Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلنگانہ کے بنکر نے ماچس کی ڈبی میں سما جانے والی ساڑھے ۵؍ میٹر لمبی ریشمی ساڑی بنائی

Updated: July 15, 2026, 4:01 PM IST | Hyderabed

تلنگانہ کے ضلع سرسلہ (Sircilla) سے تعلق رکھنے والے ایک ہینڈلوم بنکر نے اپنی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵ء۵؍ میٹر لمبی ایسی ریشمی ساڑی تیار کی ہے جو تہہ کرنے کے بعد ایک ماچس کی ڈبی میں بھی سما جاتی ہے۔

Saree.Photo:X
ساڑی۔ تصویر:ایکس

یہ منفرد اکّت (Ikkat)  ڈیزائن والی ساڑی سری سیلم  کے مشہور  شری بھرمارامبا ملیکارجن سوامی مندر  میں دیوی  بھرمارامبا  کو بطور نذرانہ پیش کی گئی۔ یہ ساڑی منگل ۱۴؍جولائی کو کلا رتن ایوارڈ یافتہ ہینڈلوم بنکر نلا وجے کمار نے مندر ٹرسٹ بورڈ کے چیئرمین پوتھوگنٹا رمیش نائیڈو کے حوالے کی۔ اس موقع پر ٹرسٹ بورڈ کی رکن  کوڈے کانتی وردھنی  بھی موجود تھیں۔ وجے کمار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مل کر ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک کھڈی پر محنت کرکے یہ منفرد ساڑی تیار کی۔

 

یہ بھی پڑھئے:شیخ حسینہ کو واپس آ کر مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے: وزیر اعظم کے مشیر


یہ ساڑی ۵ء۵؍ میٹر  لمبی۴۸؍ انچ  چوڑی ہے اور اس کا وزن صرف  تقریباً ۲۰۰؍گرام  ہے۔ روایتی  اکّت  ڈیزائن میں تیار کی گئی اس ساڑی کی سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اسے اس قدر باریک انداز میں تہہ کیا جا سکتا ہے کہ یہ آسانی سے ایک چھوٹی سی ماچس کی ڈبی میں سما جائے۔ وجے کمار نے اس فن پارے کی تخلیق کا سہرا دیوی بھرمارامبا کی کرپا کو دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاہکار ہینڈلوم کاریگروں کی مہارت، صبر اور برسوں کی محنت کی عکاسی کرتا ہے۔
مندر انتظامیہ نے سراہا
دیواستھانم کی جانب سے ساڑی وصول کرتے ہوئے ٹرسٹ بورڈ کے چیئرمین  رمیش نائیڈو نے وجے کمار کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ یہ منفرد تخلیق ریاست کے ہینڈلوم کاریگروں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہینڈلوم صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ نسل در نسل منتقل ہونے والا ایک قیمتی فن ہے، جس میں کاریگروں کی تخلیقی صلاحیت، مہارت اور لگن جھلکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہینڈلوم مصنوعات کی خریداری اور استعمال کو فروغ دیں تاکہ اس قدیم فن کی سرپرستی جاری رہ سکے۔

یہ بھی پڑھئے:ارشد وارثی ۱۷؍ سال کی عمر میں گلی گلی جاکر کاسمیٹکس کا سامان فروخت کرتے تھے


خصوصی درشن اور انتظامات کا جائزہ
ساڑی پیش کرنے کے بعد مندر انتظامیہ نے وجے کمار اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی درشن کا انتظام کیا۔ بعد ازاں رمیش نائیڈو نے مندر کی قطاروں اور عطیات جمع کرنے والے مرکز کا اچانک معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زائرین کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK