Inquilab Logo

ووٹرلسٹ میں نام درج ہونے ہی پر ووٹنگ کا حق حاصل ہوگا

Updated: April 25, 2024, 9:08 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وہاٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ایسا پیغام وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ اگر آپ کو نام موجودہ ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہے تب بھی آپ اپنے آدھار اور ووٹر آئی ڈی کے ذریعے ووٹنگ کر سکتے ہیں

A queue of voters can be seen outside a polling booth.File photo
ایک پولنگ بوتھ کے باہر ووٹروں کی قطار دیکھی جاسکتی ہے ۔فائل فوٹو

 وہاٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا  پلیٹ فارم پر ایک ایسا پیغام وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ اگر آپ کو نام موجودہ ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہے تب بھی آپ اپنے آدھار اور ووٹر آئی ڈی کے ذریعے ووٹنگ کر سکتے ہیں۔ اس ہینڈ بل میں ٹینڈر ووٹ  کے بارے میں بھی بتایاگیا  ہے کہ اگر کوئی اور آپ کا ووٹ دے دے ہوتو آپ ٹینڈر ووٹ دے سکتے ہیں۔
  اس تعلق سے جب الیکشن افسران سے استفسار کیاگیا تو انہوںنے بتایاکہ جس شہری کا موجودہ ووٹر لسٹ میں نام ہوگا و ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکتا ہے۔ البتہ اگر اس کے نام پر کسی اور نے ووٹنگ کی ہوگی تو  وہ  متعلقہ فارم پُر کر کے اور ۲؍ شناختی ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنا ووٹ  دے سکتا ہے۔
  اس  ہینڈ بل پر ایم ڈبلیو انصاری( آئی پی ایس)  سبکدوش ڈی جی پی کی تصویر ہے اور بے نظیر انصارایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی (بھوپال) کی جانب سے تقسیم کیاگیا ہے۔ہینڈ بل پر  ’اہم اور ضروری معلومات ‘ کے تحت ہندی اور اردو میں درج ذیل معلومات درج ہے :
 جب آپ پولنگ بوتھ پر پہنچیں اور دیکھیں کہ آپ کا نام ووٹرلسٹ میں نہیں ہے، تو  اپنا آدھار کارڈ یا ووٹر آئی ڈی کارڈ دکھائیں اور دفعہ ۴۹؍ اے کے تحت ’’چیلنج ووٹ‘ ‘ مانگیں اور اپنا ووٹ ڈالیں۔اس ہینڈ بل پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کو معلوم ہو کہ کسی نے پہلے ہی آپ کا ووٹ ڈال دیا ہے تو ’’ ٹینڈ رووٹ‘‘کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالیں۔ اگر کسی پولنگ بوتھ میں۱۴؍ فیصد سے زیادہ ٹینڈ رووٹ ملے تو ایسے پولنگ بوتھ میںدوبارہ ووٹنگ کرائی جائے گی۔  ہینڈ بل میں یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ براہ مہربانی اس اہم پیغام کو زیادہ سے زیادہ گروپس اور دوستوں کے ساتھ شیئر کریں کیونکہ سب کو اس کے بارے میں معلوم ہونا چاہئے۔
کسی اور نے آپ ووٹ ڈال دیا تو آپ ٹینڈر ووٹنگ کر سکتے ہو
   ٹینڈر ووٹنگ کی معلومات حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی ہیلپ لائن ۱۹۵۰؍ پر نمائندۂ  انقلاب نے رابطہ قائم کیا اور اس بارے میں متعلق استفسار کیا تو ہیلپ لائن پر موجود اہلکار بھی اس بارے میں لا علم تھا، البتہ اس نے اس کے سینئر افسر سے بات کروائی جس نے  ٹینڈرڈ ووٹ کے بارے میں بتایا کہ آپ کی جگہ اگر کسی اور نے ووٹنگ کر دی ہو تو آپ پولنگ بوتھ کے پریسائڈنگ آفیسر (پی او) سے شکایت کر سکتےہیں جس کے بعد وہ  آپ کی شناخت اور آپ کا دعویٰ چیک کرے گا۔ وہ کچھ کاغذات بھی طلب کر سکتا ہے۔  آپ کے دعوے سے مطمئن ہونے کےبعد وہ آپ کو ایک فارم پُر کرنے کیلئے دے گا اور ا س کےساتھ ایک بیلٹ پیپر دے گا جس پر آپ کے حلقہ انتخاب کے تمام امیدواروں کے نام اور نوٹا درج ہوگا ۔  آپ  اس بیلٹ پیپر پر اپنا ووٹ دے سکتے ہو ۔  پریسائڈنگ آفیسر اس بیلٹ پیپر کو ایک لفافہ میں مہربند کر کے باکس میں ڈال دے گااور گنتی کے وقت اسے سبھی پولنگ ایجنٹس حضرات کے سامنے کھولا جائے گا۔‘‘
 سابق چیف الیکٹورل آفیسر شری کانت دیشپانڈے نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
  ہیلپ لائن کے افسر نے مزید بتایاکہ جہاں تک اس بوتھ میں دوبارہ پولنگ کروانے کا معاملہ تو اس کا فیصلہ بھی پریسائڈنگ آفیسر ہی کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK