Inquilab Logo

راجستھان میں بغاوت کے خدشےسے ’بھارت جوڑو تحریک ‘ بھی متاثر

Updated: September 27, 2022, 9:50 AM IST | new Delhi

راہل گاندھی کی نگاہیں مسلسل جے پور میں ہونے والی تبدیلیوں پر مرکوز، پل پل کی معلومات لے رہے ہیں، وینو گوپال دہلی پہنچے، ملکارجن کھرگے اور اجےماکن کے ساتھ میٹنگ سے راہل کو آگاہ کریں گے

Rahul Gandhi playing football with a group of students coming to join Yatra
یاترا میں شامل ہونے کیلئے آنے والے طلبہ کے ایک گروپ کے ساتھ راہل گاندھی فٹ بال کھیلتے ہوئے

 وزیراعلیٰ اشوک گہلوت خیمے کے  اراکین اسمبلی کے باغیانہ تیوروںکی وجہ سے ایک جانب جہاں  راجستھان میں  بغاوت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، وہیں اس کی وجہ سے راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو تحریک‘ بھی متاثر ہورہی ہے۔ اس درمیان راہل گاندھی کی توجہ پوری طرح سے راجستھان پر مرکوز ہوکر رہ گئی ہے جہاں پل پل حالات تبدیل ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں یاترا میں شامل تنظیمی جنرل سیکریٹری وینو گوپال کو راہل گاندھی نے دہلی بھیجا ہے جہاں وہ  راجستھان سے واپس آنے والے پارٹی کے مشاہدین ملکارجن کھرگے اور اجے ماکن سے ملاقات کریں گے اور وہاں کے سیاسی حالات کا جائزہ لے کر راہل گاندھی کو اس سے آگاہ کریں گے۔
 دریں اثناکانگریس صدر سونیا گاندھی نے کھرگے اور اجے ماکن سے راجستھان کے حالات پر تفصیلی اور تحریری رپورٹ دینے کیلئے کہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان دونوں نے پیر کوسونیا گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران کے سی  وینوگوپال بھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو چھوڑ کر اس میٹنگ میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر یہاں پہنچے تھے۔ وینوگوپال نےشام میں بھی پیش رفت کے درمیان اشوک گہلوت سے فون پر بات چیت کی تھی۔اُس وقت اشوک گہلوت نے صفائی پیش کی تھی کہ اس پورے معاملے میں ان کا کوئی  ہاتھ نہیں ہے۔وینو گوپال اس رپورٹ کو لے کر راہل گاندھی کے پاس جائیں گے اور انہیں اپنے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے نتائج سے آگاہ کریںگے۔
 سونیا گاندھی اور کے سی وینو گوپال کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد اجے ماکن نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ انہوں نے راجستھان میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں سونیا گاندھی کو پوری تفصیلات دے دی ہیں، لیکن  انہوں نےان سے تحریری اور تفصیلی رپورٹ دینے کیلئے کہا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ رپورٹ کب تک دی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ کل صبح تک رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اشوک گہلوت کی حمایت کرنے والے ایم ایل ایز نے ان سے کہا ہے کہ ان میں سے کسی ایک کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے۔  خیال رہے کہ راہل گاندھی کیرالا میں ہونے  کے باوجود اپنی پوری توجہ راجستھان پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
’’بھارت جوڑو یاترا کو بدنام کرنے 
والوں  کو بخشا نہیں جائے گا‘‘
 نئی دہلی (ایجنسی):کانگریس  نے بی جے پی لیڈر پریتی گاندھی کے خلاف فرضی خبریں پھیلانے کا معاملہ درج کراتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو بدنام کرنے  والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ کانگریس کے رکن پارلیمان ’ہبی ایڈن‘ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی لیڈر نے ایک ٹویٹ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی تھی کہ کانگریس کے سابق صدر ایک ایسے شخص کے ساتھ پوز دے رہے ہیں جس نے ماضی میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کاالزام عائد ہوچکا ہے۔
  کانگریس نے واضح طور پر کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو بدنام کرنے اور اوراس کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور پارٹی نے یہ عزم کرلیا ہے کہ ان لوگوں کو سبق سکھایا جائے گا۔
 ایک ٹویٹ میں یہ معلومات  دیتے ہوئے کانگریس کے  مواصلاتی شعبےکے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کو نقصان پہنچانے کیلئے بی جے پی لیڈر اور ان کے اندھ بھکت آن لائن نفرت پھیلانے والی فیکٹری کی طرح کام کر رہے ہیں۔ ہم نے ایسی جعلی اور نفرت  انگیز خبروں کے پانچ  معاملات میں قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔یاد رہے کہ ہم اس جھوٹ پر نرم رویہ اختیار نہیں کریں گے۔‘‘
  خیال رہے کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہبی ایڈن نے کیرالا کے پالری ویٹم پولیس اسٹیشن میں درج کرائی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK