Inquilab Logo

تھانے رنگ میٹرو پروجیکٹ وقت کی ضرورت: ایکناتھ شندے

Updated: October 08, 2023, 8:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اس پر وجیکٹ کی منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ کی مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری سے ملاقات۔

Chief Minister Eknath Shinde and Union Urban Development Minister Hardeep Singh Puri. Photo. INN
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری۔ تصویر:آئی این این

ممبئی کے ساتھ ساتھ تھانےمیں اسٹیشن سے دور دراز علاقوں میں آبادی تیزی سے بڑھتی جارہی ہے۔رہائشی علاقوں کی توسیع کو ذہن میں رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری  کے سامنے `تھانے رنگ میٹرو پروجیکٹ کو وقت کی ضرورت بتایا ،اسے منظور کرنے اور اسی کے ساتھ میٹرو کے کوچ کی تعداد بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ رنگ میٹرو پروجیکٹ کو منظوری دیتے ہوئے میٹرو کوچ کی تعداد بڑھانے کےوزیر اعلیٰ کے مطالبے پر مثبت فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے شہری علاقوں میں جاری مختلف پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے مرکزی وزارت داخلہ کے زیر اہتمام نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں شرکت کرنے گئے تھے ،اسی  میٹنگ کے بعد انہوں نے مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری سے مہاراشٹر کے بنیادی ڈھانچوں کے منصوبوں کی منظوری  کیلئے ملاقات کی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ’’ تھانے شہر میں ۲؍میٹرو پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں۔ شہر پھیل رہا ہے اور ضلع کی آبادی بھی بڑھ رہی ہے۔ تھانے کے ایک ریلوے اسٹیشن سے۷؍سے ۸؍لاکھ تک مسافر کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ اس لئے۲۹؍کلومیٹر طویل تھانے رنگ میٹرو کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ منظوری کیلئے مرکز کو پیش کی گئی ہے ۔‘‘ اسے منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے میٹرو کوچ کی تعداد بڑھانے کی بھی درخواست کی۔ ان کے طمابق مہاراشٹر میں  جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کو مرکزی حکومت کا تعاون مل رہا ہے۔ اس لئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ان منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر  سے تھانے میٹرو کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ اس دوران مہاراشٹر کے شہری علاقوں میں مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔  وزیر اعلیٰ کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری برجیش سنگھ اور مہامیٹرو کے منیجنگ ڈائریکٹر شراون ہارڈیکر بھی موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK