Inquilab Logo

نہرو سینٹر میں اسکول ٹیچروں کی پینٹنگز کی نمائش

Updated: February 02, 2024, 12:18 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

’آرٹ ویژن‘ کے ۲۴؍ ممبروں کے ۷۶؍ فن پارے نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔

Drawing teachers of schools in an exhibition held at Nehru Centre. His paintings can also be seen behind. Photo: Inquilab
اسکولوں کے ڈرائنگ ٹیچرس نہروسینٹر میں منعقدہ نمائش میں۔ پیچھے ان کی پینٹنگز بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: انقلاب

ممبئی اور پورے مہاراشٹر کے مختلف اضلاع کے اسکولوں میں ڈرائنگ سکھانے والے اساتذہ میں چھپے فن کو عوام کے سامنے لانے اور ان فنکاروں کو اپنے فن کی نمائش کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے شروع کئے گئے ’آرٹ ویژن‘کی نمائش ورلی میں واقع نہرو سینٹر کی آرٹ گیلیری میں کامیابی سے جاری ہے اور اس کے نتائج سے بانی ممبران بہت خوش ہیں۔ 
 چیتا کیمپ کے آئیڈیل اسکول میں ڈرائنگ کے استاد ریاض قاضی نے اس بارے میں بتایا کہ ’’آرٹ ویژن‘ کے ۹۵؍ فیصد ممبران مختلف اسکولوں کے اساتذہ ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اسکولوں میں ڈرائنگ سکھانے والے زیادہ تر اساتذہ اچھے فنکار ہوتے ہیں لیکن ان کی زندگی اسکول سے گھر اور گھر سے اسکول تک محدود ہوکر رہ جاتی ہے۔ اگر وہ کوئی پینٹنگ کرتے بھی ہیں تو وہ ان کے گھر پر ہی رہتی ہے، کوئی ان کے بارے میں نہیں جانتا۔ اگر کوئی استاد مصوری کرتا ہے اور اس کی نمائش کرنا چاہے تب بھی اکیلے شخص کیلئے ممکن نہیں ہوتا کہ وہ نمائش کے انتظامات تنہا کرسکے۔ اس لئے ۲۰۱۲ء میں ’آرٹ ویژن‘ کے نام سے ہم نے ایک تنظیم بنائی جس میں پورے مہاراشٹر کے کئی اسکولوں کے اساتذہ ممبر ہیں۔ ‘‘
 ’آرٹ ویژن‘ کے زیر اہتمام ۳۰؍ جنوری سے شروع کی گئی ڈرائنگ ٹیچروں کے فن پاروں کی نمائش نہرو سینٹر کی سرکلر گیلری میں ۵؍ فروری تک جاری رہے گی۔ اس نمائش میں طلبہ، موجودہ اساتذہ کے ساتھ ہی ساتھ سبکدوش اساتذہ کی پینٹنگ بھی شامل ہیں۔ اس نمائش کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ۲۴؍ فنکاروں کے ۷۶؍ آرٹ ورک کی نمائش ہورہی ہے جن میں ریاض قاضی، ان کے طالب علم ارباز عثمانی، رستم پٹھان، ارجن مچھیولے، مہیش کدم، سندیپ پاٹل، جاوید ملا، اشوینی، اسنیہل، لتا، مہادیو گوپالے اور شرد کامبلے شامل ہیں۔ 
 اس نمائندے کے پوچھنے پر ارجن مچھیلوے نے بتایا کہ چونکہ اس نمائش میں ۲۴؍ افراد کی پینٹنگز شامل ہیں اس لئے ان میں مختلف قسم کے رنگ، سوچ، فن سب کچھ شامل ہے اور مصوری کے قدر دانوں کیلئے دلچسپی کا کافی سامان یہاں موجود ہے۔ اس تنظیم میں شامل اساتذہ ایسے طلبہ کو جانتے ہیں جو اچھے مصور بن سکتے ہیں اور اپنے استادوں کے کام سے متاثر ہوکر چند طلبہ نے مصوری پر محنت شروع کی ہے اور اس نمائش میں ان کی پینٹنگز بھی شامل کی گئی ہیں۔ 
 ریاض قاضی کے مطابق آرٹ ویژن سال میں ایک بار نمائش کا اہتمام کرتا ہے اور یہ ۱۲؍ویں نمائش ہے۔ نمائش کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ہر نمائش میں ۴؍ سے ۵؍ فنکاروں کی پینٹنگز فروخت بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نمائش کا اصل مقصد صرف پینٹنگ فروخت کرنا نہیں ہوتا بلکہ نمائش کا حصہ بننے سے فنکاروں کو حوصلہ ملتا ہے، لوگ ان کے فن کو دیکھتے ہیں اور کبھی کسی کو مسلسل کام ملنے کا راستہ بھی کھل جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK