• Mon, 08 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا کٹک میں اپنے مضبوط ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم

Updated: December 08, 2025, 6:08 PM IST | Cuttack

ہندوستانی ٹیم منگل کو بارابتی اسٹیدیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵؍ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں جیت کے ساتھ آغاز کرنا چاہے گی، جہاں وہ حالیہ فارم اور گھریلو حالات کا فائدہ اُٹھا سکتی ہے۔ تاہم، جنوبی افریقی بلے باز حیرت انگیز کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

Indian Players.Photo:PTI
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستانی  ٹیم منگل کو بارابتی  اسٹیدیم  میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵؍ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں جیت کے ساتھ آغاز کرنا چاہے گی، جہاں وہ حالیہ فارم اور گھریلو حالات کا فائدہ اُٹھا سکتی ہے۔ تاہم، جنوبی افریقی بلے باز حیرت انگیز کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم   اس سیریز میں اعتماد کے ساتھ اُترے گی۔ اس سال کے ایشیا کپ میں ناقابل شکست رہنے اور آسٹریلیا میں ۱۔۲؍ سے سخت مقابلے کے بعد انہیں اعتماد اور جوش دونوں حاصل ہیں۔ اس فارمیٹ میں ایک عالمی چیمپئن ٹیم کے طور پر وہ دھماکہ خیز بلے بازی کو متنوع اور خطرناک بولنگ اٹیک کے ساتھ  میدان میں داخل ہو گی۔
ابھیشیک شرما  شروع میں تیز رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔شبھ من گل، سوریہ کمار یادو، تِلک ورما  درمیان میں مستقل مزاجی کے ساتھ اسٹرائیک روٹیشن کرتے ہوئے شاندار کارکردگی  پیش کرسکتے ہیں۔ نچلے درجے میں ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، شِیوم دوبے، ہرشِت رانا ٹیم کو گہرائی اور فِنِشنگ ٹچ فراہم کرکے  کھیل کا رخ بدل سکتے ہیں۔ گیند بازی میں جسپرِیت بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔عرشدیپ سنگھ اپنی ذہانت اور درستگی سے تعاون کریں گے۔ اسپنرز کلدیپ یادو، ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل مختلف انداز کی اسپن کے ذریعے کسی بھی بلے باز کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم  حالیہ ٹی ۲۰؍میچوں میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ آئی ہے، جس میں پاکستان اور نمیبیا سے شکست شامل ہے۔ وہ کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم کے تجربے پر اعتماد کریں گے تاکہ شروعات میں لَے قائم ہو سکے  جبکہ ٹریسٹن اسٹبس اور ڈیوالڈ بریوس  درمیانی اوورز میں اننگز کو سنبھالیں گے۔ نچلے درجے میں ڈیوڈ ملر اور مارکو یانسن تیز رفتاری سے رنز جوڑ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑٖھئے:جنگ زدہ فلسطین اور شام فیفا عرب کپ کے کوارٹر فائنل میں داخل

ان کی بولنگ میں اینریک نورتجے اور لُنگی اینگیڈی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں  جبکہ مارکو یانسن کی رفتار اور باؤنس میچ میں مزید جوش پیدا کر سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ کو ہندوستان کی بلے بازی کی فارم کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانی ہوگی تاکہ کامیابی حاصل ہو۔ بارابتی اسٹیدیم میں عام طور پر اچھی پچ ہوتی ہے، باؤنڈریز  ۶۵۔ ۷۰؍میٹر کے درمیان ہیں۔ رات کے میچ میں سرخ مٹی کی پچ اضافی رفتار اور باؤنس دیتی ہے، جبکہ شام کی اوس ٹارگٹ کا پیچھا کرنے والی ٹیم کے حق میں ہو سکتی ہے۔ ایک مقابلہ جاتی  اسکور تقریباً  ۱۸۰۔ ۱۹۰؍ رنز رہنے کا امکان ہے۔  ہندوستان کا ٹی ۲۰؍ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پلڑا بھاری رہا ہے، پچھلے ۸؍ میچوں میں سے پانچ میں ہندوستان نے کامیابی  حاصل کی  جبکہ جنوبی افریقہ نے دو میں کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھئے:۶؍دنوں میں۳۷؍ہزار کروڑ روپے کا صفایا

ہندوستان: ابھیشیک شرما، شبھ من گل، سوریا کمار یادو (کپتان)، تِلک ورما، ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن، جتیش شرما (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی،  شیوم دوبے اور ہرشِت رانا۔ جنوبی افریقہ: کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈریکس، ایڈن مارکرم (کپتان)، ٹریسٹن اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، ڈیوڈ ملر، مارکو یانسن، اینریک نورتجے، لُنگی اینگیڈی، کاربن بوش، جارج لنڈے، کیشو مہاراج اور ڈونووَن فریرا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK