Inquilab Logo

وزیر تعلیم کی یقین دہانی کے باوجود سبکدوش اساتذہ کی عارضی تقرری

Updated: December 05, 2023, 11:31 AM IST | Siraj Shaikh | Alibag

رائے گڑھ کے مختلف اسکولوں میں کل ۱۶۹؍ اساتذہ کا تقرر، تعلیمی تنظیمیں ناراض، دیپک کیسرکر نے وعدہ کیا تھا کہ آئندہ نوجوانوں کوموقع دیا جائے گا۔

Such appointment has been made in 11 taluks of Raigarh. Photo: INN
رائے گڑھ کے ۱۱؍ تعلقوں میں اس طرح کی تقرری ہوئی ہے۔ تصویر : آئی این این

رائے گڑھ ضلع پریشد اسکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں پر ۱۶۹ سبکدوش اساتذہ کو عارضی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ حالانکہ ریاستی وزیر تعلیم دیپک کیسرکر نے کچھ دن پہلے تعلیمی تنظیموں کے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ سبکدوش اساتذہ کو عارضی طور پر رکھنے کے بجائے نئے لوگوں کو موقع دیا جائے گا۔ 
اطلاع کے مطابق رائے گڑھ ضلع پریشد کے اسکولوں میں ۱۶۹ سبکدوش اساتذہ کا عارضی بنیادوں پر تقرر کیا گیا ہے۔ اس لئے اساتذہ یونینوں ،ٹی ای ٹی کوالیفائیڈ امیدواروں نیز ٹی اے اآئی ٹی امتحان دینے والے امیدواروں میں ناراضگی ہے۔ ضلع پریشد اسکولوں میں اساتذہ کے عہدے خالی ہونے کے سبب طلبہ کے تعلیمی نقصان سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت مہاراشٹرکی جانب سے بچوں کے تعلیمی نقصان کے پیش نظران اسامیوں کو پر کرنے کیلئے سبکدوش اساتذہ کو عارضی طور پر اسکولوں میں تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا اور اساتذہ سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں ۔ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر بھرت باسٹیواڑاور پرائمری ایجوکیشن آفیسر پونیتا گورو نے مختلف اسکولوں میں یہ تقرری کی ہے۔ ان اساتذہ کا تقرر عارضی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔ 
تعلقہ کے گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر اورگروپ ایجوکیشن آفیسر اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کی تعداد کے مطابق انہیں تعینات کریں گے۔جن اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد بہت کم ہے یاپھر صفر ہے ایسے اسکولوں میں سبکدوش اساتذہ کو بھیجا جائے گا۔ اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ ۱۶۹ اساتذہ میں سے ۱۴۵ ،اساتذہ کا تعلق رائے گڑھ ضلع سے ہے بقیہ اساتذہ بیرونی اضلاع کے ہیں۔ 
 حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے تعلیمی تنظیموں میں ناراضگی ہے۔ ان کا مطالبہ ہےکہ ٹیچر اہلیتی امتحان(ٹی ای ٹی) کامیاب امیدوار اور میرٹ کا امتحان دینے والے امیدواروں کی بھرتیاں فوری طور پر کی جائیں ۔آج ریاست میں کم از کم ۳۰ ہزار پرائمری ٹیچرس کی اسامیاں خالی ہیں ۔ اطلاع کے مطابق رائے گڑھ ضلع پریشد میں پرائمری اساتذہ کی ایک ہزار ۲ سو ۵۰ اسامیاں خالی ہیں۔ انہیں فورا پر کرنے کا تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے۔
ریاستی ٹیچر کونسل ( پرائمری شعبہ) کے ریاستی صدر راجیش سروے نے کہا کہ حکومت سبکدوش اساتذہ کو ۲۰ ہزار روپے کے معاوضے پر تقرری کے بجائے مقامی طور پر تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو موقع فراہم کریں ۔ انہوں نے سبکدوش اساتذہ سے رخواست کی ہے کہ آج بہت سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں اسلئے وہ مذکورہ معاوضہ پر دوبارہ نوکری قبول نہ کریں۔ نوجوانوں کو ترجیح دینے کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔ہم سبکد وش اساتذہ کا احترام کرتے ہیں لیکن حکومت نے جو نئی تقرریوں کا راستہ اپنایا ہے ہم اسکی مخالفت کرتے ہیں ۔ یاد رہے کہ اس کی وجہ سے نئے اساتذکو ملازمت کا موقع نہیں ملتا 
سبکدوش اساتذہ کی تقریاں کہاں ہوئی؟
رائے گڑھ کے ۱۱تعلقوں میں ۱۶۹ اساتذہ کی تقرری کی گئی ہے، مہاڈ میں سب سے زیادہ ۱۳۱ساتذہ کی تقرری کی گئی ہے۔ جبکہ پین ۲۳، مہسلہ ۲۵، مانگائوں ۱۲، روہا ۲۳، شری وردھن ۲۲، علی باغ ۲۰، مروڈ۱، سدھاگڑھ ۷، تلہ ۲ اور پولاد پور میں ۱۳ساتذہ کی تقرری ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK