Inquilab Logo

ٹیسٹا رِہا ،چہار سو خیر مقدم

Updated: September 04, 2022, 11:22 AM IST | ahmedabad

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ٹیسٹا سیتلواد کو سابر متی جیل سے رِہا کردیا گیا ، چدمبرم نے ’بہادر خاتون ‘ قرار دیا

After getting bail, Testa Setalwad`s face shows happiness while leaving Sabarmati Jail. (Photo: PTI)
ضمانت حاصل کرنے کے بعد سابر متی جیل سے نکلتے ہوئے ٹیسٹا سیتلواد کے چہرے پر خوشی نمایاں ہے ۔ (تصویر: پی ٹی آئی )

 مشہور سماجی کارکن اور گجرات فسادات کے متاثرین کو انصاف دلانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ٹیسٹا سیتلواد سپریم کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد سنیچر کی شام  احمد آباد کی سابر متی جیل سے رہا کردی گئیں۔ ان کی رہائی کا چہار سو خیرمقدم کیا جارہا ہے جبکہ سیاسی و سماجی کارکنوں نے اسے انصاف میں یقین کی فتح قرار دیا ہے۔  وہ سنیچر کی دیر شام  احمد آباد کی سابر متی جیل سے باہر آ گئیں۔ جیل سے باہر نکلنے کی کچھ ویڈیوزمیں وہ مسکراتے ہوئے اپنا سامان  لئے جیل کے دروازے سے باہر نکل رہی ہیں۔ باہر کچھ لوگ ان کا انتظار کر رہےہیں جو ٹیسٹا  کو دیکھ کر تالیوں سے ان کا استقبال کرتے ہیں۔ جیل کے باہر میڈیا کے اہلکار بھی موجود تھے جو  ا ن کی تصویریں کھینچتے ہوئے دکھائی د ئیے۔ 
 یادرہے کہ سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت کی عرضی پر ۲؍ دن تک شنوائی کرنے کے دوران گجرات پولیس ، حکومت اور گجرات ہائی کورٹ کی سخت سرزنش کی تھی  اور انہیں عبوری راحت دیتے ہوئے سنیچر کی شام تک کسی بھی حال میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔سپریم کورٹ کے سخت رویے اور واضح احکامات کے بعد گجرات پولیس اور حکومت کے پاس ٹیسٹا کو رہا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا اسی لئے انہیں رہائی کی کاغذی کارروائی پوری کرنے کے لئے احمد آباد  کے سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں پر سیشن جج وی اے رانا نے انہیں رہا کرنے کے پروانے پر دستخط کردئیے ۔ لیکن اس سے قبل سیشن کورٹ نے سپریم کورٹ کی عائد کردہ دو شرائط کے علاوہ ٹیسٹا سے ۲۵؍ ہزار روپے کاذاتی بونڈ بھرنے کی شرط عائد کی جسے ٹیسٹا نے فوری طور پر ادا کردیا۔ساتھ ہی جج نے کہا کہ وہ کورٹ کو اطلاع دئیے بغیر ملک چھوڑ کر جانے کی کوشش نہیں کریں گی۔ 
 واضح رہے کہ جمعرات اور جمعہ کو ٹیسٹا کی ضمانت کی عرضی پر شنوائی کے دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یویوللت کی بنچ نے گجرات ہائی کورٹ کے رویے پر سخت سوال اٹھائے تھے۔ 
  ادھر  ٹیسٹا کے خلاف معاملہ درج کرنے اور انہیں گرفتا ر کرلینے کے خلاف پورے ملک کے سماجی کارکنان نے آواز بلند کی تھی۔ساتھ ہی اپوزیشن کی پارٹیوں نے بھی اس تعلق سے آواز اٹھائی تھی ۔ اب کانگریس پارٹی کے سینئرلیڈر اور سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے ٹیسٹا کو مظلوموں کے انصاف کے لئے لڑنے والی بہادر خاتون قرار دیا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے ذریعے ٹیسٹا کو عبوری ضمانت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور ٹویٹ کیا کہ ’’ آزادی مبارک ہو۔ مظلوموں کے انصاف کیلئے لڑنے والی بہادر خاتون ۔‘‘ چدمبرم نے اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی اور ملک میں قانون کی حکمرانی کی حالت پر شدید تنقید بھی کی ۔  اس سے قبل ٹیسٹا کے شوہر اور سماجی کارکن جاوید آنند بھی اس فیصلے کو انصاف اور سچائی کی فتح قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹا کی رہائی پر کہا کہ ہمیں پورا یقین تھا کہ عدلیہ سے انصاف ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK