• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اعظم خان کیخلاف کارروائی میں عجلت بی جے پی کو بھاری پڑگئی

Updated: November 05, 2022, 12:44 PM IST | Jeelani Khan Aleg | Lucknow

تنقیدوں کے بعد وکرم سینی کی بطور ممبراسمبلی رکنیت کو بھی خارج قرار دینا پڑا،پارلیمانی امور کے وزیر نے صفائی دی

Samajwadi Party leader Azam Khan .Picture:INN
سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان ۔ تصویر:آئی این این

سماجوادی لیڈر اعظم خان کو اشتعال انگیز تقریر معاملے میں سزا ہوتےہی ان کی اسمبلی رکنیت ختم کردینے والی ریاستی حکومت اب کٹہرے میں ہے۔اس پر بی جے پی ممبر اسمبلی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان الگ الگ رویہ اپنانےکاالزام لگ رہا ہے کیونکہ اعظم خان سے ہفتوںقبل وکرم سینی کو بھی کورٹ سےسزا سنائی گئی تھی ، مگر آج تک ان کی رکنیت منسوخ نہیں کی گئی ہے۔  اب جبکہ آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری نے اسمبلی اسپیکرکےدہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے انہیں مکتوب بھیج کر کارروائی کی مانگ کی تو بیک فٹ پر آئی حکومت کے اہم چہرہ پارلیمانی ا مور کے وزیر صفائی دےرہےہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جس دن سینی کو سزا سنائی گئی تھی اسی روزسےان کی رکنیت بھی منسوخ مانی جائےگی۔حالانکہ، وہ یہ دلیل بھی دیتے ہیں کہ اسمبلی کے سیکریٹریٹ کو ابھی بھی عدالتی حکم کی کاپی نہیں ملی ہے، اس لئے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کرنے کا کوئی آرڈرجاری نہیں ہوسکا ہے۔ادھر، سینی کا کہنا ہے کہ ان کی ممبرشپ ختم کردی گئی ہے ،اس تعلق سے انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے،اس لئے وہ خود کو موجودہ اسمبلی کا رکن ہی مانتے ہیں۔تاہم، جینت چودھری نے تازہ  ڈیولپمنٹ پر اظہار خوشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان کے وقارکیلئے کارروائی ضروری ہے۔
 سماجوادی پارٹی کےقد آور لیڈراور رامپور اسمبلی حلقہ کی برسوں نمائندگی کرنےوالےاعظم خان اب ممبراسمبلی نہیں رہے،کیونکہ گزشتہ دنوں خصوصی ایم پی۔ ایم ایل اےکورٹ نے انہیں۳؍سال کی قید و جرمانہ کی سزاسنائی تھی۔سزا سنائے جانے کے دوسرے دن ہی اسمبلی اسپیکر کی ہدایت پر سکریٹریٹ سےان کی رکنیت کی منسوخی کا حکم جاری کردیا گیا تھا۔ ساتھ ہی،الیکشن کمیشن نے رامپور سیٹ کو خالی قرار دے دیاتھا۔مگر، ان سے کئی ہفتہ قبل مظفر نگرضلع کے کھتولی اسمبلی حلقہ سے ممبرا سمبلی بی جے پی لیڈر وکرم سینی کی رکنیت ختم کرنے کے تعلق سے اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا،سیکریٹریٹ اور حکومت سبھی خاموشی رہے۔ اس مسئلہ کواٹھاتے ہوئے جب راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر جینت چودھری نےمہانا ،یوگی حکومت اور بی جے پی کو گھیرا تو اب صفائی پیش کرنے وزیرپارلیمانی امور سریش کھنہ سامنے آئے ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ سینی کی رکنیت بھی اسی روز سے ختم مانی جائےگی جس دن انہیں سزا سنائی گئی تھی۔ابھی تک اسمبلی سیکریٹریٹ کی خاموشی پر انہوں نے وضاحت پیش کی کہ عدالت کے حکم کی کاپی موصول نہیں ہوئی ہے،اس لئے اسپیکر اور سکریٹریٹ کی جانب سے رکنیت ختم کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK