Inquilab Logo

اپوزیشن کی شدید نعرہ بازی اوراحتجاج کےدرمیان مہاراشٹراسمبلی کے مانسون اجلاس کا آغاز

Updated: August 17, 2022, 11:31 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ودھان بھون کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا گیا،اپوز یشن پارٹیوں کی جانب سے ’’غدار اور’ ۵۰ ؍کھوکے‘ ...اوکے‘‘ کے نعرے لگائے گئے

Chief Minister Shinde and his colleagues passing through the demonstration of opposition members on the steps of the Assembly. (PTI)
اسمبلی کی سیڑھیوں پر اپوزیشن اراکین کےمظاہرے کے درمیان سےوزیر اعلیٰ شندے اور ان کے ساتھی گزرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

پوز یشن کی جانب سے ’’غدار اور ۵۰ ؍ کھوکے ....اوکے‘‘کے نعروں‌کے ساتھ  بدھ کو ایکناتھ شندے حکومت کا پہلا مانسون اجلاس  شروع ہوا۔ پہلے دن کی کارروائی شروع ہونے سے قبل اپوزیشن پارٹیوں نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر ایکناتھ شندے حکومت کے خلاف شدید مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر بھی تھے اور اسی مظاہرہ کے درمیان سے گزر کر وزیر اعلیٰ ، متعدد وزراء اور برسراقتدار پارٹی کے  اراکین  اسمبلی  ہال میں پہنچے۔
 پہلے دن کی کارروائی میں  اسمبلی اور کونسل میں ملک کی نئی صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ  مبارکباد پیش کی گئی ، اسی کے ساتھ  نئی حکومت ، نئے وزراء کا خیر مقدم کیا گیا اور اضافی بجٹ( سپلیمنٹری ڈیمانڈ) بھی پیش کی گئی۔ اسی دوران  قانون ساز کونسل میں نئے منتخب اراکین کونسل کا تعارف  پیش کیا گیا۔ اسمبلی میں  پہلے دن ۷؍ ترمیمی بل اور دونوں ہی ایوانوں میں ۳؍ ترمیم شدہ آرڈیننس پیش کئے گئے۔
 ہمارا ہی وِہپ نافذ ہوگا: سنیل پربھو
  شیو سینا کی بغاوت کے بعد یہ معاملہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے کہ اصل شیو سینا کس کی ہے اور کس کاوہپ ودھان بھون میں نافذ ہو گا، اسی کشمکش کے دوران بدھ کو شیو سینا کے رکن اسمبلی سنیل پربھو نے میڈیا سے کہا کہ ’’ چونکہ ودھان بھون کے ریکارڈ پر اب بھی ہماری ( ادھو ٹھاکرے ) شیو سینا ہے اور اس کا مجھے لیڈر بنایاگیا ہے اس لئے ودھان بھون میںجاری کارروائی کیلئے شیو سینا کے سبھی اراکین اسمبلی پر ہمارا ہی وہپ نافذ ہوگا۔ اس سلسلے میں ہم نے شیو سینا کے سبھی اراکین اسمبلی کو اضافی بجٹ میں ووٹنگ اور دیگر موضوعات پر پارٹی وہپ پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے اور اسے ہر ایک تک پہنچانے کا نظم بھی کیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔‘‘
دیویندر فرنویس کونسل ہاؤس کے لیڈر  مقرر
 کارروائی کے دوران نائب وزیر اعلیٰ فرنویس کو قانون ساز کونسل کا لیڈر مقرر کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے کونسل میں اعلان کیا کہ انہیں قائد ایوان مقرر کیا گیا ہے۔
امباداس دانوے کونسل میں اپوزیشن لیڈر مقرر
 کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن  ڈاکٹر نیلم  نے ہی شیو سینا کے لیڈر امباداس دانوے کو کونسل کا اپوزیشن لیڈر مقرر کئے جانے کا اعلان کیا ۔

  اس سے قبل اجلاس کی کارروائی شروع ہوتے ہی   وزیر اعلیٰ شندے نے قانون ساز کونسل میں  نئے وزراء کا تعارف کرایا۔ انہوں نے  اپنی کابینہ کے ایک ایک وزیر کا نام لیتے ہوئے بتایا کہ انہیں کون سا محکمہ دیا گیا ہے۔  اس دوران  اسمبلی اور کونسل دونوں ایوانو ں  کے آنجہانی لیڈروں کو تعزیت پیش کی گئی ۔سابق گورنر کٹیکل شنکر نارائنن، قانون ساز کونسل کے سابق رکن  اور سابق وزیر مملکت ہری بھاؤ جاگوباجی نائک اور  قانون ساز کونسل کے سابق  رکن ونائیک میٹے کے تعلق سے  اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندرفرنویس اور اپوزیشن لیڈر اجیت پوار  نے اور اسی طرح قانون ساز کونسل میں ڈپٹی چیئرپرسن  نیلم گورہے نے تعزیت پیش کی ۔ یاد رہے کہ ایکناتھ شندے کی بغاوت کے بعد یہ پہلا سیشن ہے جس میں ایکناتھ شندے اپوزیشن کا سامنا کریں گے اور ان کے سوالوں کو جواب دیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK