تھائی لینڈ کی وزیراعظم کا ایک فون کال لیک ہوا ہے جس میں وہ فوج کے سیکنڈ آرمی ریجن کے کمانڈر پر تنقید کررہی ہیں۔ اس کے بعد اپوزیشن کی رہنمائی میں سیکڑوں شہری نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 28, 2025, 6:03 PM IST | Bangkok
تھائی لینڈ کی وزیراعظم کا ایک فون کال لیک ہوا ہے جس میں وہ فوج کے سیکنڈ آرمی ریجن کے کمانڈر پر تنقید کررہی ہیں۔ اس کے بعد اپوزیشن کی رہنمائی میں سیکڑوں شہری نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں سیکڑوں مظاہرین نے ایک لیک ہونے والی فون کال پر بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کے درمیان وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ تھائی پی بی ایس کی خبر کے مطابق، دارالحکومت، بنکاک اور کئی دیگر صوبوں سے مظاہرین وکٹری مونومنٹ کے علاقے کے گرد جمع ہوئے، نعرے لگا رہے تھے اور پریمیئر پیٹونگٹرن شیناواترا سے لیک ہونے والی کال پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پیٹونگٹرن نے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو وہ احتجاج کرنے والے لیڈروں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، اور انہیں امید ہے کہ احتجاج پرامن ہوگا۔
یاد رہے کہ وہ اس وقت تنقید کی زد میں آگئیں جب کمبوڈیا کے سینیٹ کے صدر ہن سین نے ایک فون کال لیک کی جس کے دوران پیٹونگٹرن کو تھائی فوج کے سیکنڈ آرمی ریجن کے کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے سنا گیا، جو متنازع سرحدی علاقے پر کمبوڈیا کی کھلے عام تنقید کرتے رہے ہیں۔ اس کے بعد اپوزیشن جماعتوں اور مظاہرین نے ان کے استعفیٰ اور پارلیمنٹ کی تحلیل کا مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نتھا پونگ روینگپانیاوت نے عوامی اعتماد کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے فوری انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ لیکن گزشتہ ہفتے حکمران فیو تھائی پارٹی نے ان کالوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیٹونگٹرن نہ تو استعفیٰ دیں گے اور نہ ہی پارلیمنٹ کو تحلیل کریں گے۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی کشیدگی ۲۸؍ مئی سے بڑھ رہی ہے۔