Inquilab Logo

’’عازم سے دورانِ حج یاد آنے پر صرف دعا کرنے کی درخواست کی جاتی ہے‘‘

Updated: May 14, 2024, 6:32 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مدنپورہ کے۵۶؍سالہ الیکٹریکل انجینئرشیخ پرویز گزشتہ ۱۵؍سال سےعازمین کی مفت رہنمائی کررہےہیں۔

Engineer Sheikh Pervaiz Abdul Rehman engaged in guiding pilgrims. Photo: INN
انجینئر شیخ پرویز عبدالرحمٰن عازمین کی رہنمائی میں مصروف۔ تصویر : آئی این این

یہاں کی سانکلی اسٹریٹ جنکشن پر واقع الاف ٹائورمیں رہائش پزیر ۵۶؍سالہ الیکٹریکل انجینئر شیخ پرویز عبدالرحمٰن گزشتہ ۱۵؍ سال سے عازمین کی مفت رہنمائی کر رہے ہیں۔ ۴۰؍روزہ کیمپ کے دوران وہ عازمین کو حج کے ارکان کے علاوہ حج پرجانےکیلئے گھر سے نکل کر گھر لوٹنے تک جن احتیاطی تدابیر کا خیا ل رکھنا چاہئے، ان کی تفصیلی معلومات فراہم کرتےہیں تاکہ عازمین کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ اپنی کاروباری مصروفیات کے پیش ِ نظر رہنمائی کیلئے وقت نکالنا ان کیلئے خاصہ مشکل ہے۔ مگر ایک جذبہ انہیں سرگرم رکھے ہوئے ہے۔ وہ دن بھر کاروباری معاملات میںمصروف رہتےہیں لیکن رات ۱۰؍ سے ۱۲؍ بجے تک عازمین حج کے ساتھ گزارتےہیں۔
شیخ پرویز کےمطابق ’’پہلی مرتبہ ۲۰۰۷ءمیں حج کرنے کے تجربے سے اس مہم کی ترغیب ملی۔وہاں سے لوٹنے پر عازمین کی رہنمائی اور تربیت دینے کا احساس پیدا ہوا۔ جھولامیدان کے قریب واقع، جمسو سیٹھ کی چال کے قریب ایک پان کی دکان ہے۔جہاںروزانہ عشاء کی نمازکےبعد ہم دوستوںکی بیٹھک ہوتی ہے۔ اسی پان کی دکان سے ۲۰۰۹ءمیں ایک عازم کی رہنمائی سے یہ سفر شروع ہواتھا۔ اب حلقہ احباب کےقریب باغ ربانی بلڈنگ کے سامنے جماعت کے کاموںکیلئے کرایہ پرلی گئی جگہ پر یہ مہم جاری ہے۔ گزشتہ ۱۵؍ سال میں سیکڑوں عازمین اس سہولت سے استفادہ کر چکے ہیں۔ عمومی طورپر مدنپورہ اور اطراف کے عازمین کیمپ میں آتےہیں۔زبانی تشہیر سے جولوگ جمع ہوتےہیں،انہیں تربیت دی جاتی ہے۔امسال ۷؍ عازم تربیت حاصل کررہے ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی ومضافات میں دھول مٹی کا طوفان، تیز بارش، گرمی سے راحت

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ’’ یوںتو حج ہائوس اور مسافرخانہ میں بھی عازمین کی رہنمائی کی جاتی ہے مگر ہمارا طریقہ مختلف ہے۔ ہم زیادہ تفصیل سے بتاتے ہیں تاکہ ایک ایک بات عازمِ حج کوذہن نشین ہوجائے۔ حج کے مکمل ارکان کےعلاوہ جو باتیں عام ٹریننگ یاکتابوںمیں نہیں بتائی جاتی ہیں، ہم وہ بھی بتاتےہیں۔حرم شریف کا نقشہ سامنے رکھ کر ایک ایک جگہ کی اہمیت اور افادیت کے علاوہ نقشہ کےمطابق کس مقام پر کیاہے ، اس کی تفصیلات بتائی جاتی ہیں۔ باب ِ عبدالعزیز، بابِ فہد، بابِ عمرہ اوربابِ فتح وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ صفاومروہ کسے کہتےہیں،اس کاسفرکیسے پورا کیاجاتاہے، خانہ کعبہ کا دروازہ، حجراسود، طواف کہاں سے شروع اورکہاں ختم کیا جاتا ہے، مسجد حرام میں کس طرح داخل ہوتے ہیں۔ کون سی دعائیں کہاں پڑھنی ہیں ، حرم میں کس طرف سے داخل ہوناہے، مکہ میں حج کےایام تک کس طرح قیام کرناہے؟یہ سب سمجھانے کے ساتھ ساتھ حج کےفضائل بھی بیان کئے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اللہ کے نبی ﷺکا گھر کہاں تھا، کون سے واقعات کہاں ہوئے ہیں، یہ بتایا جاتا ہے، غرضیکہ زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ عازم اس عظیم سفر کیلئے ذہنی اور نفسیاتی طورپر تیار ہوجائے۔‘‘
 اپنے عازمین ِحج سے رابطہ میں رہنےکیلئے شیخ پرویز ہرسال ایک وہاٹس ایپ گروپ بھی بناتے ہیں جس کےذریعے وہ ان  سے رابطے میں رہتےہیں۔ ان کی خیر خیریت لیتے ہیں۔ حج بیت اللہ سے لوٹنے پریہ لوگ ایک دوسرے سے ملاقات کرتےہیں۔ حج رہنمائی کیمپ سے مستفید ہونے والے اپنے تاثرات بیان کرتے ہیں۔ فی الحال ان کے کیمپ میں گزشتہ سال حج کی سعادت حا صل کرنے ۲؍ افراد بھی روزانہ آکر اُن کا تعاون کرتے ہیں۔   
 شیخ پرویز عبدالرحمٰن نےیہ بھی بتایاکہ ’’یہ خدمت بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔ حاجی سے صرف یہ درخواست کی جاتی ہے کہ دوران حج اگر یاد آجائے تو ہمارے لئے بھی دعاکریں۔ حجاج کرام سے التجا ہے کہ حج پرجانے سے قبل حج کے ارکان کےتعلق سے پوری معلومات حاصل کرکے جائیں تاکہ وہاں کسی طرح کی دقت نہ ہو۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK