Inquilab Logo

وزیراعظم کا یہ کہنا کہ ہم آئین تبدیل نہیں کرینگے، کون تسلیم کرے گا :شیوانند تیواری

Updated: April 30, 2024, 9:18 AM IST | Agency | New Delhi

معروف سوشلسٹ لیڈر نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سماجی بنیادوں پرریزرویشن کے آئینی نظام پر دونوں کا یقین نہیں ہے۔

Noted socialist leader Sivananda Tiwari. Photo: INN
معروف سوشلسٹ لیڈر شیوانند تیواری۔ تصویر : آئی این این

فسطائی طاقتوں کو ریزرویشن مخالف قرار دیتے ہوئے معروف سیاسی اور سوشلسٹ لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ شیوانند تیواری نے کہا کہ ہم ریزرویشن کی حمایت کرتے ہیں، یہ کہنے والوں نے ہی  منڈل کے خلاف احتجاج میں کمنڈل یاترا نکالی تھی ،آج جب   الیکشن ہو رہے ہیں تو انہیں صفائی کی ضرورت کیوں محسوس ہورہی ہے۔
 انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پسماندہ یا دلت سماج ان کی باتوں پر کیسے یقین کر سکتا ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس  کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا تھا کہ ریزرویشن مساوات کے اصول کے خلاف ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے معاشی بنیادوں پر۱۰؍ فیصد ریزرویشن اس بات کا ثبوت ہے کہ سماجی بنیادوں پر ریزرویشن کے آئینی نظام پر ان کا یقین نہیں ہے۔ اس الیکشن میں بی جے پی کے سینئر لیڈر یہ کہتے رہے ہیں کہ آئین کو بدلنے کیلئے ہمیں ۴۰۰؍  اراکین پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ تاہم انتخابی خوف کے باعث وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی ہمارا مقصد نہیں ہے لیکن یہ کون مانے گا؟

یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر میں شدید بارش اور برف باری ، معمولات متاثر

وزیر اعظم کے بیان کے بعد ۲۰۱۴ء سے ایودھیا کے ایم پی اور رام مندر تحریک کے لیڈر للو سنگھ نے کہا کہ ہمیں آئین میں تبدیلی کیلئے اراکین پارلیمنٹ کی تعداد کی ضرورت ہے۔ راجستھان بی جے پی لیڈر کروڑی مل مینا یا دیگر بی جے پی لیڈر بھی یہی کہتے ہیں۔شیوانند تیواری نے کہا کہ ’’یاد رہے کہ اٹل جی کی حکومت نے یکم فروری۲۰۰۱ء کو آئین کا جائزہ لینے کے لیے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج وینکٹاچلیا کی صدارت میں ایک کمیشن تشکیل دیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ اس وقت کے صدر کے آر نارائنن نے بھی دستوری جائزہ کمیشن کی تشکیل کی مخالفت کی تھی۔ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانا  سنگھ کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ جمہوریت کی بنیاد مساوات کے اصول پر ہے۔ جبکہ ہندو سماج میں کسی کے مقام کا تعین برابری کے اصول پر نہیں بلکہ پیدائش کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنگھ اور بی جے پی ووٹوں کے نقصان سے ڈرتے ہوئے بھی یہ واضح کر رہے ہیں کہ وہ ریزرویشن کے حامی ہیں لیکن ایک ہندو راشٹر میں سماجی مساوات کا تصور  دن میں خواب دیکھنے کے مترادف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK