بامبے یونیورسٹی اینڈ کالج ٹیچرس یونین کی ہدایت پر شہر ومضافات اور دیگراضلاع میں اساتذہ نے طلبہ کے پُرامن احتجاج پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 12:36 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بامبے یونیورسٹی اینڈ کالج ٹیچرس یونین کی ہدایت پر شہر ومضافات اور دیگراضلاع میں اساتذہ نے طلبہ کے پُرامن احتجاج پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی۔
نیٹ پیپر لیٖک معاملے میں احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت اور ان پر پولیس کارروائی کے خلاف بامبے یونیورسٹی اینڈ کالج ٹیچرس یونین ( بی یوسی ٹی یو ) نے جمعہ کو ممبئی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع کے کالجوں میں پُرامن احتجاج کیا ۔اس دوران انہوں نے کالا فیتہ اور بیج پہن کر ڈیوٹی کی اور کچھ کالجوں میں طلبہ بھی اس آندولن میں شامل ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: شیواجی پارک: جنترمنتر پر طلبہ کے احتجاج کی حمایت میں زبردست ’ترنگا‘ ریلی
’بی یوسی ٹی یو‘ نے ایک متفقہ قرارداد میں دہلی میں جاری مضبوط تحریک اور امتحان میں بدنظمیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج میں حصہ لینے والے طلبہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے جمعہ کو ریاست کے تمام کالجوں کے اساتذہ کیلئے ڈیوٹی کے دوران کالافیتہ یا بیج پہن کراحتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت جمعہ کو ممبئی ، تھانے ، بھیونڈی، کوکن اور دیگر اضلاع کے کالجوں میں اساتذہ نے کالا فیتہ اوربیج پہن کر احتجاج کیا۔ کچھ کالجوں میں میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں ۲۰؍جولائی کو دہلی میں طلبہ کے پُرامن احتجاج پر پولیس کے وحشیانہ لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی گئی ۔ یہ کہا گیاکہ اپنے تعلیمی مستقبل کے بارے میں جائز خدشات کا اظہار کرنے والے طلبہ کے خلاف غیر ضروری طاقت کا استعمال انتہائی افسوسناک تھا ۔‘‘
ناگپاڑہ پر واقع مہاراشٹر کالج ، این جی اچاریہ ڈی کے مراٹھے کالج( چمبور)، رضوی کالج (باندرہ)، کے جے سومیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ورتک کالج(وسئی )، بی این این کالج (بھیونڈی)، سیٹھ جے این پالی والا اے ایس سی کالج ،پالی ( سندھودرگ) پُنڈے کالج(اُرن) اور آنندی بائی رائورنے آرٹس ،کامرس اینڈ سائنس کالج (ویبھو واڑی ) میں ہونے والے احتجاج میں اساتذہ نے کالا فیتہ باندھ کر ڈیوٹی کی ۔ ان میں سے کچھ کالجوں میں طلبہ نے بھی احتجاج میں حصہ لیا ۔
یہ بھی پڑھئے: آج کانگریس کا پورے مہاراشٹر میں کینڈل مارچ اور ستیہ گرہ
’بی یو سی ٹی یو‘ نے دہلی میں طلبہ کے ساتھ جاری زیادتی اور امتحانی نظام میں بے ضابطگی کے پیش نظر کہا ہے کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو جاری بحران اور بے ضابطگیوں کیلئے جوابدہ قرارد یتے ہوئے فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اپنے مینڈیٹ میں ناکام ہو گئی ہے ، اسے مکمل طور پر ختم کر دینا چاہئے۔ بی یوسی ٹی یو کے صدر پروفیسر بی ایم شکارے اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جگناتھ کھمنار کےمطابق ’’ ریاست کے کالجوں کے اساتذہ نے سیاہ بیج لگاکر احتجاج میں حصہ لیااور طلبہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے اپنے کالجوں میں میٹنگ کا انعقاد بھی کیا۔ہماری اس مہم کوریاست گیر سطح پر اچھا رسپانس ملاہے۔‘‘