انڈین یوتھ کانگریس اور دلی پردیش کانگریس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ۱۹؍ جون کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ایک میگا روزگار میلہ منعقد کیا جائیگا۔
یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِپ پریس کانفرنس۔ تصویر:آئی این این
انڈین یوتھ کانگریس اور دلی پردیش کانگریس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ۱۹؍ جون کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں ایک میگا روزگار میلہ منعقد کیا جائیگا۔یہ معلومات یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے اتوار کے روز کانگریس ہیڈکوارٹر،۲۴؍ اکبر روڈ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔
ادے بھانو نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں بے روزگاری اور امتحان کے پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے مختلف مسائل میں الجھایا جا رہا ہے، جبکہ مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے سے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان دن رات محنت کرکے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں اور ان کے خاندان کوچنگ اور تعلیم پر بھاری اخراجات کرتے ہیں، لیکن آخرکار پیپر لیک جیسے واقعات ان کی محنت کو ضائع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب حکومت بے روزگاری کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کر پا رہی، یوتھ کانگریس روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہ میگا روزگار میلہ منعقد کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ۱۹؍ جون کو ہونے والے اس پروگرام میں تقریباً۱۵۰؍ کمپنیاں شرکت کریں گی اور اہل امیدواروں کے انٹرویو موقع پر ہی لیے جائیں گے۔ منتخب امیدواروں کو اسی دن آفر لیٹر بھی دیے جا سکتے ہیں۔چب نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ روزگار میلے یا آفر لیٹر سے متعلق کسی بھی مسئلے کا حل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ایسا پروگرام نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی تال کٹورہ اسٹیڈیم میں منعقدہ روزگار میلے میں تقریباً۱۸؍ ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے لگ بھگ سات ہزار نوجوانوں کو آفر لیٹر ملے تھے۔ اس کے علاوہ جے پور اور پٹنہ میں بھی اسی نوعیت کے روزگار میلوں کا کامیاب انعقاد کیا جا چکا ہے۔