ہائی کورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھا۔ جین منی نے دھمکی دی کہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ضرورت پڑنے پر ہم ہتھیار بھی اٹھائیں گے اور عدالت بھی جائیں گے۔ ۱۳؍اگست سے بے مدت ہڑتال کا بھی اعلان کیا
EPAPER
Updated: August 12, 2025, 8:24 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ہائی کورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھا۔ جین منی نے دھمکی دی کہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ضرورت پڑنے پر ہم ہتھیار بھی اٹھائیں گے اور عدالت بھی جائیں گے۔ ۱۳؍اگست سے بے مدت ہڑتال کا بھی اعلان کیا
کبوترخانوں او ر کبوتروں کو دانہ ڈالنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو برقرار رکھا اوراس معاملے میں مداخلت نہ کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ۔اس معاملے میں جین منی نے دھمکی دی ہے کہ اگر کبوتروں کو دانہ ڈالنےکا مسئلہ ہمارے مذہبی جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے حل نہیں کیا گیا ہے تو ہم ضرورت پڑنے پرنہ صرف ہتھیار اٹھائیں گے بلکہ کورٹ بھی جائیں گے ۔دریں اثناء عدالت عالیہ اورعدالت عظمیٰ کی جاری کردہ ہدایات کے باوجود شہر اور مضافات میں جہاں کبوترخانوں پر اب بھی دانہ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں جین منی نے مسئلہ کا مناسب حل نہ نکالنے کے خلاف ۱۳؍ اگست سے بے مدت بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
کبوتر خانوں کو بند کرنے اور کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر عائد کردہ پابندیوں کے خلاف جب جین سماج سے وابستہ چند افراد اور جانوروں کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے ممبران نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تو انہیں اس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب عدالت عظمیٰ نے دادر کبوتر خانہ پر ہونے والے پر تشدد احتجاج پر برہمی کا اظہار کیا ۔ سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس وجے بشنوئی نے کبوتر خانوں کو بند کرنے اور کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر بامبے ہائی کورٹ کے ذریعہ عائد کی گئی پابندی کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے اور اسے برقرار رکھنے کا فرمان جاری کیا ساتھ ہی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ دادر کبوتر خانہ پر جن لوگو ںنے پر تشدد احتجاج کیا ہے اور قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہنگامہ کیا ہےنیزکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، ان پر مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونے کے تحت کیس درج کیا جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے ۔‘‘
سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ نے عرضداشت گزاروں سےدوبارہ بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے اور کبوتروں کو دانہ نہ ڈالنے اور کبوتر خانوں پر عائد پابندی کے سلسلہ میں ترمیمات کی اپیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ دادر کبوتر خانہ پر ہونے والے ہنگامہ پر کہا کہ ’’ کبوتروں کو دانہ ڈالنے سے عوامی صحت پر مضراثر ہونے کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اس لئے جو لوگ پابندی کے باوجود کبوتروں کو دانہ ڈال رہے ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔‘‘
دریں اثناء جین اور گجراتی سماج کے لوگ عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی نہ صرف خلاف ورزی کررہے ہیں بلکہ شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج اور کبوتروں کو دانہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔
جین منی ساگے نیلیش چندرا وجے نے یہ انتباہ دیا ہے کہ اگر ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی اور ان کی مذہبی عقیدت کے مطابق مسئلہ کو حل نہیں کیا گیا تو وہ ضرورت پڑنے پر ہتھیار بھی اٹھا سکتے ہیں اور عدالت بھی جاسکتے ہیں ۔ یہی نہیں انہوں نے اس مسئلہ کو حل نہ کرنے کے خلاف ۱۳؍ اگست کو شہری اور ریاستی سطح پر بے مدت بھوک ہڑتال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
بی ایم سی نے دادر کبوتر خانہ پرہونے والے پر تشدد احتجاج کے بعد کبوتروں کو دانہ ڈالنے سے روکنے کے لئے مسلح فورس بھی تعینات کر دی ہے ۔