Inquilab Logo

نئی پارلیمنٹ کے افتتاح کا اپوزیشن بائیکاٹ نہ کرے :حکومت

Updated: May 26, 2023, 9:07 AM IST | new Delhi

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپوزیشن سےجمہوری عمارت کا احترام کرنے کی اپیل کی ،ایم پی روی شنکر پرساد نے کہا کہ کانگریس دل بڑا کرے تو اچھا ہوگا

Union Minister Nirmala Sitharaman
مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جمعرات کو اپوزیشن پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ۲۸؍ مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کا بائیکاٹ نہ کریں اور اس `جمہوری عمارت کا احترام کرتے ہوئے اس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں۔مرکزی وزیر ایل مروگن کی موجودگی میں تمل ناڈو کے گورنر اور تلنگانہ اور ناگالینڈ کے ان کے ہم منصبوں کے ساتھ نئی پارلیمنٹ میں قائم کیے جانے والے  ’پوتر سینگول‘ پر یہاں راج بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا’’وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا اسپیکر کی کرسی کے قریب نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں سینگول نصب کریں گے۔ یہ تمل لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے، اگر آپ (اپوزیشن) ہمارے وزیر اعظم کو پسند نہیں کرتے ہیں، تب بھی جمہوریت کے مندر کے افتتاح کا بائیکاٹ کرنا اچھا نہیں ہے۔ لوک سبھا کے سیکریٹری جنرل کے ذریعہ لوک سبھا کے اسپیکر کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا گھر ہے، اپوزیشن جماعتوں کو اس کا احترام کرنا چاہیے اور اس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنی چاہیے۔
اس پر سیاست کرنے جیسی کوئی بات نہیں
 نرملا سیتا رمن کےمطابق’’میں عاجزی کے ساتھ اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتی ہوں، براہ کرم  اپنے موقف پر نظر ثانی کریں۔ اپنا موقف تبدیل کریں اور افتتاحی تقریب میں شرکت کریں۔‘‘ایک سوال کے جواب میں سیتا رمن نے کہا کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب پر سیاست کرنے جیسی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ’’ مرکزی حکومت صدر جمہوریہ کے عہدہ کو بڑے احترام سے دیکھتی ہے  اور صدر کا عہدہ ربر اسٹمپ نہیں ہے۔ جمہوری اداروں کے احترام اور تعظیم کی علامت کے طور پر لوک سبھا اسپیکر کی نشست کے قریب سینگول رکھا جائے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ ملک کیلئے تاریخی لمحہ ہے کیونکہ ہم اپنے اتحاد، تنوع، ورثے، ثقافت، آزادی اور ذمہ داریوں کا جشن منا رہے ہیں۔ 
روی شنکر پرساد نے کیا کہا ؟
 سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ روی شنکر پرساد نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا میں ایک نئی شہرت حاصل کر رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے دورۂ امریکہ کو لے کر کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب کے تنازع پر روی شنکر نے کہا کہ وزیر اعظم کی بھی آئینی ذمہ داری ہے۔ اچھا ہو گا اگر کانگریس اپنا دل بڑا کرے۔روی شنکر پرساد نے کہا ’’ آج وزیر اعظم نریندر مودی تین ممالک کا دورہ کرنے کے بعد صبح واپس آئے۔یہ ہندوستا نیوں اور پارٹی کے لئے فخر کی بات ہے کہ اس غیر ملکی دورے سے ہندوستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ جاپان میں ان کا استقبال کیا گیا، ہیروشیما میں گاندھی جی کا مجسمہ نصب کیا گیا۔ پاپوا نیو گنی اور فجی نے جذباتی خراج تحسین پیش کیا۔ سڈنی میں فریقین اور اپوزیشن کے لوگوں نے سنا۔ ہندوستان آج دنیا میں ایک نئی شہرت حاصل کر رہا ہے ۔‘‘
 پارلیمنٹ  جمہوریت کا تاج ہے 
 روی شنکر پرساد نے کہا کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کی تقریب میں  اپوزیشن اور کانگریس کے لیڈروں کو شرکت کی دعورت دوں گا۔پارلیمنٹ جمہوریت کا تاج ہے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی ضرورت ہے۔ جگہ کی کمی ہے۔ ۲۰۲۶ء تک پارلیمنٹ کا حجم بڑھانے پر پابندی ہے۔ اس کے بعد تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ایسے میں نئے اراکین کیلئے جگہ کی ضرورت ہے۔ ہندوستانیوں کو ہندوستان کی بنائی ہوئی پارلیمنٹ کیوں نہیں ملنی چاہئے؟ 
اچھا ہو گا اگر کانگریس اپنا دل بڑا کرے
 روی شنکر پرساد نے کہا’’ سینگول کی جو روایت بتائی گئی ہے وہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ کانگریس کے دوستوں کو بتائیں گے کہ آپ کے لیڈر بھی اس سے جڑے ہوئے ہیں۔ لیکن کیا   پارلیمنٹ  کی شیلا نیاس میں آئے تھے ؟ کیا وہ آج تک سردار پٹیل کے مجسمہ پر پھول چڑھانے گئے تھے؟ کیا  وہ سمر میموریل پر گئے ہیں؟ نہیں، کیونکہ مودی جی نے انہیں بنایا تھا۔ یہی مسئلہ ہے۔ اس معاملے میںصدرجمہوریہ دروپدی مرمو کونظر انداز کئے جانے کے اپوزیشن کے الزام کا جواب دیتے ہوئے روی شنکر پرساد نے کہا ’’صدر جمہوریہ کا ا حترام ہے۔‘‘انہوں نے الٹا الزام لگایا کہ کانگریس لیڈروں نے انہیں کیا نہیں کہا ہے؟ وزیراعظم کی بھی آئینی ذمہ داری ہے۔  وزیراعظم بھی پارلیمنٹ کا حصہ  ہوتا ہے ۔ اچھا ہو گا اگر کانگریس اپنا دل بڑا کرے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK