Inquilab Logo

آج سے’حضرت محمدؐ سب کیلئے ‘ ۱۲؍روزہ مہم کا آغاز

Updated: September 16, 2023, 9:12 AM IST | saadat khan | Mumbai

مہم کےدوران برادران وطن کو آپ ؐ کی تعلیمات سے آگاہ کرنے کیلئےمتعدد قسم کی دینی، سماجی ، تعلیمی اور طبی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی

In the press conference, the reporters are being told about the campaign "For All Prophets".
پریس کانفرنس میں ’’حضورؐسب کیلئے ‘‘ مہم کے تعلق سے نامہ نگاروں کو بتایا جا رہا ہے۔

اسلامی تعلیمات اور حضورؐ کی شخصیت مبارکہ اور آپؐ کے اوصاف سے برادران وطن کو آگاہ کرانے کیلئے ممبئی کی متعدد ملّی ، سماجی ، تعلیمی اورطبی اداروںکی مشترکہ تنظیم نے گزشتہ سال ’’حضورؐ سب کیلئے ‘‘ مہم چلائی تھی ۔ اس مہم  سے مسلمانوں اور برادران وطن کی دوریاں کم اور باہمی تعلقات استوار کرنے میں کافی مددملی تھی ۔ اسی سلسلہ کی دوسری قسط کا سنیچر ۱۶؍ ستمبر سے آغاز کیا جا رہا ہے ۔۱۲؍ روزہ مہم کے دوران متعدد قسم کی دینی ، سماجی ، تعلیمی ، طبی اور دیگر سرگرمیاں انجام دیئے جانےکا اعلان کیا گیا ہے ۔
۱۰؍روزہ پروگرام اس طرح ہیں
 اس تعلق سےسی ایس ایم ٹی کے پریس کلب میں جمعہ کو ہونے والی پریس کانفرنس میں مشترکہ تنظیم کے اراکین نے مہم کی تفصیلات بیان کیں ۔ اس کے مطابق سنیچر ۱۶؍ ستمبر کو اسکولوں اور کالجوں میں اسلامی تعلیمات اور حضورؐ کی جانب سے دی گئی نصیحتوں پر مبنی پمفلٹ اور پلے کارڈز وغیرہ تقسیم کئے جائیں گے ۔ اسی سلسلہ کی دوسری کڑی کے طور پر پیر ۱۸؍ ستمبر کو اسکولی طلبہ کی ریلی نکالی جائے گی ۔ جس میں ’حضورؐکی ذات مبارکہ سب کیلئے‘ کا پیغام پہنچایا جائے گا ۔ بدھ ۲۰؍ ستمبر کو اسلام جمخانہ میں ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی  جس میں غیر مسلم اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین مدعو ہوں گے  جنہیں حضورؐ کی ہمہ جہت شخصیت اور عالم انسانیت کیلئے آپؐ کے پیغام پر تفصیلی گفتگو ہوگی ۔ جمعرات ۲۱؍ ستمبر کو برادران وطن کے صحافیوں اور میڈیا ہائوس کے نمائندوں کو اسی مقصد کے تحت اسلام جمخانہ میں مدعو کیا گیا ہے ۔ ۲۲؍ اور۲۴؍ ستمبر کو ماہم درگاہ پر اسلامک آرٹس، خطاطی اور پوسٹر کی نمائش کا انعقاد کیاجائے گا۔ سنیچر ۲۳؍ ستمبر کو میرا روڈ میں برادران وطن کے شاعروں کے ذریعے نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا جائے گا ۔
 اس مہم کے تحت منگل ۲۶؍ ستمبر کو برادران وطن کے کاروبار یوں اور کمیونٹی لیڈران سے ملاقات رکھی گئی ہے ۔ جمعرات ۲۸؍ ستمبر کو شہر و مضافات کی مساجد سے غریبوں اور مستحقین کو تحائف تقسیم کئے جائیںگے ۔ جمعہ ۲۹؍ ستمبر کو برادران وطن سے ملاقات اور ان کے ساتھ ضیافت کا پروگرام رکھا گیا ہے۔ اسی روز عیدمیلاد النبیؐ کاجلوس نکالا جائے گا  جس میں برادران وطن سے بھی شریک ہونےکی درخواست کی جائے گی ۔ ان پروگراموں کے علاوہ برادران وطن کے اساتذہ سےبات چیت اور ان کے ساتھ جامع مسجد،مینارہ مسجداور جامع مسجد (باندرہ) کادورہ کرنےکا  بھی منصوبہ ہے۔
موجودہ حالات میں اس طرح کی مہم کی ضرورت
 سابق رکن اسمبلی ، اسلام جمخانہ کے صدر اور مذکورہ مہم کے سربراہ ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ان دنوں ملک میں فرقہ پرستی اور نفرت کاجوماحول پیدا کیا جا رہاہے  وہ اقلیتوںکیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ ایسے میں سیکولر ذہنیت کے حامل برادران وطن کو ساتھ لے کر حالات کامقابلہ کرنا ہے ۔ اسی مقصد کےتحت گزشتہ سال یہ مہم شروع کی گئی تھی  جس میں بڑی کامیابی ملی تھی۔ اسی تجربہ کی بنیاد پر امسال بھی عیدمیلاالنبیؐ کے موقع پر ’’ حضورؐسب کیلئے ‘‘ ۱۰؍ روزہ مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران متعدد قسم کی دینی، سماجی، تعلیمی ، طبی اور دیگر سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جس سے غریب اور مستحقین کوفائدہ پہنچے گا۔ ساتھ ہی برادران وطن سے بھائی چارہ اورمیل محبت کا ماحول ہموار کرنےمیں آسانی ہوگی ۔‘‘
  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ غریب اور پریشان حال مریضوں کے علاج کیلئے عیدمیلاالنبی ؐکے دن ایک خاص مہم چلائی جائے گی جس کےذریعے شہر ومضافات کے ۱۰۰؍سےزیادہ ڈاکٹر مریضوں کا مفت علاج کریںگے۔‘‘ پریس کانفرنس میں مذکورہ مہم کی کور کمیٹی کے اراکین سعید خان،عامر ادریسی،مولانا برہان الدین قاسمی ، مولانا اعجاز کشمیری،پرنسپل زیبا ملک، فاروق سید،نظام الدین راعین، فرید خان ، پروفیسر قاسم امام اور عابد احمد نے بھی خطاب کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK