Inquilab Logo

سوشل میڈیا پرتشہیری ویڈیوز کے ذریعہ بھی این ڈی اے کو’ انڈیا‘ کی جانب سے کڑی ٹکر

Updated: April 30, 2024, 11:25 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ڈیجیٹل تشہیری مہم میں کانگریس کے ساتھ ہی شیوسینا کے مختصر ویڈیوزعوام میں تیزی سے مقبول ہورہے ہیں، ’ وار رُکوادی پاپا‘ کا منہ توڑ جواب۔

Image of Shiv Sena`s video `Lakin Vaar To Rukvadi Na Papa`.Photo: INN
شیوسینا کے ویڈیو’ لیکن وار تو رُکوادی نا پاپا‘ کا عکس۔ تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ووٹروں  تک اپنا پیغام زیادہ سے زیادہ پہنچانے کیلئے ’ڈیجیٹل تشہیری مہم‘  میں  اب تک  بی جےپی سب سے آگے رہی ہے مگر موجودہ لوک سبھا الیکشن میں اپوزیشن پارٹیاں  اس مخاذ پربھی اس کو سخت ٹکر دے رہی ہیں۔ کانگریس نے ’’ہاتھ بدلے گا حالات‘‘ کے نعرے کیساتھ مختصر دورانیہ کے کئی ویڈیو کلپ  سوشل میڈیا پرپھیلائے  جو تیزی سے مقبول ہورہے ہیں جن میں ’’کار ہے یا سرکار‘‘ جیسے ویڈیو شامل ہیں۔اس بیچ  بی  جے پی کے ’’وار رکوادی پاپا‘‘ والے ویڈیو کا جواب شیوسینا نے غیر معمولی ذہانت کے ساتھ دی ہے۔  اس کے علاوہ  ’’اب ملے گا مفت علاج ۲۵؍ لاکھ روپے تک..‘‘، ’’جھوٹ کا چشمہ اتارئیے..سرکار بدلئے...‘‘، ’’آپ کا پہلا ووٹ نفرت کے خلاف‘‘جیسے ویڈیوز تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اروند کیجریوال کی گرفتاری پرای ڈی کو سپریم کورٹ میں تلخ سوالات کا سامنا

شیوسینا (اُدھو ) نے ’’اتّاگھیا ہاتھیت مشعل ( اب ہاتھ میں لیجئے مشعل )‘‘ کے نعرے کیساتھ کئی ویڈیوز جاری کئے ہیں جن میں کلیدی مسائل پر چوٹ کی گئی ہے۔ ممبئی سے صنعتوں کے گجرات منتقل ہونے  پر بنائے گئے  ویڈیو ’’گزرگئی رات،کمپنی گئی گجرات‘‘کو عوام میں  مہاراشٹرعوام میں سراہا جارہاہے۔  اسی طرح ’’۱۵؍لاکھ کھاتے میں آئے نہیں‘‘، ’’بدعنوانوں کو صاف کرنے والی واشنگ مشین‘‘جیسے عنوانات کے تحت  ویڈیوز کے ذریعہ  شیوسینا نے بی جےپی کے دعوؤں اوران کی حقیقت پر کاری ضرب لگائی ہے۔ ان ویڈیوز کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں چبھتے سوالات قائم کرکے رائے دہندگان کو سوچنے پر مجبورکردیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو یہ تشہیری مہم پسند آئی ہے اور سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کو نہ  صرف  کافی سراہا جارہا ہے بلکہ لوگ انہیں ری پوسٹ اور فارورڈ بھی کررہے ہیں ۔
 اپوزیشن کی مقبول ہونےوالے اشتہاری  پیغامات میں  ’آسک مودی انکل‘کے ہیش ٹیگ کے تحت ایک اور ویڈیو خوب گردش میں  ہے۔  جس میں بچے ’ہیلو پی ایم انکل آج ہم آپ سے کچھ سوال کرنا چاہتے ہیں‘‘کہتے نظر آتے ہیں.

۲؍منٹ ۲۰؍سیکنڈ کے دورانیہ کے اس ویڈیو میں بچوں نے ۸؍سوالات (روزگار، مہنگائی، امیر اور امیر کیوں ہورہے؟، کسانوں کی خود کشی، کالا دھن، بدعنوان لیڈروں کو معافی کیوں؟ الیکٹورل بانڈ ، آپ چین سے ڈرتے ہو  کیا؟) پوچھے  ہیں۔  یہ ویڈیو کس نے تیار کیا ہے، یہ تو نہیں پتہ لیکن اسے کافی سراہا جارہا ہے۔ وہاٹس ایپ پر  دھروراٹھی  کے چینل سے شیئر کئے  جانے والی اس پوسٹ کو  ۵۵؍ہزار سے زائد صارفین ’لائیک‘ کرچکے ہیں۔  یوٹیوب پر مختلف چینلز پر اسے لاکھوں میں ویووز مل چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونےوالے ان ویڈیوز کی ملک کا وہ دانشور طبقہ کو حالات کو بخوبی سمجھ رہاہے، پزیرائی کررہاہے۔ ایسے وقت میں جبکہ میڈیا سوال پوچھنے سے بچ رہاہے، ان ویڈیوز کے ذریعہ  جائز سوالات کو اپوزیشن عوام تک پہنچارہاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK