Inquilab Logo

حاجی علی درگاہ کیلئے سب وے کو عقید تمندوں کیلئے کھول دیا گیا

Updated: February 21, 2023, 11:31 PM IST | saeed Ahmed | Mumbai

کنارہ مسجد کے قریب ۲؍سب وے بنائے گئے ہیں جوکوسٹل روڈ کا بھی حصہ ہیں۔یہاںاوپر سے گاڑیاں گزریں گی ۔ دوسرے سب وے کا کام جاری

One of the subways built on the way to Haji Ali Dargah can be seen passing through one of the subways.
حاجی علی درگاہ جانے والے راستے پر بنائے گئے سب وے میں سے ایک سب وے سے عقیدتمندوں کو گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔(تصویر: انقلاب)

حاجی علی درگاہ کے راستے پر بنائے گئے ۱۱۰؍میٹر طویل سب وے کو عقیدتمندوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔  کنارہ مسجد کے قریب ۲؍سب وے بنائے گئے ہیں جو کوسٹل روڈ کا بھی حصہ ہیں۔یہاںاوپر سے گاڑیوں کی آمدورفت ہوگی اورنیچے سے عقیدت مند اورزائرین حضرت حاجی علی ؒ کے آستانے پر پہنچیں گے۔ اس کی بنیاد اکتوبر ۲۰۲۰ء میں رکھی گئی تھی ۔ دوسرے سب وے کارنگ روغن جاری ہے ،اسے بعد میںکھولا جائے گا۔ ان ۲؍ سب وے میںسے عقیدتمند ایک سےجائیں گے  اور دوسرے سے  واپس آئیں گے تاکہ بھیڑبھاڑ زیادہ ہونے کااندیشہ نہ رہے۔
 اس تعلق سے حاجی علی درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے ایگزیکٹیو  آفیسر محمداحمدطاہرنے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ’’ کوسٹل روڈ بنانے کے حکومت کے پروجیکٹ کے وقت اس کا منصوبہ بنایا گیا تھا ا ور حکومت کی جانب سے ایک ہی سب وے جسے اصل میںپیڈسٹرین انڈرپاس (پی یو پی ) کہا جاتا ہے ،  بنانے کا فیصلہ کیا گیا توٹرسٹیان نےمطالبہ کیا تھاکہ ایک نہیںبلکہ ۲؍ بنائے جائیںتاکہ عقیدت مندوں کی آسانی کے ساتھ آمدورفت ہوسکے ،چنانچہ وہ مطالبہ منظور کرلیا گیا۔ یہ ۱۱۰؍ میٹر لمبا، ساڑھے ۵؍میٹر چوڑا اورساڑھے ۳؍  میٹر اونچا ہے جس سےایمبولینس اورفائربریگیڈ وغیرہ ایمرجنسی حالات میںآسانی سے گزرسکتی ہے ۔اس کے ساتھ ہی ہائی ٹائیڈ کے دوران اوربار ش میںبھی اس سے عقیدت مندوں کو سہولت ہوگی ۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’اسے کوسٹل روڈ کے پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پرلارسن اینڈ ٹوبرو کمپنی نے تعمیر کیا ہے اور اسے پیر ۲۰؍فروری کو حاجی علی درگاہ کے ٹرسٹیان ، تاڑدیو پولیس کے سینئر انسپکٹر اوردیگرافسران کی موجودگی میںحاجی علی درگاہ انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ۔ اس موقع پر درگاہ کے اندر والی مسجدکے خطیب وامام نےدعا کروائی ا وراس کے بعد باضابطہ اس کا آغازعمل میںآیا۔اس کے ذریعے عقیدت مندوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔‘‘
 حاجی علی درگاہ ٹرسٹ کے ایگزیکٹیوآفیسر کے مطابق ’’۱۱۰؍میٹر لمبے سب وے کے بعد جہاں راستے میںکارنر پر دکانیںوغیرہ لگتی ہیں،وہاںسے درگاہ تک پہلے کی طرح کھلا راستہ رہے گا ،اس سے ہوکر لوگ درگاہ شریف تک پہنچیں  گے۔ یہ کوسٹل روڈ پروجیکٹ -ایک کا حصہ ہے۔اس کی تعمیر اس انداز میں کی گئی ہے کہ جب کوسٹل روڈ کی تعمیر کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت ہوگی توبغیرکسی رکاوٹ کے نیچے سے زائرین اورعقید ت مندوں کی آمدورفت جاری رہے گی۔اہم اوقات ، بڑی رات یا کسی اورخاص موقع پریہاں رضاکار بھی تعینات کئےجائیںگے ۔ اس کے علاوہ روشنی کا ایسا انتظام کیا گیاہے کہ آنے جانے میںکوئی پریشانی نہ ہو۔ ‘‘  انہوں نے مزیدبتایاکہ ’’ منگل کو عقیدت مندوں کے استعمال کا پہلا دن تھا ، جلد ہی دوسرا سب وے بھی شروع ہوگا۔اس سے بہترطریقے سےاوربغیر کسی رکاوٹ کے آمدورفت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ بھی نگرانی کی جائے گی کہ کوئی گندگی نہ کرنےپائے کیونکہ ایسی جگہوں پرعموماً  لوگ گندگی زیادہ کرتے ہیں ۔اس کےعلاوہ اس حصے کو بھی سی سی ٹی وی کیمروں  سے نگرانی کےلئے مربوط کیا جائے گا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK