Inquilab Logo

پہلوانوں کا احتجاج جبراًروکا گیا،سیکڑوں حراست میں، جنتر منتر خالی، چوطرفہ مذمت

Updated: May 29, 2023, 10:31 AM IST | Fazeel Ahmed | New Delhi

پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کی کوشش پر ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ، اور بجرنگ پونیا سمیت دیگر پہلوانوں اور مظاہرین کوبسوں میں ٹھونس کر پولیس اسٹیشن لے جایاگیا

Vinesh Phogat, who went to the new Parliament building for protest, being detained by the police
پارلیمنٹ کی نئی عمارت تک احتجاج کیلئے جانے والی ونیش پھوگاٹ کو پولیس اہلکار حراست میں لیتے ہوئے

نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے دوران دہلی پولیس نے جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہےپہلوانوں پرسخت کارروائی کرتے ہوئے نئےپارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کررہےپہلوانوں کوحراست میں لے لیا ہے اور جنتر منتر پر نصب پہلوانوںکے خیمے بھی اکھاڑ پھینکے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب انہیں دوبارہ مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 قابل ذکر ہے کہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کے لیے پہلوانوں نے گزشتہ دنوں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے دن اس کے سامنے’مہیلا سمّان پنچایت‘منعقد کرنے کا نعرہ دیا تھا جس کی پیش نظراتوار کودہلی پولیس نے پہلے سےہی انہیں روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں،اس کے لیے جنتر منترکو سنیچرکی رات سے ہی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیاتھا یہاں کسی کی بھی شخص بشمول میڈیا کو آنے کی اجازت نہیں تھی،اس کے علاوہ جنتر منتر جانے والی دہلی کی سبھی سڑکیں،  لاجپت نگرمیٹرو اسٹیشن،مولچند فلائی اوور،جن پتھ مارکیٹ،اوبرا فلائی اوور،آئی ٹی او،انڈیا گیٹ سمیت دہلی کے اہم علاقوں میں پولیس کے سخت انتظامات ہیں۔
 وہیں دوسری جانب دہلی کے سبھی سرحدی کو علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا، دہلی پولیس نے نئی دہلی کے مختلف مقامات پر حفاظتی دستوں کی۳۰؍ کمپنیوںکے علاوہ۳؍ہزارپولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیاتھا۔اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے اپنے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق پہلوانوں نےجنتر منتر سے محض۳؍کلو میٹر دور نئے پارلیمنٹ ہاؤ س تک مارچ کرنا شروع کیا ہی تھا کہ کچھ فاصلے پردہلی پولیس نے پہلوان بجرنگ پونیا،  ساکشی ملک،وینش پھوگاٹ اور سنگیتا پھوگاٹ سمیت دیگر کوکر حراست میں لے کر مختلف پولیس تھانوں میں روانہ کردیا۔
  اس دوران پہلوانوں نے پولیس پرطاقت کا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے،جس کے کچھ ویڈیو اور تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں،ایک ویڈیو میں حفاظتی دستہ ونیش پھوگاٹ اور سنگیتا پھوگاٹ کو گھسیٹ رہے ہیں،اس وقت ان دونوں بہنوں نےاپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھا تھا۔وہیں ساکشی ملک کو بھی ایک تصویر میں حفاظتی دستہ گھسیٹتے ہوئے ہوئے نظر آرہےہیں۔
 ادھر دہلی پولیس نے پہلوان ساکشی ملک پر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔
 تاہم پہلوانوں کو حراست میں لینے کے بعد جنترمنتر پر مکمل طور پر پولیس کا قبضہ ہو چکا ہے،  پہلوانوں کی جائے مظاہرہ پر نصب خیمے اکھاڑ لیے گئے ہیں، بڑے بڑے کولر،کھانے پینے کی اشیاء،چارپائیاں اور گدوں کے علاوہ دیگر ساز و سامان ضبط کرلیاگیاہے۔اس موقع پر پہلوانوں نےپرامن مارچ نکالنے کو اپنا جمہوری حق بتایا اور دہلی پولیس پر ملک دشمن ہونے کا الزام بھی لگایا۔  
 پہلوان بجرنگ پونیا نے کہاکہ ہم جمہوری طریقہ سے پر امن مظاہر ہ کررہے تھے،ہمارے ساتھ ایساسلوک کیا گیا جیسے کہ ہم مجرم ہیں، انہوں نے نم آنکھوں سے دہلی پولیس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گولی ماردو۔ پہلوان ساکشی ملک نے کہا کہ ہم پرامن مارچ کر رہے تھے،لیکن ہمیں زبرستی گھسیٹا اور حراست میں لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جہاں آج نئے پارلیمنٹ کا افتتاح ہورہا ہے تو وہیں پرامن مظاہرین کو گرفتار کرکے جمہوریت کا قتل ہورہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK