Inquilab Logo

تھانے : کوپری بریج کا آج وزیراعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح ہوگا

Updated: February 09, 2023, 8:00 AM IST | Mumbai

اپوزیشن کی سخت تنقید ، کہا کہ ۱۵؍ دن سے پل بن کرتیار ہے لیکن اسے بند رکھا گیا تاکہ اس کا افتتاح ایکناتھ شندے کی سالگرہ پر کیا جاسکے

Banners of congratulatory messages are visible on the birthday of Prime Minister Shinde at Kopri Bridge.
کوپری بریج پروزیراعلیٰ شندے کی سالگرہ پرمبارکباد کے بینرس نظر آرہے ہیں۔(تصویر:انقلاب)

کوپری ریل اوور بریج تھانے اور ممبئی کو جوڑنے والا اہم پل ہے جسے جمعرات  ۹؍فروری (آج) کو ٹریفک کیلئے کھولے جانے کی توقع ہے ۔ اسی دن وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی سالگرہ بھی ہے۔اسی لئے   اپوزیشن نے دعویٰ کیا کہ یہ پل گزشتہ۱۵؍ دن سے بن کرتیارہے لیکن اس کا افتتاح روک دیا گیاتھا تاکہ وزیراعلیٰ اپنی سالگرہ پر فیتہ کاٹ سکیں۔ اس بارے میں استفسار  پر ایم ایم آر ڈی اے نے اس کی تردید کی اور کہا کہ کچھ معمولی کام باقی ہیں لیکن جب اس نمائندے نے گزشتہ روز کوپری بریج کا دورہ کیا تو وہاں چند مزدورموجود تھے ، اس کے باوجود پل تیار نظر آیا۔  وہاں  وزیراعلیٰ کو مبارکباد دینےکے بینرس بھی آویزاں کئے گئے تھے۔
 کوپری ریل اوور بریج  ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر واقع ہے،اسے ۴؍ لین سے کشادہ کرکے ۸؍ لین بنانے کا کام ۲۰۱۸ء  میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ کام دو مرحلوں میں کیا گیا ۔ پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر اسے اکتوبر۲۰۲۱ء میں ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ دوسرے مرحلے پر کام جاری تھا اور اسے امسال جنوری تک مکمل ہونا تھا۔ ایم ایم آر ڈی اے، جواس پل کا  کام کر رہا ہے، نے اب افتتاح کی تاریخ۹؍فروری مقرر کی ہے  اوراسی دن وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی سالگرہ بھی ہے ۔
 شیو سینا (ادھوٹھاکر) کےلیڈروںنے دعویٰ کیا ہے کہ کوپری بریج پچھلے دو ہفتوں سےبن کر تیار ہے۔ اس کے لیڈرسنجے گھڑیگاؤنکر نے اس بارے میںکہاکہ ’’یہ پل گزشتہ ۱۵؍ دن سے تیار ہے لیکن اسے ابھی تک نہیں کھولا گیا ہے، یہاں تک کہ ممبئی   اور تھانے کے باشندے گزشتہ ۴؍ سال سے یہاں ٹریفک جام کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔اس لئے اگر پل تیار ہوتوکسی وزیر کو اس کا افتتاح کرنے کی ضرورت نہیں  ہےکیونکہ یہ عوام کے مفاد میں ہے۔‘‘ ا نہوں نے مزید کہا کہ ’’ شندے حکومت نے ابھی تک ایک بھی کام نہیں کیا ہے   پھر بھی اس کا سہرا اپنے سر باندھنا چاہتی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس سے قبل ایم ایم آر ڈی اے نے پل پر کام کے شیڈول کے بارے میں ایک بورڈ لگایا تھا جسے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پل تیار ہے ۔‘‘ تھانے کے مہاراشٹرنونرمان سینا (ایم این ایس ) لیڈر اویناش جادھو نے کہا کہ ’’یہ ہماری پارٹی تھی جس نے ۲۰۱۷ء میں تھانے کے شہری انتظامیہ کو پرانے کوپری پل میں دراڑ کے بارے میں مطلع کیا تھا اور اسے ٹریفک کیلئے  بند کرنے اور   نیا پل تعمیر کرنے کا اختیار ملا تھا۔‘‘ انہوں نے انتباہ دیا تھا کہ وہ   بدھ کو پل کا دورہ کریں گے اور  اگر یہ تیار پایا گیا تو     اسے اپنے انداز میں کھولیں گے۔تاہم بدھ کو اویناش جادھونے کوپری بریج کا دورہ نہیں کیا۔
  ایم ایم آر ڈی اے میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے  اس تعلق سے کہا کہ ’’ہم ۹؍فروری کو پل  ٹریفک کیلئے کھولنے جا رہے ہیں کیونکہ کچھ معمولی کام ابھی باقی ہے۔‘‘ اپوزیشن لیڈروں کی طرف سے لگائے گئے الزامات کے بارے میں استفسار پر انہوں نے کہا کہ ’’یہ جھوٹے الزامات ہیں۔ ہمارے تقریباً۲۰، ۳۰؍ مزدور  پل پر کام کر رہے ہیں۔ ہم ایک یا دو دن میں کام مکمل کر لیں گے۔‘اس نمائندے نے وزیراعلیٰ کے دفتر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK