Inquilab Logo

کانگریس کا اپنا ٹی وی چینل لانچ ، ۲۴؍ اپریل سے نشریات شروع ہوں گی

Updated: April 15, 2021, 10:17 AM IST | Agency | New Delhi

عوام سے حقائق کو چھپایا جا رہا ہے جبکہ انہیں حقائق آگاہ رہنے کا حق حاصل ہے، اسی مقصد سے یہ چینل شروع کیا گیا ہے: کھڑگے

Malik Arjun khadge.Picture:INN
ملک ارجن کھڑے۔تصویر :آئی این این

 ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس  نے بدھ کو اپنے نیوز چینل ’آئی این سی ٹی وی‘ (انڈین نیشنل کانگریس ٹیلی ویژ ن) کو متعارف کروا دیا۔ اس میڈیا پلیٹ فارم کی شروعات ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر  کے ۱۳۰؍ ویں یوم پیدائش کے موقع پر کی گئی اور باضابطہ طور پر ۲۴؍ اپریل کو اس پر نشریات کا آغاز ہوگا۔
   چینل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سب سے پہلے مہاتما گاندھی کے تعلق سے ایک شارٹ فلم دکھائی گئی۔ اس میں ہندوستان کی آزادی کے وقت مہاتما گاندھی کی بطور صحافی خدمات کو نمایاں کیا گیا۔ اس میں کئی اخباروں کی کٹنگ دکھائی گئیں جو ان کی ادبی خدمات کو ظاہر کرتی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے اپنے میڈیا پلیٹ فارم کو ایسے وقت میں لانچ کیا ہے جبکہ بیشتر اپوزیشن پارٹیوں کو  میڈیا سے شکایت ہے کہ وہ امتیازی سلوک کرتا ہے۔  ان پارٹیوں کا کہنا ہے کہ مین اسٹریم کی میڈیا میں یا تو انہیں جگہ ہی نہیں دی جاتی یا پھر ان کا برائے نام ذکر کیا جاتا ہے ۔
 کانگریس کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے مطابق آئی این سی ٹی وی پر پروگراموں کی باضابطہ طو پر شروعات ۲۴؍  اپریل یعنی کہ یومِ پنچایتی راج کے موقع پر کی جائے گی۔ نیوز چینل کی لانچنگ کے موقع پر  کانگریس میڈیا سیل کے انچارج  رندیپ سنگھ سرجے ولا کے علاوہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر   ملکارجن کھڑگے سمیت متعدد کانگریس لیڈران موجود تھے۔اس موقع پر سرجے والا نے کہا، ’’آج بابا صاحب کا یوم پیدائش ہے اور یہ دن ہندوستان کے آئین اور آئینی حقوق کا جشن ہے۔ بابا صاحب کی سالگرہ غلامی، قدامت پسندی اور توہم پرستی کے خلاف ایک جامع انقلاب کا بھی جشن ہے۔  بابا صاحب کی سالگرہ بغیر کسی دباؤ اور لالچ کے اظہار رائے کی آزادی کا بھی جشن ہے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’آج اندھ بھکتی ( اندھی عقیدت)، تاریکی ، ضمیر کی تنزلی، ذہنی غلامی، ایک متکبر حکمراں کی جبراً تھوپے جا رہے شخصیت پرستی کے ماحول اور اظہار رائے کی آزادی کو زنجیروں میں جکڑ دئے جانے کے دور میں آئی این سی ٹی وی  شروع  کیا جا رہا ہے۔‘‘ 
  راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’  بابا صاحب امبیڈکر نے خود کہا تھا کہ صحافت ایک تجارت ہوتی جا رہی ہے۔ بی جے پی اب اسے پوری طرح سچ کر دکھایا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور میں  ہر ۱۱؍ منٹ میں ایک دلت ظلم کا شکار ہورہا ہے۔ جبکہ اس حقیقت کو چھپایا جا رہا ہے۔ جبکہ عوام کو حق ہے کہ وہ حقائق سے آگاہ رہیں۔ عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے ہی یہ چینل شروع کیا جا رہاہے۔‘‘  فی الحال  اس چینل پر روزانہ آٹھ گھنٹے کی نشریات ہوگی  آگے اس کے وقت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK