خبرشائع ہونے پر وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن حرکت میں آئی
یہاں سنت جلارام باپونگر چال کے تقریباً ساڑھے ۴؍ ہزار مکینوں کو بنیادی سہولتیں نہ ہونے سے پریشانی کا سامنا کر پڑرہا تھا۔ اس جگہ تعمیر کئے گئے عوامی بیت الخلاء کے دروازے بھی ٹوٹے ہوئے تھے جس کے بارے میں انقلاب اور مڈڈے میں خبر شائع ہونے کے بعد وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن ( وی وی سی ایم سی) حرکت میں آئی اورگزشتہ دنوں میں ہی بیت الخلاء کے دروازے لگادیئے نیز بجلی اور پانی کا کنکشن بھی بحال کردیا ۔ اسی طرح گٹر کی خستہ حال ریلنگ کی جگہ نئی ریلنگ لگائی گئی ہے جس سے مقامی خواتین نے راحت کا سانس لیا ۔اسی طرح دروازوں کی چوری کا کیس بھی پولیس اسٹیشن میں درج کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تفصیلی خبر ۱۴؍ جنوری کے انقلاب میں شائع ہوچکی ہے۔
چونکہ یہاں کے مکین نشہ کے عادی افراد سے بھی بے حد پریشان ہیں اس لئے انہوں نے شہری انتظامیہ سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور احاطے کی دیوار تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ عوامی بیت الخلاء کے دروازے جنہیں ۶؍ مہینے قبل چرالیا گیا تھا ،نہ ہونے کی وجہ سے خاص طورپر خواتین کودشواریاں پیش آرہی تھیں۔مقامی افراد کا کہنا تھا کہ بار بار شکایات کے باوجود شہری انتظامیہ اس جانب توجہ نہیں دے رہا تھا۔منجوانل چکھالیا نامی مقامی خاتون نے شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ ’’ ہم اس سے قبل طلوع آفتاب سے پہلے یا غروب آفتاب کے بعد ہی ان بیت الخلاء کا استعمال کرپاتے تھے۔ کئی مرتبہ ہم پورے دن برداشت کرتے تھے۔ اب ہمیں کم ازکم اس تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔‘‘
اس بارے میں وسئی ویرار سٹی میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئرراجندر لاڈ نے بتایا کہ ’’دروازے لگانے کے بعد بجلی اور پانی سپلائی کا کنکشن بھی بحال کردیا جائے گا۔میںنے اپنی ٹیم کے ممبروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ گٹر کی ریلنگ کو بھی درست کردیں۔‘‘
دریں اثناء ریاستی حقوق انسانی کمیشن نے اس معاملے میں سوموٹولیتے ہوئے کیس درج کرایا ہے جس پرجمعہ کوسماعت ہوئی جس میں میونسپل افسران نے بتایا کہ دروازے چرانے والے نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کرایاگیاہے۔