Inquilab Logo

چین میں کورونا کی خوفناک لہر، معمر افراد کی زندگی خطرے میں

Updated: January 10, 2023, 3:40 PM IST | Beijing

نو کروڑ۹۴؍ لاکھ کی آبادی والے صوبے ہینان کے تقریباً۸؍ کروڑ۸۵؍لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر

A patient under treatment in a hospital in China. (AP/PTI)
چین کے ایک اسپتال میں زیر علا ج مریض ۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

 جہاں ایک طرف چین میں کورونا پابندیاں ختم ہوگئی ہیں ، وہیں دوسری طرف معمر افراد کی زندگی خطرے میں ہے۔   اسی دوران  چین کے تیسرے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے میں تقریباً۹۰؍ فیصد  افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ملک کورونا میں غیر معمولی اضافے کی خوفناک لہر کا سامنا کررہا ہے۔  وسطی صوبے ہینان کے ہیلتھ کمیشن کے ڈائریکٹر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا  کہ ۶؍  جنوری ۲۰۲۳ء   تک صوبے میں کو رونا مریضوں  کی شرح ۸۹؍ فیصد پہنچ گئی ہے۔اعداد و شمارکے مطابق۹؍ کروڑ۹۴؍  لاکھ کی آبادی والے صوبے ہینان   میں تقریباً۸؍کروڑ ۸۵؍ لاکھ  افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی  بتایا کہ۱۹؍  دسمبر کو بخار کے کلینک کا دورہ کرنے والے شہریوں کی تعداد  سب سے زیادہ تھی جبکہ اس کے بعد سے اس میں مسلسل کمی  ہورہی ہے۔  ادھر کورونا مریضوں میں  کمی کے باوجود اب  بھی معمر افراد کی زندگی محفوظ نہیں ہے۔ اسپتالوں میں  ایک بڑی تعداد میں  معمر افرا د زیر علا ج ہیں۔
 چین گزشتہ مہینے لاک ڈاؤن، قرنطینہ اور بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ ختم کرنے کے اپنے فیصلے کے بعد کیسز میں اضافے کی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ کووڈ پابندیوں نے اس کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا  اور ملک بھر میں غیر معمولی مظاہرے ہوئے ۔ چین نے گزشتہ روز۳؍ سال کے طویل عرصے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ کی پابندیوں کو ختم کردیا جبکہ نیم خود مختار  ہانگ کانگ میں سفری پابندیوں میں نرمی کردی  ہے اور سرحد کو کھول  دیاہے۔رواں ماہ کے آخر میں ملک میں نئے سال قمری کے جشن کی تقریبات کے بعدکورونا مریضوں میں اضافہ کے خدشات ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہانگ کانگ میں تقریباً ۴؍ لاکھ۱۰؍ ہزار افراد نے اگلے دو ماہ میں چین کا سفر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ چین سے تقریباً۷؍ ہزار افراد ہانک کانگ کا سفر کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK