Inquilab Logo

مدرسے کے طلباء کی ایمانداری، بس میں ملے لاکھوں کے زیورات لوٹا دیئے

Updated: April 23, 2024, 9:08 AM IST | Siraj Shaikh | Mumbai

خبیب جامبھارکرنے خاتون کے بیگ کو اپنا سمجھ کر اٹھا لیا، شریوردھن پہنچ کر انہیں احساس ہوا تو دوبارہ مانگائوں جاکر بیگ پولیس کے حوالے کیا۔

The police presented bouquets to the two students to acknowledge their honesty. Photo: INN
پولیس نے دونوں طلباء کو گلدستہ پیش کرکےان کی ایمانداری کاعتراف کیا۔ تصویر : آئی این این

جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن کے دو طلباء نے مانگائوں میں ایک بس میں ملے ساڑھے ۴؍ لاکھ روپے کے زیورات پولیس کو لوٹاکر دیانت داری کی مثال قائم کی۔ پولیس نے نہ صرف ان کی ایمانداری کی ستائش کی بلکہ انہیں اعزاز سے بھی نوازا۔ 
اطلاع کے مطابق تھانے کی رہائشی منگلا سکپال چپلون سے  ویرار جانے والی بس میں سفر کر رہی تھیں جب بس مانگاؤں ایس ٹی اسٹینڈ پر پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ ان کا بیگ غائب ہے جس میں ساڑھے ۴؍ لاکھ روپے مالیت کے زیورات تھے ۔اس بات کی شکایت انہوں نے مانگائوں پولیس اسٹیشن میں درج کروائی ۔پولیس نے بتایا کہ اسی بس میں خبیب حنیف جامبھارکر ( ۲۵) اور محمد شبیر جامبھارکر (۱۵) بھی مانگاؤں کیلئے سفر کر رہے تھے۔خبیب جامبھارکرمانگاؤں بس اسٹینڈ پر اتر گئے۔وہاں سے انہیں شریوردھن جانا تھا لیکن  انہوںنے غلطی سے اپنے بیگ کے بجائے شکایت کنندہ کے بیگ کو اپنا سمجھ کر اٹھا لیا اور بس سے اتر گئے۔ 
 شریوردھن پہنچنے کے بعد، انہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی سے کسی اور کا بیگ لے آئے ہیں۔ انہوں نے بیگ کو کھولے بغیر رکھ دیا۔ پیرکی صبح خبیب نے خود مانگائوں پولیس اسٹیشن  پہنچ کر  بیگ جمع کروایا۔ سونے کے زیورات سے بھرا بیگ واپس کرکے دونوں بھائیوں نے ایمانداری کی مثال قائم کی ۔سب ڈیویژنل پولیس افسر سوریہ ونشی، پولیس انسپکٹرراجندر پاٹل، سپونی منوج بھوسلے نے ان کی تعریف کی اور مانگائوں پولس اسٹیشن میں انہیں گل دستے پیش کرکے ان کا استقبال کیا گیا۔جامعہ حسینیہ عربیہ شریوردھن کے مولانا قاضی حسین ماہم کر نے کہا کہ یہ ہمارے مدرسے کے دو طلباء کرام ہیںجنہوں نے اپنے اللہ کا خوف،دین اسلام اور اپنے ادارے ، اساتذہ جامعہ کی تربیت کی لاج رکھ کر قیمتی زیورات سے بھرا بیگ فورا واپس کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK