Updated: January 07, 2026, 8:07 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر ہدایت اللہ پٹیل آکولہ ضلع میں ایک مسجد کے باہر چاقو حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد بدھ کی صبح انتقال کر گئے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ کانگریس قیادت نے واقعے کو سیاسی دشمنی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔
ہدایت اللہ پٹیل۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر ہدایت اللہ پٹیل بدھ کی صبح علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ انہیں منگل کی دوپہر آکولہ ضلع کے اکوٹ تعلقہ میں واقع محلہ گاؤں کی جامع مسجد کے باہر چاقو سے وار کر کے شدید زخمی کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ منگل کو تقریباً ڈیڑھ بجے اس وقت ہوا جب ۶۶؍ سالہ پٹیل ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر آ رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ حملے کی وجہ مبینہ طور پر پرانی دشمنی تھی۔ حملے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر پٹیل کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں، جن میں انہیں خون میں لت پت حالت میں مسجد سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی گردن اور سینے پر گہرے زخم آئے تھے، جس کے باعث شدید خون بہہ رہا تھا۔ پولیس کے ایک افسر کے مطابق انہیں فوری طور پر اکوٹ کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا، جہاں بدھ کی صبح ان کا انتقال ہو گیا۔
واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھ ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی چندرکانت ریڈی کے مطابق ملزم کی شناخت عبید خان کالو خان عرف رازق خان پٹیل (۲۲؍ سال) کے طور پر ہوئی، جسے منگل کی رات تقریباً ۸؍ بجے اکوٹ تعلقہ کے پنجج گاؤں سے گرفتار کر لیا گیا۔ مہاراشٹر کانگریس نے اس حملے کو ’’سیاسی دشمنی‘‘ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے پٹیل کی موت کو انتہائی افسوسناک اور دردناک واقعہ کہا۔ پارٹی کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ ہدایت پٹیل آکولہ ضلع کی سیاست میں ایک مستعد، نظم و ضبط رکھنے والے اور عوامی مسائل کیلئے سرگرم لیڈر تھے، جن کے انتقال سے پارٹی اور سماج کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرشوردھن سپکل نے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک المناک اور نہایت تشویشناک واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور پٹیل کی وفات سے آکولہ ضلع کی سماجی و سیاسی زندگی میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران میں کریک ڈاؤن پر ٹرمپ کی سپریم لیڈر کو قتل کی دھمکی: امریکی سینیٹر
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور جنرل سیکریٹری مکل واسنک نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پٹیل کو ایک شریف اور امن پسند شخصیت قرار دیا۔ اسی طرح ایم پی سی سی کے سابق صدر اور ساکولی کے رکن اسمبلی نانا پٹولے نے واقعے کو انتہائی دل دہلا دینے والا بتاتے ہوئے مہاراشٹر میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین خدشات ظاہر کیے اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ واقعے کے بعد محلہ اور اکوٹ شہر میں سیکوریٹی سخت کر دی گئی جبکہ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارچیت چانڈک نے حالات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران میں مظاہرین کو بدامنی اور انتشار پھیلانے سے باز رہنے کا انتباہ
ہدایت اللہ پٹیل، جنہیں ہدایت اللہ برکت اللہ پٹیل کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، آکولہ ضلع کانگریس کمیٹی کے سابق صدر رہ چکے تھے۔ وہ خطے کی ایک معروف سیاسی شخصیت تھے اور ۲۰۱۴ء اور ۲۰۱۹ء میں کانگریس کے امیدوار کے طور پر لوک سبھا کے انتخابات بھی لڑ چکے تھے۔ ان کا سیاسی سفر زیادہ تر ضلع اور ریاستی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے اور مقامی عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہنے سے وابستہ رہا۔