Inquilab Logo

ممتا سے متعلق متنازع بیان پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کی

Updated: March 26, 2024, 11:15 PM IST | Agency | Kolkata

بنگال بی جے پی کے لیڈر دلیپ گھوش نے وزیراعلیٰ پر ذاتی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’دیدی بہاراور یوپی سے گوا گئیں تو کہا کہ وہ گوا کی لڑکی ہیں، تریپورہ گئیں تو وہاں کہا کہ وہ تریپورہ کی بیٹی ہیں، ایسے میں انہیں پہلے اپنے والد کا فیصلہ کرلینا چاہئے۔‘‘

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee. Photo: INN
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی۔ تصویر : آئی این این

الیکشن کمیشن نے مغربی بردوان کے ضلع مجسٹریٹ سے بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش کے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے متعلق مبینہ نازیبا بیان پر رپورٹ طلب کی ہے۔ بردوان درگاپور لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار دلیپ گھوش پر براہ راست انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسرکے مطابق ضلع مجسٹریٹ سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد دہلی میں کمیشن کے دفتر بھیج دیا جائے گا۔ کمیشن تحقیقات کرکے فیصلہ دے گا۔ دلیپ گھوش پر الزام ہے کہ منگل کی صبح درگاپور شہر میں صبح کی سیر کے دوران ممتا پر ذاتی طور پر حملہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’اقتدار میں آتے ہی روزگار کا انقلاب لائیں گے‘‘

 بی جے پی کے سابق ریاستی صدر دلیپ نے منگل کو بی جے پی کے مقامی لیڈروں اور کارکنان کے ساتھ درگاپور کے چتورنگا گراؤنڈ سے شہر کے امبوجا علاقے تک صبح کی سیر کی۔ وہاں انہوں نے اپنے حریف کے بارے میں کہاکہ ترنمول کانگریس کے امیدوار کیرتی آزاد نے ملک کی نمائندگی کی۔ میں بطور کرکٹر ان کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ سیاست ہے۔ اور وہ دیدی کا ہاتھ پکڑ کر آئے ہیں۔ دیدی کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ ان کے گھروالوں نے انہیں یہاں ڈھکیل دیا ہے ۔مگر انہیں پتہ ہی نہیں چلے گا کہ بنگالی  عوام نے انہیں کب ڈھکیل دیا ہے۔
 دلیپ گھوش نے کہاکہ ’’بہار، یوپی سے دیدی گوا گئیں تو کہا کہ وہ گوا کی لڑکی ہیں۔ تریپورہ گئیں تو وہاں کہا کہ وہ تریپورہ کی بیٹی ہیں۔‘‘اس کے بعد انہوں نے ممتا بنرجی پر ذاتی حملہ کرتے ہوئے ان کے والد سے متعلق سوال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیدی کو پہلے اپنے والد سے متعلق فیصلہ کرلینا چاہئے۔
 ترنمول کانگریس نے اس پر شدید برہمی کااظہار کیا ہے۔ کھڑگپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان کی مذمت کرتے ہوئے، مغربی بردوان ضلع ترنمول کانگریس کے صدر نریندر ناتھ چکرورتی نے کہاکہ شوبھندو ادھیکاری کی وجہ سے وہ مدنی پور سے درگاپور آئے ہیں۔ اب وہ ایسے بیلگام بیانات سے بازار گرم کرنا چاہتے ہیں۔ترنمول کانگریس نے ممتا بنرجی سے متعلق دلیپ گھوش کے تبصروں پر احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا۔ اس کے پیش نظر کمیشن نے رپورٹ طلب کی ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کو بتاؤں گا کہ کیا کہنا ہے۔ ترنمول ہر بار انتخابات سے پہلے خواتین کا کارڈ کھیلتی ہے۔مجھے سوال پوچھنے کا حق ہے۔ ہر کوئی نہیں کر سکتا۔ میںالیکشن کمیشن کو جواب دوں گا۔ انہوں نے فرقہ وارانہ کارڈ کھیلتے ہوئے کہا کہ سندیش کھالی کے عوام جانتے ہیں کہ کون بدمعاش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK