Inquilab Logo

ویسٹرن ریلوے میں آج سے۱۰؍ اے سی اور۱۹۴؍دیگر سروسیز کا آغاز

Updated: October 15, 2020, 9:23 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

لازمی خدمات کی فہرست میں اضافہ اورسماجی فاصلہ برقرار رکھنےکیلئےفیصلہ کیا گیا،اس کے ساتھ مجموعی لوکل خدمات یومیہ ۷۰۰؍ ہوجائیں گی

Local Train - Pic : PTI
لوکل ٹرین ۔ تصویر : پی ٹی آئی

عام مسافر لوکل ٹرینوں میں سفر کیلئے اجازت ملنےکی راہ دیکھ رہا ہے لیکن اب تک حکومت نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی یہ واضح اشارہ دیا ہے کہ کس تاریخ سےعام مسافروں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت ملے گی۔ اس کے برخلاف لازمی خدمات پر مامور عملہ اوراس میںبڑھائی گئی فہرست میں شامل مسافروں کیلئےیہ راحت کی بات ہے کہ جمعرات سے انہیں ایئر کنڈیشن لوکل ٹرینوں میں بھی سفر کا موقع ملے گا کیونکہ جمعرات ۱۵؍اکتوبرسے۱۰؍اے سی لوکل ٹرینیں شروع کی جارہی ہیں۔ اس کےعلاوہ۱۹۴؍لوکل سروسیزبڑھائی جارہی ہیںجس سےلازمی خدمات پرمامور عملہ مزید آسانی کےساتھ سفر کر سکے گا۔ 
 اس اضافے کےساتھ ویسٹرن ریلوے میں مجموعی لوکل خدمات کی تعداد بڑھ کر یومیہ ۷۰۰؍ہوجائے گی۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے نمائندہ انقلاب کوبتایا کہ یہ سب کووڈ ۱۹؍ سے متعلق ہدایات پرعمل کرنے اور مسافروں کو سہولت پہنچانے کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔
  ۱۵؍ اکتوبرسےجو۱۹۴؍لوکل خدمات بڑھائی جارہی ہیںان میں۴۹؍صبح کے بھیڑ بھاڑ والے اوقات میں اور۴۹؍شام کےبھیڑ بھاڑ والے اوقات میںچلائی جائیںگی۔اس سےبھیڑ بھاڑ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ 
ایئر کنڈیشن لوکل ٹرینوں کی ترتیب
 تقریباً پونے سات ماہ بعد پہلے مرحلے میں شروع کی جانے والی۱۰؍ایئر کنڈیشن لوکل سروسیز میں سے۲؍ سروسیزدھیمی رفتار والی ہوں‌گی۔ ایک مہالکشمی سے بوریولی کے درمیان اور ایک بوریولی سےچرچ گیٹ کے درمیان دھیمی رفتار والی ہوگی بقیہ۸؍سروسیز فاسٹ ہوں گی۔ اور ان میں سے۴؍ چرچ گیٹ سے ویرار اور۴؍ ویرار سے چرچ گیٹ تک چلائی جائیں گی۔ 
دیگر ٹرینوں کی ترتیب
 اس کے علاوہ بڑھائی جانے والی ۱۹۴؍لوکل خدمات میں سےچرچ گیٹ سےویرار کے درمیان۵۱؍ خدمات بڑھائی گئی ہیں۔ اور بوریولی تا چرچ گیٹ کے درمیان ۹۶؍ لوکل خدمات کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح بھایندر ویرار کے درمیان ۹؍ خدمات، نالاسوپارہ اور چرچ گیٹ کےدرمیان ۱۲؍خدمات، چرچ گیٹ اور بھایندر کے درمیان ۹؍خدمات، وسئی روڈچرچ گیٹ کے درمیان۲؍  خدمات، باندرہ اور بوریولی کے درمیان۸؍خدمات اور چرچ گیٹ تا باندرہ کے درمیان۸؍خدمات بڑھائی جارہی ہیں۔
 چیف پی آر او نے مزید بتایا کہ ٹرینوں کی صفائی، سینی ٹائیزیشن اور رکھ رکھاؤ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔ اس میںانہی مسافروں کو سفر کی اجازت دی گئی ہے جن کو ریاستی حکومت نے منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں سےیہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ماسک پہننے کا بطور خاص اہتمام کریںاورعام مسافرجو لازمی خدمات کی فہرست میں شامل نہیں کیےگئے ہیں اس وقت تک سفر کرنے سے گریز کریں جب تک کہ عام مسافروں کیلئے سفر کی اجازت کے تئیں باضابطہ اعلان نہ کر دیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK