Inquilab Logo

ترکی کے تباہ کن زلزلے سے تقریبا ً ۴۰؍ لاکھ اسکولی بچوں کی تعلیم متاثر

Updated: April 11, 2023, 11:24 AM IST | Ankara

یونیسیف کی جانب سے ایک ہزار۱۷۰؍سے زیادہ اسکولوں کی تعمیرومرمت کیلئے مالی امداد ، عمارتوں اور خیموں میں عارضی اسکولوں کے قیام کا منصوبہ

UNICEF tweeted a picture of this makeshift school.
یونیسیف نےتر کی کے اس عارضی اسکول کی تصویر ٹویٹ کی۔

:فروری کے تباہ کن  زلزلے نے ترکی کے تقریباً ۴۰؍ لاکھ  اسکولی بچوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کی تعلیم ٹھپ ہوگئی ہے اور اس میں بار بار وقفہ ہو رہا ہے ۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائےاطفال  ’یونیسیف‘ کی رپورٹ کے مطابق ۴۰؍ لاکھ بچوں میں سے  ۱۴؍ لاکھ بچوں  کی   تعلیم  کا سلسلہ بحال ہوگیا ہے جبکہ  مزید ۲؍لاکھ۵۰؍ ہزار بچے ملک کے دیگر حصوں میں منتقل ہونے کے بعد سلسلۂ تعلیم  بحال کرنے کے قابل ہو گئے ہیں جبکہ اب بھی لاکھوں سے بچے ایسے ہیں جنہیں تعلیم میں پیچھے رہ جانے کا خدشہ ہے۔تعلیم کا تسلسل یقینی بنانے کیلئے یونیسف ایک ہزار ۱۷۰؍سے زیادہ اسکولوں کی تعمیرومرمت کیلئے مالی مدد فراہم کر رہا ہے جس سے ۳؍لاکھ سے زیادہ بچوں کو فائدہ ہو گا۔ 
  یونیسیف عمارتوں اور خیموں میں عارضی اسکولوں کے قیام کیلئےتر ک وزارت تعلیم کی مددکر رہا ہے۔ اسی طرح زلزلہ زدہ علاقے کے طلبہ کے تعلیمی نقصان کی تلا فی کیلئے۱۰؍ صوبوں  کے ۳۷؍مراکز میں اسکولی تعلیم کا نظم کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء یونیسف نے ترکی میں زلزلے سے متاثر بچوں کی مدد جاری رکھنے کیلئے مزید ۱۳۸؍ ملین ڈالر کی اپیل کی  ہے ۔ ساتھ ہی عالمی برادری  پر زور دیا کہ وہ تر جیحی بنیادوں پر متاثرین کی ضروریات زند گی کی تکمیل کو  یقینی بنائے۔
  یونیسف نے زور دیا کہ ہنگامی امداد کے علاوہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی طویل مدتی مدد کرنے کی بھی فوری ضرورت ہے تاکہ لوگ دوبا رہ آباد ہوسکیں اور نئے سر ے سے زندگی کا آغاز کر سکیں۔   اسی دوران عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ترکی اور شمالی شام میں آنے والے تباہ کن زلزلوں سے ۲؍ ماہ بعد ترکی میں ۲۵؍لاکھ بچوں کو انسانی بنیادوں پر  امداد کی ضرورت ہے ۔ بصورت دیگر انہیں غربت کا شکار ہونے، بچہ مزدوری یا کم عمری کی شادیوں کا خطرہ ہے۔
 ترکی میں یونیسیف کی نمائندہ ریگینا ڈی ڈومینیکس نے بتایا کہ  اس آفت کے بعد  بچاؤ ، امداد اور راحت کیلئےفوری  اقدامات کئے گئے لیکن اب بھی  لاکھوں بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے، غیریقینی صورتحال ہے۔

turkey Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK