکٹرسےاستفسار کرنے پر انہوںنے کہاکہ اس بار ےمیں جوائنٹ ڈائریکٹرسے رابطہ کریں، یہ کہہ کرانہوںنےفون منقطع کردیا۔جبکہ جوائنٹ ڈائریکٹرسے موبائل پر رابطہ کرنےکی کوشش کی گئی ہےمگر انہوںنے فون ریسیو نہیں کیا۔
 ساکی ناکہ کےایک اسکول کے معلم جاوید مقصودنےبتایاکہ ’’ پہلی مرتبہ آن لائن ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ایس سی ای آر ٹی نےاس کیلئے ایک ایپ متعارف کروایاہے۔ جس پر مذکورہ ٹریننگ دی جائے گی۔ ٹریننگ سےمتعلق ایس سی ای آر ٹی نےبدھ کو یوٹیوب کاایک لنک جاری کیا تھا۔جس پر ٹریننگ سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ٹریننگ کیلئے رجسٹریشن کیسے کیا جائےاس کی اطلاع دی گئی ہے۔رجسٹریشن کے بعدای میل کے ذریعے اُمیدوار کو پاس ورڈ وغیرہ فراہم کیاجائےگا۔جس کی مدد سے ٹریننگ کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔مذکورہ لنک پر یہ بھی بتایاگیاکہ سبھی میڈیم کے اساتذہ کو مراٹھی زبان میں ٹریننگ دی جائے گی۔یہ ایک نازک مسئلہ ہے۔ٹریننگ میں ایک ہزار الفاظ پر مشتمل ایک اسائنمنٹ جمع کرناہے جسے مراٹھی میں ہی لکھنا ہے۔ اُردو، ہندی اورگجراتی میڈیم کے اُمیدواروں کیلئے مراٹھی میں ایک ہزار الفاظ پر مشتمل اسائنمنٹ تیار کرنامشکل کام ہے۔اسی طرح ٹریننگ کےدیگرحصے اور سوالات کے جوابات مراٹھی میں دینا ہے۔جس سے ٹریننگ دینے والے اُمیدوار پریشانی میں مبتلاہیں۔‘‘
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کےجنرل سیکریٹری ساجد نثار نے بتایاکہ ’’ مذکورہ ٹریننگ کیلئے بدھ کو ایس سی ای آر ٹی کی طرف سے جو گائیڈلائن جاری کی گئی ہے ۔ اس کےمطابق تمام میڈیم کے اُمیدواروںکو سینئر اور سلیکشن اسکیل کی ٹریننگ مراٹھی میںدیئے جانےکی اطلاع دی گئی ہے۔جس کی وجہ سے اُردومیڈیم کے اساتذہ یہ شکایت کررہےہیںکہ انہیںجو اسائنمنٹ وغیرہ جمع کرنا ہےجو مراٹھی میں مکمل کرنا ہے۔اس کی وجہ سے اُردو میڈیم کے ساتھ ہندی ، گجراتی اور کنڑ میڈیم کے اُمیدواروںکو بھی ٹریننگ حاصل کرنے میںپریشانی ہوسکتی ہے۔ صرف مراٹھی میں ٹریننگ دینےکامطلب دیگر زبان کے اساتذہ کےساتھ بڑی ناانصافی  ہے۔ ایس سی ای آر ٹی کو اساتذہ کی پریشانی سمجھناچاہئے او را س مسئلہ کا کوئی حل نکالناچاہئے ۔‘‘
  انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ ایس سی ای آرٹی نےٹریننگ کیلئے ہر اُمیدوار سے ۲؍ہزارروپے فیس وصول کی ہے۔ ٹریننگ کیلئے ۹۵؍ ہزار ۱۴۵؍ اُمیدواروںنےرجسٹریشن کروایاہے۔ ٹریننگ فیس کے معرفت ایس سی ای آر ٹی نے تقریباً ۲۰؍کروڑ روپے جمع کئے ہیں۔ایسی صورت میں ایس سی ای آر ٹی کو چاہئے کہ وہ ٹریننگ کیلئے اساتذہ کو ہرممکن سہولیات اور آسانیاں فراہم کرے۔ اس کے ساتھ ہی ایس سی ای آرٹی کو یہ بھی خیال رکھنا چاہئے کہ جس ایپ کے ذریعے ٹریننگ دی جارہی ہے۔ایک ساتھ ہزاروں اساتذہ اگر ایپ استعمال کرتےہیں تو ایپ پر لوڈ پڑسکتاہےجس سے ٹریننگ میں دشواری ہوسکتی ہے۔اس بات کا بھی خیال رکھاجائے ۔ ‘‘
  ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر ایم ڈی سنگھ سےاس بارےمیں استفسارکرنےپر انہوںنے کسی طرح کا جواب دینے سے قبل کہاکہ اس تعلق سے آپ جوائنٹ ڈائریکٹر سے رابطہ کریں اور یہ کہہ کر  فون منقطع کردیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر کاتھمورے سے جب موبائل پر رابطہ کرنےکی کوشش کی گئی توانہوںنے فون ریسیونہیں کیا۔  
  ایس سی ای آرٹی کے ایک ذمہ دارنے کہاکہ ’’پورےمہاراشٹرسے اس بارے میں سوال کیا جارہاہے۔سبھی میڈیم کے اساتذہ کو مراٹھی میں ٹریننگ کیوںدی جارہی ہے۔یہ ایک مسئلہ ہے جس کا حل نکالاجاناچاہئے مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ٹریننگ کی تیاری صرف مراٹھی زبان میں کی گئی ہے۔اس لئے سبھی میڈیم کے اساتذہ پر مراٹھی تھوپ دی گئی ہے۔جو مناسب نہیں ہے۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK