Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی نسل کا عزم برقرار، سرکار بے بس، نمٹنا مشکل، آج پھر گفتگو

Updated: July 25, 2026, 8:24 AM IST | New Delhi

حکومت اور سی جے پی نمائندوں کی گفتگو بے نتیجہ رہی ،دھرمیندر پردھان کو برخاست کرنے پر غور کیلئے حکومت نےآج تک کا وقت مانگا ، ملک گیر احتجاج بڑی حد تک کامیاب رہا ، جنتر منتر پر ہجوم میں زبردست اضافہ

Along with students, thousands of Jain protesters and social activists are also present at the CJP protest at Jantar Mantar. (Photo: PTI)
جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاج میں طلبہ کے ساتھ ساتھ ہزاروں جین زی مظاہرین اور سماجی کارکنان بھی موجود ہیں ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

زیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے، امتحانی پرچوںکےلیک کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کے مطالبے پر کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں جنتر منتر پر طلبہ اور نوجوانوں کا احتجاج جمعہ کو بھی جاری رہا۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے طلبہ، نوجوان، سماجی کارکن اور عام شہری مسلسل جنتر منتر پہنچ رہے ہیں، جس کے باعث جنتر منتر پر سرگرمیاں بہت تیزی کے ساتھ بڑھ گئی ہیں۔ طلبہ جن میں جین زی کی بڑی تعداد موجود ہے ،  یہاں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کی بھیڑ لاکھوں تک جاپہنچی ہے۔ حکومت کے خلاف احتجاج کا ان کا عزم اتنا بلند ہے کہ انہیں قابو میں کرنا اور حالات کو قابو میں رکھنا دہلی پولیس اور دیگر ایجنسیوں کیلئے درد سر بن گیا ہے۔
حکومت اور سی جے پی کی میٹنگ بے نتیجہ 
 دریں اثناء مرکزی حکومت اور احتجاجی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کے نمائندوں کے درمیان کانسٹی ٹیوشن کلب میں تقریباً ۲؍ گھنٹے  طویل   مذاکرات  ہوئے۔ ان میں مرکزی وزیر جے پی نڈا، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ  جبکہ سی جے پی کی جانب سے ترجمان سورو داس اور آشوتوش رانکا نے شرکت کی ۔ دونوں فریقوں کے درمیان مطالبات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔مرکزی حکومت نے مطالبات پر غور کرنے کیلئے سنیچر کی دوپہر تک مہلت مانگی ہے اور اس کے بعد اپنا باضابطہ جواب دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سی جے پی کے ترجمان سورو داس اور آشوتوش رانکا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے حکومت کے سامنے اپنے تمام مطالبات واضح طور پر رکھ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ان کا بنیادی مطالبہ ہے اور اس کے بغیر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔تنظیم ہفتہ دوپہر تک حکومت کے جواب کا انتظار کرے گی، لیکن اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر سطح پر نئی کال دی جائے گی اور تحریک کو مزید وسیع اور تیز کیا جائے گا۔
آج پھر گفتگو 
 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پیپر لیک کی وجہ سے خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے اوراحتجاج کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کی حکومت نے ہامی بھری ہے۔ سنیچر کو دوپہر میں پھر میٹنگ ہوگی جس میں حکومت اپنا موقف واضح کرے گی ۔ 
ملک گیر احتجاج بڑی حد تک کامیاب رہا 
 دوسری جانب  سی جے پی کے کال پر ملک گیر سطح پر کیا گیا احتجاج بڑی حد تک کامیاب رہا ۔  پارٹی کے مقامی یونٹوں نے کئی اضلاع میں ضلع کلکٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا اور کلکٹر کواپنے مطالبات کا میمورنڈم سونپا   ۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK