Inquilab Logo

ایچ ایس سی کانتیجہ ۹۴ء۲۲؍فیصد رہا، کوکن ڈویژن سرفہرست

Updated: June 09, 2022, 10:10 AM IST | Mumbai

ممبئی ڈویژن سب سے پیچھے،لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں کی کارکردگی اس مرتبہ بھی بہتر رہی،ورشا گائیکواڈ نےطلبہ،والدین اور اساتدہ کو مبارکباد پیش کی

HSC students happy to see online results (PTI)
ایچ ایس سی کی طالبات آن لائن ریزلٹ دیکھ کر خوشی کا اظہار کررہی ہیں(پی ٹی آئی)

مہاراشٹراسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری ایجوکیشن (ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) پونے کے زیر اہتمام مارچ ۲۰۲۲ءمیں ہونےوالے ایچ ایس سی کےامتحان کے نتائج بدھ ۸؍جون کو جاری کردیئے۔ ریاستی سطح پر بارہویں جماعت میں کامیاب ہونےوالے طلبہ کانتیجہ ۹۴ء۲۲؍ فیصد رہا۔ ۹؍ڈویژن میں ۹۷ء۲۱؍فیصد کے ساتھ کوکن ٹاپ پوزیشن پررہاجبکہ ۹۰ء۹۱؍ فیصدسےممبئی ڈویژن کی آخری پوزیشن رہی۔ایک مرتبہ پھر لڑکوںکے مقابلے لڑکیوںکی کارکردگی بہتررہی۔ وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نےپاس ہونے والے طلبہ، ان کےسرپرستوںاور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔واضح رہےکہ ایچ ایس سی امتحان ۲۰۲۲ء کا انعقاد آف لائن کیاگیاتھا۔ امتحان۴؍مارچ تا ۷؍ اپریل ۲۰۲۲ء منعقد کیا گیا تھا۔آرٹس، سائنس اور کامرس فیکلٹی کے۱۴؍لاکھ ۸۵؍ہزار ۱۹۱؍ طلبہ نے فارم پُرکئےتھے جن میں سے۱۴؍لاکھ ۳۹؍ ہزار ۷۳۱؍طلبہ نے امتحان دیاتھا۔ جن میں ۸؍لاکھ ۱۷؍ ہزار۱۸۸؍ لڑکے اور ۶؍لاکھ ۶۸؍ہزار ۳؍لڑکیاں تھیں۔ مجموعی طورپر ۱۳؍ لاکھ ۵۶؍ہزار ۶۰۴؍ طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ ۹۵ء۳۵؍ فیصد لڑکیاں اور ۹۳ء۲۹؍فیصد لڑکے پاس ہوئے ہیں۔یہاں یہ بتانا ضروری ہےکہ گزشتہ سال کےمقابلے امسال ایچ ایس سی پاس ہونےوالے طلبہ کی شرح میں کافی کمی آئی ہے۔امسال ریاستی سطح پر ۹۴ء۲۲؍فیصد نتیجہ آیاہے جبکہ گزشتہ سال ۹۹ء۶۳؍فیصد نتیجہ آیاتھا۔   
 ایچ ایس سی رزلٹ۲۰۲۲ء کی لنک پر بدھ ۸؍ جون کو دوپہرایک بجے رزلٹ جاری کئےگئے۔ طلبہ کو صلاح دی گئی تھی کہ وہ رزلٹ دیکھتےوقت اپنے ہال ٹکٹ ہاتھ میں رکھیں تاکہ تکنیکی دشواری سے رزلٹ دیکھنےمیں کسی طرح کی دقت آئے تو ہال ٹکٹ سے اپنا سیٹ نمبر وغیرہ دیکھ سکتےہیں۔ 
 ایچ ایس سی نتائج کے ضمن میں ڈویژن کے اعتبار سے۹۷ء۲۱؍فیصدکے ساتھ کوکن کی پوزیشن ٹا پ رہی۔کوکن کےبعد ناگپور، امرائوتی اور لاتور کا نتیجہ بالترتیب ۹۶ء۵۲؍ فیصد، ۹۶ء۳۴؍ فیصد اور ۹۵ء۲۵؍فیصد رہا۔ ان ڈویژن کےبعد ناسک، اورنگ آباد، پونے اور ممبئی  ڈویژن کے نتائج بالترتیب ۹۵ء۰۳؍ فیصد، ۹۴ء۹۷؍فیصد ، ۹۳ء۶۱؍فیصد اور ۹۰ء۹۱؍ فیصد رہی۔ممبئی سے تقریباً۳ ؍لاکھ طلبہ ایچ ایس سی امتحان میں شریک ہوئے تھے۔ جن میں سب سے  زیادہ سائنس فیکلٹی کے۹۸ء۳۰؍ فیصدطلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ بعدازیں کامرس اور آرٹس فیکلٹی کے طلبہ کی کامیابی بالترتیب ۹۱ء۷۱؍ فیصد اور ۹۰ء۵؍ فیصدرہی۔ اسی طرح ایچ ایس سی ووکیشنل کانتیجہ ۹۲ء۴۰؍فیصد رہا۔  ایچ ایس سی کےنتائج سے متعلق ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ نے ٹوئٹر پر طلبہ کو ایچ ایس سی رزلٹ جاری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ساتھ ہی کامیاب ہونے والے طلبہ، ان کے سرپرست اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔ ریاستی سطح پر ۹۴ء۲۲؍ فیصد نتیجہ آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔  

HSC Result Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK