Inquilab Logo

تھانے : ہاکرس اور چھوٹے کاروباریوں کو مرکزکی اسکیم کے تحت قرض ملنےکی امید

Updated: November 19, 2022, 10:17 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

: پھیری والوں کو خودمختار بنانے کی کوشش اور کورونا بحران سے مندی کی مار سے ابھرنے میں مدد دینے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ہاکروں اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوںکو فی کس ۱۰؍ تا ۵۰؍ ہزر روپے بطور قرض دینے کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔

The needy people are filling the form in the camp organized in Mumbra to avail the loan scheme of the Centre.
مرکز کی قرض اسکیم سے استفادہ کیلئے ممبرا میں منعقدہ کیمپ میںضرورتمند افراد فارم پُر کررہے ہیں۔ (تصویر: ا نقلاب)

پھیری والوں کو خودمختار بنانے کی کوشش اور کورونا  بحران سے مندی کی مار سے  ابھرنے میں مدد دینے کیلئے  مرکزی حکومت کی جانب سے ہاکروں  اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوںکو فی کس  ۱۰؍   تا ۵۰؍ ہزر روپے  بطور قرض دینے کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔  یہ قرض بلا سودی  ہوگا اور اسے قسطوں میں ادا کرنا ہوگا۔اس کا نام ’ پی ایم  اسٹریٹ وینڈرس آتم نربھر ندھی  ‘ ہے اور تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کی حدود میں ۱۱؍ہزار ۲۳۷؍   درخواستوں  کا ہدف دیا گیا ہے۔  اس ہدف کو پورا کرنے کی غرض سے تھانے میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے اپنےافسران کی میٹنگ لی اور سبھی وارڈ کے اسسٹٹ میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہاکرس کو ۱۰؍ ہزار روپے قرض کی مرکزی حکومت کی اسکیم کا فائدہ پہنچانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں۔ نومبر میں تمام فارم پُر کر لئے جائیں۔ انہوں نے بینکوں سےبھی اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے مذکورہ اسکیم سے استفادہ کرنے کیلئے کم سے کم دستاویز پر ہاکروں کے کھاتے کھولیں ۔شہری علاقوں میں بھی اس اسکیم کا فارم پُر کرنے کیلئے کیمپ کے انعقادکا سلسلہ  شروع کر دیا گیا ہے۔
  تھانے میونسپل کمشنر کے مطابق پی ایم  ایس وی اے ندھی مرکزی حکومت کی ایک اہم اسکیم ہے جس کے بارے میں ممبئی میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ بھاگوت کراڈ اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندرفرنویس نے تمام متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور  ہاکروں کو اس اسکیم کا فائدہ  حاصل ہو، اس کیلئے ضروری اقدام کرنے کی ہدایت دی تھی۔
 فارم پُر کرنے والوں کو  دسمبر ۲۰۲۲ءمیں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ’پی ایم  ایس وی اے ندھی‘ سے استفادہ کنندگان میں۱۰؍ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔ اس لئے رجسٹریشن۳۰؍ نومبر تک مکمل کر لیا جائے۔
 میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے حال ہی میں اس اسکیم میں پیش رفت، اس میں آنے والی مشکلات اور ان کے حل کا جائزہ لینے کیلئےایک میٹنگ منعقد کی جس میں ایڈیشنل کمشنر  ، ڈپٹی میونسپل کمشنر ، پی ایم  ایس وی اے ندھی  کے تھانے کے لیڈ منیجر   اور تمام اسسٹنٹ   میونسپل کمشنرس موجود تھے۔
 میونسپل کمشنر بانگر نے اس تعلق سے وضاحت کی کہ اس قرض کیلئے اہل ہاکرس کو سرکاری ہاکر کا درجہ نہیں ملتا۔ یہ ایک اسکیم ہے جس سےکورونابحران کے سبب ہونے والی  مالی پریشانی سے ابھرنے میں مدد کرے گی۔ اس اسکیم کا مقصد بہت اچھا ہے اور یہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ہاکروں تک پہنچیں اور انہیں مالی طور پر بہتر بنائیں۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی کہ اگر درخواست دینے میں کوئی دشواری ہو تو وہ خود اس کا جائزہ لیں۔  س بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہاکرس درخواست کے پورے عمل میں ایک دن سے زیادہ کا وقت نہ لگے۔  اگر ہاکرس کو پریشان کیا جائے گا تو دیگر ہاکرس اس اسکیم کا فارم پُر کرنے میں دلچسپی نہیں لیں گے ۔میونسپل کمشنر کے مطابق اسکیم ’ایس وی اے ندھی سے سمرودھی تک‘ کے دوسرے مرحلے میں تھانے کی کارکردگی اچھی ہے۔ اس کے کیمپ ہر ہفتے لگنے چاہئیں۔ ہاکروں کو دسمبر ۲۰۲۴ء  میںپہلے مرحلے میں ۱۰؍  ہزار  روپے، دوسرے مرحلے میں  ۵۰؍ ہزار روپے اور تیسرے مرحلے میں ۸۰؍  ہزار روپے تک قرض دیئے جائیں گے جو انہیں طے شدہ قسطوں میں ادا کرنے ہوں گے ۔ آج کل بغیر کسی ضمانت کے ایسا قرض ملنا ناممکن ہے۔  ابھیجیت بانگرکے مطابق میونسپل کارپوریشن پی ایم سیلف فنڈ اسکیم کے حوالے سے جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پرطے شدہ  اہداف کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس میں کسی حد تک بینکوں کی جانب سے رکاوٹوں کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ اس لئے بینکوں کو سمجھداری سے کام لینا چاہئے۔ یہ ایک ایسی اسکیم ہے جس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ بینکوں کو مرکزی حکومت کی طرف سے تجویز کردہ دستاویزات سے زیادہ کوئی دستاویز نہیں مانگنا چاہئے۔ انہیں کوئی اضافی دستاویزات، اسٹامپ پیپر نہیں مانگنا چاہئےنیز ہاکروں کے زیرو بیلنس اکاؤنٹس بغیر کسی رکاوٹ کے کھولے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی سطح کی بینکنگ کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ ایک بار جب دستاویزات کی تصدیق کے بعد میونسپل کارپوریشن سے سفارش کا خط آتا ہے تو اسے قبول کیا جانا چاہئے۔ 
  اس اسکیم کا فارم پُر کرنے کیلئے  ممبرا وارڈ آفس میں سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ رشید کمپاؤنڈ علاقے کے سابق کارپوریٹر حنیف پیتل والا ،سابق کارپوریٹر ظفر نعمانی (ممبرا انگلش اسکول کا علاقہ) اور اسی طرح دیگر سابق کارپوریٹروں نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں یہ کیمپ لگایا ہےاور چند جگہوں پر اس کا انعقاد کیا جانے والا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK