پریس کانفرنس میںمرکز پرحملہ ،حتمی اعدادوشمار نہ ظاہرکرنے پر الیکشن کمیشن پر سوال اٹھایا ،امیت شاہ پر بھی نشانہ ،گڑ بڑی کرنے کیلئے افسران کو بہاربلانے کا الزام
EPAPER
Updated: November 11, 2025, 9:42 AM IST | Patna
پریس کانفرنس میںمرکز پرحملہ ،حتمی اعدادوشمار نہ ظاہرکرنے پر الیکشن کمیشن پر سوال اٹھایا ،امیت شاہ پر بھی نشانہ ،گڑ بڑی کرنے کیلئے افسران کو بہاربلانے کا الزام
بہار اسمبلی انتخابات ۲۰۲۵ء کے دوسرے اور آخری مرحلے سے قبل آرجےڈی لیڈر تیجسوی یادو نے جہاں یہ دعویٰ کیاکہ بہار میں ان کی حکومت بنے گی وہیںیہ انہوں نے الیکشن کمیشن اورمرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کو بھی نشانہ بنایا ۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار عظیم اتحاد کی حکومت بنے گی اور وہ۱۸؍نومبرکو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔تیجسوی یادو نے پٹنہ میںایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
بہار تبدیلی کیلئے ترس رہا ہے
تیجسوی یادو نےکہاکہ بہار اس بار تبدیلی کیلئے ترس رہا ہے۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات کیلئے۱۷۱؍انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔ بہار کا ایک بھی ضلع یا بلاک ایسا نہیں ہے جہاں انہوں نے انتخابی مہم نہ چلائی ہو ۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ بہار میں ان کی حکومت بنے گی ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان۱۴؍نومبر کو کیا جائے گا جس میں مہا گٹھ بندھن حکومت بنائے گا۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ وہ ۱۸؍نومبر کو حلف لیں گے اور۲۶؍ نومبر سے ۲۶؍ جنوری کے درمیان کے درمیان بہار کے مجرموں کو بہار سے بھگا دیا جائے گا۔
ڈبل انجن والی حکومت کو نشانہ بنایا
تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر ڈبل انجن والی حکومت چاہتی تو۲۰؍ سال میں بہار نمبر ایک ریاست بن سکتی تھی۔ ان برسوں کے دوران بہار سے سب سے زیادہ نوجوانوں نے نقل مکانی کی ہے۔ اب بہار کے لوگ نوکریوں کے لیے بیرون ملک نہیں جانا چاہتے۔ وہ بہار میں رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے لوگ بہار میں صنعت، تعلیم، آمدنی اور آبپاشی پر توجہ مرکوز کرنے والی حکومت چاہتے ہیں۔
بہار تاریخ بنائے گا
تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ بہار کے لوگ اس اسمبلی الیکشن میں تاریخ رقم کرنے والے ہیں ۔ اس بار، وہ ایسی حکومت کی تیاری کر رہے ہیں جو نوکریاں فراہم کرتی ہے۔ قلم کی حکمرانی لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بہار کے لوگوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا۔
۱۴؍ نومبر کے بعد بہار کا شمار ٹاپ ریاستوں میں کیا جائے گا
ای ٹی بھارت کی رپورٹ کے مطابق تیجسوی یادو نے کہا ’’۲۰؍ سال سےبہار صرف اپنی پسماندگی کی وجہ سے سرخیوں میں رہا ہے۔ اب بہار کامیابی کے عروج پر ہوگا۔ ہم نے بارہا برسراقتدار پارٹیوں سے کسی ایک کام کا نام لینے کو کہا جس میں ان کی حکومت نے سبقت حاصل کی، لیکن کسی کے پاس جواب نہیں تھا۔۱۴؍ نومبر کے بعد بہار کی کامیابیوں کا شمار کیا جائے گا اور اس کا شمار ٹاپ ریاستوں میں کیا جائے گا۔‘‘
الیکشن کمیشن کے کام کاج پر سوال
تیجسوی یادو نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے کام کاج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ’’ پہلے مرحلے کی پولنگ ۶؍ نومبر کوہوئی تھی اور آج۱۰؍ تاریخ ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں ووٹ دینے والے رائے دہندگان کے اعداد و شمار جاری نہیں کئے ۔ ۴؍ دن گزر گئے، الیکشن کمیشن ابھی تک کوئی اَپ ڈیٹ فراہم نہیں کر رہا ہے۔
بیرون ملک الیکشن کمیشن کا مذاق اڑایا جائے گا
تیجسوی کے بقول ’’الیکشن کمیشن کا یہ دعویٰ کہ سب کچھ وقت پر دستیاب ہوگا، ایک مذاق ہے ۔۴؍دن بعد بھی الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں کتنی خواتین اور مردوں نے ووٹ ڈالے، اس سے متعلق اعداد و شماری جاری نہیں کئے ۔یہ کیوں چھپایا جا رہا ہے؟ الیکشن کمیشن مر چکا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’الیکشن کمیشن سے کچھ معاملوں میں وضاحت کی ضرورت ہے۔ سمستی پور میں پرچیاں ملی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں، گھبرائے ہوئے ہیں۔‘‘ بی جے پی گناہ کرتی ہے اور الیکشن کمیشن بی جے پی کے گناہوں کو دھونے کی کوشش کر رہا ہے۔
امیت شاہ نےگڑبڑی کرنے کیلئے بڑے افسران کو پٹنہ بلایا ہے
بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ وزیر داخلہ کو کوئی کام نہیں ہے۔ وہ اس وقت پٹنہ میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کئی بڑے افسران کو بلایا ہے اور بڑی گڑبڑی کی ہدایت دی ہے۔ ا نہوں نے سوال اٹھایا کہ بی جےپی کی اقتدار والی ریاستوںسے ہی بڑے افسران بلائےگئے ہیںجس سے ان کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔