Inquilab Logo

پولیس ٹریننگ سینٹر میں خاتون اہلکاروں کی طبیعت اچانک خراب

Updated: March 30, 2024, 11:01 PM IST | Akola

اکولہ میں ۶۰؍ سے زائد خواتین کو اسپتال داخل کرنا پڑا ، ڈاکٹروں نے آلودہ پانی کے استعمال کو اس کی وجہ بتائی

Police Training Center at Akola
اکولہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر

 اکولہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت۶۰؍ خاتون پولیس اہلکاروں کی طبیعت اچانک خراب ہوجانے سے ڈپارٹمنٹ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق ان خواتین کی طبیعت  آلودہ پانی کے استعمال کے سبب خراب ہوئی ہے۔ انہیں ایک نجی اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق جمعہ کی صبح اکولہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت ۶۰؍ خاتون پولیس اہلکار  کی  طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں قے ودست کی شکایت ہونے لگی۔  عام طور پر ایسا غذائی سمیت کے سبب ہوتا ہے لیکن ان خواتین نے کوئی چیز کھائی نہیں تھی۔ انہیں فوراً  سرکاری اسپتال لے جایا گیا ۔ وہاں ابتدائی علاج کے بعد ان کی طبیعت میں کوئی فرق نہیں آیا تو انہیں پرائیویٹ اسپتال میں بھرتی کروانے کا مشورہ دیا گیا جس کے بعد انہیں  شہر کے ایک نجی اسپتال روانہ کر دیا گیا۔  بعض کو دوا وغیرہ دے کرچھٹی دیدی گئی ہے جبکہ بعض کی حالت زیادہ خراب  ہے جن کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی پینے کے سبب ان خواتین کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔ جبکہ بعض سخت دھوپ کے سبب بیمار پڑی ہیں۔ ٹریننگ سینٹر کے ذرائع کے مطابق ان میں سے کچھ خواتین کی طبیعت  ۳؍ یا ۴؍ روز سے خراب تھی۔ ان کا علاج چل رہا تھا۔  ایک رائے یہ بھی ہے کہ ان میں سے بیشتر لڑکیوں کا تعلق مغربی مہاراشٹر سے ہے۔ انہیں ٹریننگ کیلئے ودربھ کے اکولہ شہر بھیجا گیا ۔ موسم اور ماحول کی تبدیلی کے سبب بھی ان کی طبیعت پر اثر پڑا ہوگا۔  این سی پی کے رکن اسمبلی امول مٹکری نے اسپتال کا دورہ کیا اور ان خاتون اہلکاروں کی عیادت کی۔  انہوں نے اس پورے معاملے کی جانچ کرنے اور اگر کوئی خاطی پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

akola Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK