Inquilab Logo

’’وزیراعلیٰ نے مجھے فون کرکے لوک سبھا الیکشن سے دور رہنے کیلئے کہا ہے ‘‘

Updated: April 18, 2024, 11:36 PM IST | Agency | Aurangabad

شیوسینا کے سابق رکن اسمبلی ہرش وردھن جادھو کا دعویٰ ،کہا ’’ لیکن میں ہر قیمت پر لوک سبھا الیکشن لڑوں گا.‘‘

Harsh Vardhan Jadhav was once in Shiv Sena, now in BRS. Photo: INN
ہرش وردھن جادھو کبھی شیوسینا میں تھے ، اب بی آر ایس میں ہیں۔ تصویر : آئی این این

۰۱۹ء کے لوک سبھا الیکشن میں اورنگ آباد کی سیٹ پر ووٹوں کی تقسیم کا سبب بن کر ایم آئی ایم کے امیدوار امتیاز جلیل کی کامیابی کا سبب بننے والے ہرش وردھن جادھونے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں کھڑے ہوں گے۔ لیکن اس اعلان سے اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے ویڈیو جاری کرکے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انہیں لوک سبھا الیکشن لڑنے سے منع کیا ہے۔  ہرش وردھن جادھو شیوسینا( متحدہ) کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ جبکہ ۲۰۱۹ء میں انہوں نے اورنگ آباد سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا جس میں ۲؍ لاکھ ۸۳؍ ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: رام نومی کے موقع پر ہندوتواوادیوں اور دلتوں کے درمیان تصادم

کہاجاتا ہے کہ اتنے ووٹ لینے کی وجہ سے ہی شیوسینا ( اس وقت متحدہ) کے امیدوار چندر کانت کھیرے کو شکست ہوئی تھی اور ایم آئی ایم کے امیدوار امتیاز جلیل کامیاب ہو گئے تھے۔ ایک روز قبل ہرش وردھن جادھو نے ویڈیو جاری کرکے بتایا کہ انہیں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا فون آیا تھا اور انہوں نے کہا ہے کہ ’’ہرش وردھن تم اسمبلی الیکشن پرتوجہ دو ، لوک سبھا الیکشن کے چکر میں مت پڑو!‘‘  ہرش وردھن کہتے ہیں کہ ’’ وزیراعلیٰ کے اس فون سے مجھے  خیال آیا کہ کنڑ اسمبلی حلقے سے بھی تو سنجنا دانوے کا نام کا اعلان ہو چکا ہے ۔پھر میں کیسے وہاں سے الیکشن لڑوں گا؟‘‘ یاد رہے کہ سنجنا دانوے مرکزی وزیر رائو صاحب دانوے کی بیٹی اور ہرش وردھن جادھو کی اہلیہ ہیں لیکن ویڈیو کے مطابق اب دونوں میں طلاق ہو چکا  ہے۔ ہرش وردھن ویڈیو میں کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ ’’ انہوں نے مجھ پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا اور عدالت کے ذریعے مجھ سے ۱۰؍ لاکھ روپے وصول کئے ۔ لیکن یہ لوگ یہیں نہیں رکے بلکہ اب مجھے پوری طرح ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ ہرش وردھن نے اعلان کیا کہ ’’ میں ہر حال میں لوک سبھا الیکشن لڑوں گا اور ۲۰۰؍ فیصد لڑوں گا۔‘‘ یاد رہے کہ اگر شیوسینا (شندے) اور شیوسینا (ادھو)  دونوں نے اپنا امیدوار کھڑا کیا تو ایم آئی ایم کی راہ آسان  ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ کو اسی کی فکر ستا رہی ہے ۔ ایسی صورت میں ہرش وردھن جادھو  مزیدکام بگاڑ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK