Inquilab Logo

موسم باراں سے متعلق۹۰؍ فیصد کام مکمل کرنے کا سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کا دعویٰ

Updated: May 29, 2023, 10:59 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

اٹھارہ اسٹیشن نشیبی حصوں میں شمار کئے گئے۔ پٹریوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی پر سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے

The roof of Dadar station platform number 1 to 4 is being repaired.
دادر اسٹیشن کےپلیٹ فارم نمبر ایک سے ۴؍تک کی چھت کی مرمت کی جارہی ہے۔(تصویر: انقلاب)

موسم باراں سے متعلق۹۰؍ فیصد کام مکمل کرنے کا سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے۔ سینٹرل اورویسٹرن ریلوے میںممبئی کی حدود میں ۱۸؍ اسٹیشن ایسے ہیں جونشیبی حصوں میں شمار کئے گئے ہیں یعنی ان جگہوں پرزیادہ پانی بھرتا ہے یا تھوڑی سی بارش میںبھی یہاںحالات خراب ہونے لگتے ہیںاورپٹریاں پانی میںڈوب جاتی ہیں۔ اس لئے پٹریوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی پر سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ مانسون سے متعلق کام پورا ہوجانے پر لوکل ٹرینیں معمول کے مطابق چلانے کی امید ہے۔
 جن اسٹیشنوں کونشیبی حصے میںشمار کیاگیا ہے،  ان میںمسجد، مجگاؤںیارڈ، بائیکلہ ،چنچپوکلی ،کری روڈ ، پریل ،دادر ،ماٹونگا ، سائن ، کرلا ،وکھرولی ، کانجور مارگ ، بھانڈوپ ،ملنڈ ،وڈالا   ،گرو تیغ بہادر  نگر، چونا بھٹی اورتلک نگروغیرہ اسٹیشن شامل ہیں ہیں۔ اس کے علاوہ ویسٹرن ریلوے میںممبئی سینٹرل ، گرانٹ روڈ ، مرین لائنس ، مہالکشمی ، پریل ،   دادر، ماہم ، باندرہ ، کھار  ، ماٹونگا ، سانتاکروز، وسئی  اور نالاسوپارہ وغیرہ شامل ہیں۔ ان میںسے کئی جگہوں پر اس دفعہ مائیکرو ٹنلنگ (پٹری کے نیچے سرنگ جسے نالوں سے جوڑا گیا ہے) بنائی گئی ہے تاکہ پٹریوں پرجمع ہونے والے پانی کی نکاسی آسانی کےساتھ ہو۔
  ویسٹرن اورسینٹرل ریلوے میں    نالے اور پٹری کے قریب نالیوں کی صفائی بڑے پیمانے پر کی گئی ہے اوراب تک ۶۰؍ہزار کیوبک سے زائد کچرا نکالا گیا ہے۔اس کے علاوہ پٹریوں کو اونچا کرنا ،اسٹیشن پر چھتوں کی مرمت اوردیگر کام کئےگئے ہیں۔خاص طور پرسینٹر ل ریلوے میں کرجت ،کسارا اوراگت پوری سے قریب کے حصے میں گھاٹ سیکشن پربارش کےدنوں میں چٹانیں کھسکنے کے واقعات پیش آتے ہیں جس سےلوکل اورطویل مسافتی ٹرینوں کو بریک لگ جاتا ہے۔ اس کے لئے ریلوے کاکہنا ہے کہ ایسی جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں پتھروں کو جالیوں سے باندھنا،دراڑوں کی نشاندہی کرنا  اور کھسکنے والے پتھروں کی نشاندہی وغیرہ پر ایک ٹیم کومامور کیا گیا ہے۔بارش میںبھی یہاں ایک ٹیم مستقل طور پرمامور رہے گی۔
 دریں اثناء  اوورہیڈ وائر، سگنل کی مرمت ، پٹریو ںکے قریب واٹر لیول ، پٹریوں کے قریب دیواروں کی تعمیر، ۲۰۰؍سے زائد ہائی پاور واٹر پمپ کی تنصیب ،اوورہیڈ وائر سے بچانے کیلئے درختوںکی شاخوں کو تراشنااورایسے دیگر ۹۰؍فیصد کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔یہ تفصیلات ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکور اورسینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اے کے جین نے نمائندۂ انقلاب کوبتائیں۔

dadar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK