Inquilab Logo

تلنگانہ کی مسجدوں کو کھودا جائے،شیولنگ ملنےکا امکان ہے

Updated: May 27, 2022, 7:40 AM IST | Hyderabad

ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی زہر افشانی، کریم نگر میں ’ہندو ایکتا یاترا‘ نکالی ،’رام راج‘ لانے کا اعلان

Telangana BJP President Bundi Sanjay has also challenged the Owaisi Brothers
تلنگانہ بی جےپی کے صدر بنڈی سنجے نے اویسی برادران کو بھی چیلنج کیا ہے

تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کریم نگر میں ’ہندو ایکتا یاترا‘ سے خطاب کرتے ہوئے مسجد-مندر کے نام پر مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے کئی مندروں کو توڑا گیا اور ان پر مسجدیں تعمیر کی گئیں۔ انہوں نے عہد کیا کہ بی جے پی ریاست کو ’بری طاقتوں‘ سے نجات دلائے گی اور ’رام راج‘ قائم کرے گی۔تلنگانہ کے کریم نگر میں  ہندو ایکتا یاترا سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا ’’تلنگانہ میں مسلم حکمرانوں نے کئی مندروں کو منہدم کیا اور ان پر مسجدیں تعمیر کیں۔ اگر اب ان مسجدوں کو کھودا جائے تو شیو لنگ دریافت ہونے کا امکان ہے۔ ‘‘
 انہوں نے مزید کہا ’’میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی کو چیلنج کرتا ہوں۔ آئیے تلنگانہ میں تمام مساجد کو کھودیں۔ اگر شو (لاشیں) ملیں تو ہم مساجد ان کے لئے چھوڑ دیں گے لیکن اگر شیو لنگ پائے گئے تو ہم ان پر قبضہ کر لیں گے۔ کیا وہ تیار ہے؟‘‘انہوں نے عزم کا بھی اظہار کیا کہ بی جے پی ریاست کو ’بری طاقتوں‘ سے نجات دلائے گی اور ’رام راجیہ‘ قائم کرے گی۔ انہوں نے اعلان  کیا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو ہم تمام مدارس کو ختم کر دیں گے، اقلیتوں کو دیے جانے والے ریزرویشن کو بھی ختم کر دیں گے اور ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور ای بی سی کے لیے اضافی کوٹہ فراہم کریں گے۔ ہم اردو کو دوسری سرکاری زبان کے طور پر بھی مستقل طور پر ختم کر دیں گے۔
 بی جے پی صدر نے ریاست میں ’نام نہاد طاقتوں‘ کے خلاف کا بھی عزم کیا۔ انہوں نے کہا ’’آپ نے کشمیر فائلز دیکھی ہے۔ اب آپ ’رضاکار فائلز‘ بھی دیکھیں گے۔ ہم ’رضاکارفائلز ‘ بھی لائیں گے تاکہ ان نیم سیکولروںکی آنکھیں کھلیں اور وہ ان مظالم کو دیکھیں جو نظام کے دور حکومت میں رضاکاروںنے ہندوسماج پر کئے تھے ۔اس موقع پر بنڈی سنجے نے ’لو جہاد‘ کے نام پر ہندو لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنسانے والوں کو بھی ’خبردار‘ کیا۔اس دوران تلنگانہ کے سول سپلائز کے وزیرجی کملاکر نے بنڈی سنجے کی شرانگیزی پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ریاست کی حکمراں جماعت ٹی آرایس عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کئی کام کررہی ہے تو دوسری طرف بی جے پی  لیڈران فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والے بیانات دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK