Inquilab Logo Happiest Places to Work

دونوں ایوانوں میں لاٹھی چارج کی گونج

Updated: July 28, 2026, 12:03 AM IST | New Delhi

اپوزیشن نے امیت شاہ کو مورد الزام ٹھہرایا، طلبہ کے خلاف دہلی میں پیلٹ گن اور پٹنہ میں اے کے ۴۷؍ کے استعمال پر آڑے ہاتھوں لیا

Sonia Gandhi, Varsha Gaikwad and other MPs protesting for the release of protesters on the premises of Parliament.
سونیا گاندھی، ورشاگائیکواڈاور دیگر ایم پی پارلیمنٹ کے احاطہ میں  مظاہرین کی رہائی کیلئے احتجاج کرتےہوئے

دہلی میں ۲۰؍ جولائی کو پارلیمنٹ مارچ کے دوران  طلبہ اور نوجوانوں  کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال، پیلٹ گن سے فائرنگ اور بہار میں  اے کے ۴۷؍ سے مظاہرین کو نشانہ بنانے نیز ملک کی کئی ریاستوں میں گرفتاریوں  کا معاملہ پیر کو پارلیمنٹ میں پوری شدت سے گونجا اور اپوزیشن نے ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس کیلئے مورد الزام ٹھہرایا۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن نے طلبہ پر ہونےوالے مظالم پر وزیر اعظم نریندر مودی سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا۔ 
طلبہ ا ور مظاہرین  انتہائی جابرانہ پر تشدد کیلئے وزیر داخلہ امیت  شاہ سے جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے  اپوزیشن نے  پیر کو   پارلیمنٹ کے اندر اور باہردونوں جگہ  برہمی کا اظہار کیا۔ اپوزیشن نے متنبہ کیا کہ اگر امیت شاہ اس پوری صورتحال پر پارلیمنٹ میں بیان نہیں دیتے تو ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دی جائے گی۔ اپوزیشن  نے الزام عائد کیا کہ حکومت طلبہ کے ساتھ ’دہشت گردوں ‘ جیسا برتاؤ کررہی ہے۔
 جمہوریت پر تاریخ کا سنگین حملہ
راجیہ سبھا میں کانگریس کے صدر ملکا رجن کھرگے نے اس کوملک کی  تاریخ میں جمہوریت پر ہونے والے سنگین حملوں میں سے ایک بتایا۔ انہوںنے کہا کہ اس سے پہلے کبھی بھی طلبہ کو اپنی آوازبلند کرنے پر مارا پیٹا، گھسیٹا اور  ان کے ساتھ  مجرموں جیسا سلوک نہیں کیا گیا۔کانگریس صدر نے کہاکہ اس کیلئےوزیر داخلہ امیت شاہ کوجوابدہ ہونا پڑے گا۔انہوںنے بہار میں طلبہ پر اے کے ۴۷؍ کے استعمال کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں طلبہ کوگرفتار کیا جارہاہے،اس کے ذمہ داران احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
 پورا نظام طلبہ کیلئے جان لیوا: راہل گاندھی
  اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی طلبہ پر اے کے ۴۷؍ کے استعمال سے متعلق رپورٹ شیئر کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے’’پورا نظام طلبہ کے خلاف جان لیوا بن گیا ہے۔خبریں آرہی ہیں کہ بہار میں احتجاجی طلبہ پر اے کے ۴۷؍سےگولیاں چلائی گئی ہیں اور سیکڑوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔‘‘ انہوںنے وزیر اعظم مودی سے سوال کیا کہ حکومت کے ذریعہ ایف آئی آردرج نہ کئے جانے کے وعدے کا کیا ہوا؟راہل گاندھی نے کہا کہ یہ حکومت جھوٹی ہے۔ اصلاح اس کے بس کی بات نہیں۔یہ حکومت اپنے الفاظ سے مکرجائے گی اورطلبہ کی آواز کو دبانے کیلئے ہر ممکن طریقے استعمال کرے گی۔راہل گاندھی نے ایک بارپھر وزیر اعظم مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ طلبہ سے معافی مانگیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK