Inquilab Logo

پرکاش امبیڈکر کی نئے اتحاد کے قیام کی کوشش

Updated: March 28, 2024, 12:00 PM IST | Iqbal Ansari | Akola

منوج جرنگے سے گفتگو، او بی سی، مراٹھا اور مسلم سماج کی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے نئے محاذ کی ضرورت پر زور، جرنگے غوروخوض پر آمادہ ۔

Prakash Ambedkar and other leaders during the press conference. Photo: INN
پرکاش امبیڈکر اور دیگر لیڈران پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: آئی این این

مہا وکاس اگھاڑی سے گفتگو ناکام ہونے کے بعد ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے نئے اتحاد کے قیام کا اشارہ دیا ہے۔ بدھ کو انہوں نے اکولہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے سے گفتگو کی ہے اور نئے اتحاد کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ جرنگے نے غوروخوض کیلئے مہلت مانگی ہے۔ امبیڈکر نے اس موقع پر اپنی پارٹی کے ۸؍امیدواروں ناموں کا علان بھی کیا۔ 
اکولہ میں واقع ہوٹل سینٹرل پلازہ میں پریس کانفرنس کے دوران پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ ’’گزشتہ روز ونچت بہوجن اگھاڑی کی ریاستی کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی مہا وکاس اگھاڑی سے علاحدہ تنہا الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مراٹھا کارکن منوج جرنگے پاٹل سے ان کی گفتگو ہوئی ہے۔ چونکہ مہا وکاس اگھاڑی یا مہایوتی او بی سی برادری کو مناسب امیدواری نہیں دے رہی ہے اس لئے او بی سی، مراٹھا اور مسلم سماج کے درمیان اتحاد پیدا کرکے انہیں مناسب نمائندگی دی جائے۔ 
امبیڈکر نے بتایاکہ سیاست کو نئے سرے سے شروع کرنے کیلئے جرنگے کیساتھ گفتگو ہوئی ۔ جرنگے نے کوئی پارٹی تشکیل دینے سے انکار کیا ہے البتہ انہوں نے ہمیں حمایت دینے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ سے زیادہ امیدوار غریب طبقے سے ہوں گے اور انہیں ہی آگے لایا جائے گا۔ 
ونچت کے۸؍ امیدواروں کی فہرست
اس دوران پرکا ش امبیڈکر نے اپنی پارٹی کے ۸؍ امیدواروں کی فہرست جاری جو یوں ہے:
۱۔ بھنڈارا۔ گوندیا: سنجے گجانند کیور(دھیور سماج)
۲۔ گڈچرولی۔ چیمور : ہتیش مڑاوی(گونڈ ) 
۳۔ چندر پور: راجیش وارلوجی بیلے(تیلی سماج)
۴۔ بلڈانہ: وسنت راجا رام مگر(مالی سماج)
۵۔ اکولہ: پرکاش یشونت امبیڈکر
۶۔ امراؤتی: پراجکتا پلے وان 
۷۔ وردھا: پروفیسر راجیندر سالونکھے(کنبی)
۸۔ ایوت محل/ واشم : کھیم سنگھ پوار(بنجارا سماج) اسکے علاوہ ناگپورپارلیمانی حلقہ پر پارٹی کانگریس کے امیدوار کی حمایت کر ے گی۔ 
۲؍ اپریل کو بقیہ امیدواروں کی فہرست 
پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ جو لوگ صاف ستھرے ہیں، غریب ہیں اور کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، انہیں امیدوار بنایا جائے گا۔ باقی نشستوں کی فہرست ۲؍ اپریل تک جاری کی جائے گی۔ امبیڈکر نےکہا’’ ہم ایک نیا محاذ کھڑا کر رہے ہیں۔ ، جو لوگ ہمارے ساتھ آنا چاہتے تھے ہم ان سے ( مہا وکاس اگھاڑی سے)کہہ رہے تھے کہ جرنگے پاٹل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لیکن وہ ماننے کو تیار نہیں تھے۔ مہا وکاس اگھاڑی کا نام نہ لیتے ہوئے امبیڈکر نے کہاکہ وہ لوگ خاندانی نظام کو بچانے کیلئےونچت بہوجن اگھاڑی کا استعمال کر رہے تھے، جسے ہم نے پوری طرح سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں پسماندہ، غریب مراٹھوں اور مسلمانوں کی ایک نئی تحریک چل رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ طبقات اس اقدام کی حمایت کریں گے۔ 
پرکاش امبیڈکر نے بتایا کہ جرنگ پاٹل نے ۳۰؍ مارچ کو اپنا موقف واضح کرنے کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے اپنے سماج سے مشورہ طلب کیا ہے۔ امبیڈکر نے واضح کیا ہے کہ ۳۰؍ مارچ کے بعد ہم مل کر کچھ سیٹوں کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ 
ونچت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے
ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد کانگریس نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اسمبلی میں کانگریس کے ہائوس لیڈر بالا صاحب تھورات نے کہا ہے کہ’’ آج وقت کی ضرورت ہے کہ آئین کو بچانے کیلئے سبھی اپوزیشن پارٹیاں مل کر انتخابات لڑیں ۔ میری درخواست ہے کہ ونچت بہوجن اگھاڑی اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کہا ہے کہ کیا پرکاش امبیڈکر نے بی جے پی کی مدد کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے؟ میری درخواست ہے کہ انہیں اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK